ایم جان ہیریسن نے شاندار ٹرافی اور پچاس ہزار برطانوی پونڈ پر مشتمل بُکر پرائز ۲۰۲۶ء جیتا ہے۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 3:52 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai
ایم جان ہیریسن نے شاندار ٹرافی اور پچاس ہزار برطانوی پونڈ پر مشتمل بُکر پرائز ۲۰۲۶ء جیتا ہے۔
ناول ’’ دی اینڈ آف ایوری تھنگ‘‘ میں دنیا کے خاتمے کی کہانی ہے لیکن یہ آج کے سیاسی، سماجی اور ٹیکنالوجی سے جڑے بحرانوں کی جھلکیاں بھی پیش کرتا ہے۔ گزشتہ دنوں برطانوی مصنف ایم جان ہیریسن نے ۸۱؍ برس کی عمر میں بکر پرائز جیت کر تاریخ رقم کی۔ ان کا ناول ’’دی اینڈ آف ایوری تھنگ‘‘ اس سال کے بکر پرائز کا فاتح قرار پایا۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ محض قیامت کے بعد کی دنیا کا تصور پیش نہیں کرتا بلکہ یہ سوال بھی اٹھاتا ہے کہ اگر دنیا کے بارے میں ہماری تمام معلومات، وضاحتیں اور یقین اچانک بے معنی ہوجائیں تو انسان زندگی کیسے گزارے گا؟ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ اس بار بکر پرائز ایک ایسے مصنف کے حصے میں آیا ہے جن کا تعلق سائنس فکشن کی دنیا سے ہے اور وہ سائنس فکشن میں بکر پرائز جیتنے والے پہلے ادیب ہیں۔ جانئے اس کتاب کے متعلق ۱۰؍ دلچسپ باتیں:
(۱) دنیا ختم ہوچکی ہے، لیکن کسی کو معلوم نہیں کہ کیسے!
ناول کا پس منظر مستقبل کا انگلینڈ ہے، جہاں ایک پراسرار تباہی کے بعد معاشرہ تقریباً بکھر چکا ہے۔ حکومتی نظام کمزور پڑچکا ہے، یورپ جیسے خطے کی شناخت دھندلا گئی ہے، معمولات ِ زندگی بدل چکے ہیں۔ سب سے حیران کن یہ ہے کہ کسی کو ٹھیک سے معلوم نہیں کہ یہ تباہی کیوں آئی۔ لوگ اس کے اثرات کے درمیان جی رہے ہیں اور اس کی حقیقت سمجھنے سے قاصر ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’میرا تعلق کئی زبانوں سے ہے، جن میں سے ایک اردو بھی ہے، جس سے مجھے عشق ہے‘‘
(۲) مرکزی کردار ساحل سمندر سے چیزیں اُٹھا کر روزی کماتا ہے
ناول کا مرکزی کردار فلپ ٹیننٹ ایک بیچ کومبر ہے یعنی ایسا شخص جو سمندر کی لہروں کے ساتھ بہہ کر آنے والی چیزیں جمع کرتا ہے اور انہیںبیچ کر گزر بسر کرتا ہے۔ انگلینڈ کے ساحل پر اس کا یہ معمول تب بدل جاتا ہے جب اسے سمندر سے ایک ایسی عجیب و غریب شے ملتی ہے جسے وہ اپنے پاس نہیں رکھ سکتا۔ اسے لے کر اندرونِ ملک جانا اس کی مجبوری بن جاتا ہے۔
(۳) ناول میں پراسرار مخلوقات کو ’’آئی گیٹی‘‘ کہا گیا ہے
آئی گیٹی (iGhetti) نامی پراسرار مخلوقات اس ناول کا ایک انتہائی دلچسپ پہلو ہے۔ یہ اپنی شکل بدل سکتی ہیں، انسانی آواز اور رویوں کی نقل کرسکتی ہیں اور ان کی اصل حقیقت سمجھنا آسان نہیں۔ ان کے نام میں موجود انگریزی حرف ’’آئی‘‘ (i) ڈجیٹل دنیا کی طرف اشارہ کرتا ہے، لیکن مصنف نے جان بوجھ کر ان کی حقیقت پوری طرح واضح نہیں کی ہے۔ یہی غیر یقینی کیفیت ناول کو مزید پراسرار بناتی ہے۔
(۴) پستول رکھنے والی ضعیفہ بھی کہانی کا اہم کردار ہیں
فلپ کے ساتھ اس کی معمر آنٹی مارنی (Marnie) بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اپنے ساتھ پستول رکھنے والی مارنی عملی زندگی میں فنکارہ تھیں۔ معاشرتی انتشار کے بعد ان کا رویہ اور سفر کہانی میں غیر معمولی موڑ پیدا کرتا ہے۔ اُن کی بھولنے کی بیماری بھی ناول کے وسیع تر موضوع سے جڑتی ہے، جہاں کرداروں کیلئے ماضی، حال اور حقیقت کو سمجھنا مشکل ہوتا جاتا ہے۔
(۵) یہ تصورِ قیامت یا دنیا کے خاتمے کی کہانی نہیں ہے
عام طور پر دنیا کے خاتمے پر مبنی کہانیوں میں زندہ بچ جانے والے افراد، تباہ کن لڑائیاں، خطرناک مخلوقات اور بقا کی جنگ پیش کی جاتی ہے۔ لیکن ایم جان ہیریسن کا ناول اس روایتی انداز سے مختلف ہے۔ یہاں لوگ تباہی کے باوجود معمولات برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہیں۔ کہیں بچوں کی سالگرہ کی تقریب ہے تو کہیں ساحلی کیفے میں صبح کی کافی کا لطف لیا جارہا ہے۔ گویا دنیا بکھر رہی ہے، مگر لوگ ہیں کہ اپنی اپنی زندگیوں کو معمول کے مطابق چلانے کی اداکاری کررہے ہیں۔
(۶) اس کی کہانی میں آج کی دنیا کے مسائل کی جھلک ہے
یہ ناول مستقبل میں رونما ہونے والی تباہی کی کہانی ضرور ہے مگر اس کے موضوعات آج کے حالات سے مربوط ہیں۔ سیاسی انتشار، ماحولیاتی تباہی، انٹرنیٹ پر پھیلتی غلط معلومات، حقیقت اور افواہ میں فرق کا ختم ہونا اور اداروں پر اعتماد کی کمی جیسے مسائل اس کے بنیادی موضوعات میں شامل ہیں۔ مصنف یہ سوال اٹھاتا ہے کہ جب لوگوں کا دنیا کو سمجھنے کا پورا نظام ہی ناکام ہوجائے تو وہ کس طرح زندگی گزاریں گے۔
(۷) مصنوعی ذہانت اور بڑے لسانی ماڈلز کا احاطہ
ناول کی مستقبل کی دنیا میں مصنوعی ذہانت اور بڑے لسانی ماڈلز (Large Language Models یا LLMs) کے حوالے بھی ملتے ہیں۔ ناول صرف خلائی مخلوقات یا کسی نامعلوم تباہی کا تصور پیش نہیں کرتا بلکہ ڈجیٹل ٹیکنالوجی کے بڑھتے اثرات اور انسان کے معلوماتی نظام میں ہونے والی تبدیلی پر سوال اٹھاتا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ مصنف ٹیکنالوجی کے مستقبل کی پیش گوئی کرنے کے بجائے اس بات پر غور کرتا ہے یا قاری کو غور کرنے پر مجبور کرتا ہے کہ انسان خود اپنی بنائی ہوئی اشیاء کو سمجھنے کی صلاحیت کس حد تک برقرار رکھ پائے گا۔
(۸) مصنف ہر سوال کا جواب نہیں دیتا بلکہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے
آخر یہ تباہی کیوں آئی؟ آئی گیٹی مخلوقات کیا ہیں؟ وہ کہاں سے آئیں اور ان کا مقصد کیا ہے؟ ناول میں ہر سوال کا جواب نہیں ہے۔ مصنف شاید جان بوجھ کر کئی پہلو غیر واضح چھوڑ دیتا ہے تاکہ قاری بھی کرداروں کی طرح الجھن اور بے یقینی محسوس کرے۔ گویا، کہانی اپنے قاری کو محض واقعات کا تماشائی نہیں رہنے دیتی بلکہ اسے خود بھی معنی تلاش کرنے پر مجبور کرتی ہے۔
(۹) بکر پرائز کی مختصر ترین کتابوں میں شامل
صرف ۱۹۸؍ صفحات پر مشتمل ’’دی اینڈ آف ایوری تھنگ‘‘ اس سال بکر پرائز کی شارٹ لسٹ میں شامل چھ کتابوں میں سب سے مختصر ناول تھا۔ اس کے باوجود اس نے دیگر پانچ کتابوں کو پیچھے چھوڑکر انعام اپنے نام کرلیا۔ ناول کے مختصر اور فلمی انداز کے ابواب، غیر معمولی بیانیہ اور قاری کو دعوت فکر دینے والا اسلوب اسے دوسری کتابوں سے ممتاز کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: پانچ دس نہیں، اقبال ؔکی بہت سی نظمیں معرکۃ الآراء ہیں
(۱۰) ۸۱؍ برس کی عمر میں مصنف نے تاریخ رقم کردی
۸۱؍ سالہ ایم جان ہیریسن نے بکر پرائز جیت کر اس انعام کی تاریخ میں سب سے معمر فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کا ادبی سفر تقریباً ۶۰؍ برس پر محیط ہے۔ وہ اب تک ۱۳؍ ناول اور پانچ افسانوی مجموعے دُنیائے ادب کے حوالے کر چکے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ان کی پہلی بکر پرائز نامزدگی تھی اور پہلی ہی جست میں وہ فاتح قرار پائے۔ اس ناول کو ججوں نے متفقہ طور پر انعام کا حقدار پایا۔ اس کے ساتھ ہی ان کے ناشر سرپنٹز ٹیل (Serpent’s Tail) نے بھی پہلی مرتبہ بکر پرائز جیتا۔