تحقیق یہ بتاتی ہے کہ ان میں جذبات، ماضی کے تجربات، فوری تاثرات اور لاشعوری رجحانات سب شامل ہوتے ہیں۔
EPAPER
Updated: July 24, 2026, 4:19 PM IST | Dr. Ahmed Arooj Mudassir | Mumbai
تحقیق یہ بتاتی ہے کہ ان میں جذبات، ماضی کے تجربات، فوری تاثرات اور لاشعوری رجحانات سب شامل ہوتے ہیں۔
انسانی زندگی دراصل فیصلوں کا مجموعہ ہے۔ ہم ہر دن، ہر لمحہ، کسی نہ کسی سطح پر فیصلہ کر رہے ہوتے ہیں،کب بولنا ہے، کب خاموش رہنا ہے، کس پر اعتماد کرنا ہے، کس سے فاصلہ رکھنا ہے، کس راستے کو اختیار کرنا ہے اور کس سے بچنا ہے۔ بظاہر یہ سب معمولی باتیں لگتی ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ یہی چھوٹے چھوٹے فیصلے مل کر انسان کی پوری زندگی کا رخ متعین کرتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انسان کو اپنے فیصلوں پر اعتماد تو بہت ہوتا ہے، مگر وہ اس عمل کو کم ہی سمجھتا ہے جس کے ذریعے وہ فیصلے کرتا ہے۔ وہ نتیجہ دیکھتا ہے مگر عمل کو نہیں، جبکہ اصل اثر اسی پوشیدہ عمل میں ہوتا ہے۔
عام طور پر انسان یہ سمجھتا ہے کہ وہ اپنے فیصلے سوچ سمجھ کر کرتا ہے، مگر جدید نفسیات اس تصور کو چیلنج کرتی ہے۔ تحقیق یہ بتاتی ہے کہ انسانی فیصلے صرف عقل کا نتیجہ نہیں ہوتے بلکہ ان میں جذبات، ماضی کے تجربات، فوری تاثرات اور لاشعوری رجحانات سب شامل ہوتے ہیں۔ کئی فیصلے ایسے ہوتے ہیں جو انسان پہلے کر لیتا ہے اور ان کے لیے دلیل بعد میں تلاش کرتا ہے۔ گویا فیصلہ پہلے ہوتا ہے، جواز بعد میں بنتا ہے۔ یہی وہ نکتہ ہے جو انسانی فیصلہ سازی کو پیچیدہ اور دلچسپ بناتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: جی ہاں، توہم پرستی اکیسویں صدی میں بھی ہے
انسانی فیصلہ سازی کا پہلا مرحلہ ادراک (Perception) ہے۔ انسان کسی صورتحال کو دیکھتا ہے، مگر وہ اسے براہِ راست نہیں دیکھتا بلکہ اپنے ذہنی سانچوں کے ذریعے دیکھتا ہے۔ یہ سانچے اس کے ماضی، اس کی تربیت، اس کے ماحول اور اس کے اندرونی رجحانات سے بنتے ہیں۔ یہی ابتدائی ادراک اس کے فیصلے کی بنیاد رکھتا ہے۔ اگر یہی بنیاد کمزور ہو تو اوپر بننے والا فیصلہ بھی غیر مستحکم ہو جاتا ہے۔
اس کے بعد دوسرا مرحلہ تشریح (Interpretation) کا ہوتا ہے۔ انسان جو کچھ دیکھتا ہے، اسے معنی دیتا ہے۔ وہ طے کرتا ہے کہ یہ صورتحال فائدہ مند ہے یا نقصان دہ، محفوظ ہے یا خطرناک، قابلِ قبول ہے یا نہیں۔ یہی تشریح اس کے جذبات کو متحرک کرتی ہے، اور یہی جذبات اس کے اگلے قدم کو متعین کرتے ہیں۔ یہاں یہ سمجھنا ضروری ہے کہ انسان صرف سوچ کر فیصلہ نہیں کرتا بلکہ وہ محسوس کر کے بھی فیصلہ کرتا ہے۔ نفسیات میں اسے Affective Decision Making کہا جاتا ہے، جہاں جذبات فیصلہ سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر، اگر کسی شخص کو کسی کام سے پہلے برا تجربہ ہو چکا ہو تو وہ دوبارہ اس کام سے گریز کرے گا، چاہے حالات بدل چکے ہوں۔ اس کا فیصلہ حقیقت کے بجائے اس کے احساس پر مبنی ہوگا۔
فیصلہ سازی کا ایک اور اہم عنصر ماضی کا اثر ہے۔ انسان اپنے سابقہ تجربات کو اپنے حال پر لاگو کرتا ہے۔ اس کا ذہن ایک pattern بنا لیتا ہے اور پھر ہر نئی صورتحال کو اسی pattern کے مطابق دیکھتا ہے۔ اس عمل کو Pattern Recognition کہا جاتا ہے۔ یہ عمل بعض اوقات مددگار ہوتا ہے، مگر اکثر یہ انسان کو محدود کر دیتا ہے۔ وہ نئے امکانات کو نہیں دیکھ پاتا کیونکہ اس کا ذہن پرانے سانچوں میں بند ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بارش: کبھی اس پر بھی غور کیجئے!
اسی طرح Availability Heuristic یادداشت کی فراہمی یا دستیاب تحقیق بھی فیصلہ سازی کو متاثر کرتی ہے۔ انسان ان واقعات کو زیادہ اہمیت دیتا ہے جو اسے آسانی سے یاد آ جائیں۔ اگر اسے کسی خاص قسم کے نقصان کی ایک مثال یاد ہو تو وہ اسے زیادہ بڑا سمجھتا ہے، حالانکہ حقیقت میں ایسا نہ ہو۔
فیصلہ سازی میں ایک اور اہم پہلو خطرے کا ادراک (Risk Perception) ہے۔ انسان خطرے کو حقیقت کے مطابق نہیں بلکہ اپنے احساس کے مطابق جانچتا ہے۔ بعض لوگ چھوٹے خطرے کو بہت بڑا سمجھتے ہیں اور بعض بڑے خطرے کو بھی معمولی سمجھتے ہیں۔ یہی فرق مختلف فیصلوں کا سبب بنتا ہے۔
انسان کی ایک بنیادی کمزوری یہ بھی ہے کہ وہ فوری فائدے کو ترجیح دیتا ہے۔ اسے موجودہ لمحے کی راحت زیادہ اہم لگتی ہے، چاہے اس کے مستقبل پر منفی اثر پڑے۔ اس رجحان کو Temporal Discounting کہا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انسان کئی بار ایسے فیصلے کرتا ہے جو وقتی طور پر خوشی دیتے ہیں مگر طویل المدت نقصان کا سبب بنتے ہیں۔
فیصلہ سازی کا ایک اہم سماجی پہلو بھی ہے۔ انسان اکیلا فیصلہ نہیں کرتا بلکہ وہ اپنے ماحول سے متاثر ہوتا ہے۔ اس کے فیصلے اس کے خاندان، دوستوں، سماج اور ثقافت سے جڑے ہوتے ہیں۔ کئی بار انسان وہی فیصلہ کرتا ہے جو اسے اندر سے درست نہیں لگتا، مگر وہ اسے اس لیے اختیار کرتا ہے تاکہ وہ سماجی طور پر قبول کیا جا سکے۔ اسے Social Conformity کہا جاتا ہے۔ اسی طرح Authority Bias بھی انسان کے فیصلوں کو متاثر کرتی ہے، جہاں وہ کسی بااثر یا معتبر شخصیت کی بات بغیر تحقیق کے قبول کر لیتا ہے۔
فیصلہ سازی میں ایک اور اہم مسئلہ Overconfidence ہے۔ انسان کو اپنے علم اور سمجھ پر ضرورت سے زیادہ اعتماد ہوتا ہے۔ وہ سمجھتا ہے کہ وہ درست فیصلہ کر رہا ہے، حالانکہ اس کے پاس مکمل معلومات نہیں ہوتیں۔ یہی overconfidence اسے غلطیوں کی طرف لے جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فکر بدلتی ہے تو کردار بدلتا ہے، کردار بدلتا ہے تو معاشرہ
اسی کے ساتھ Decision Fatigue بھی ایک اہم حقیقت ہے۔ جب انسان مسلسل فیصلے کرتا رہتا ہے تو اس کی ذہنی توانائی کم ہو جاتی ہے، اور وہ بعد میں کمزور، جذباتی یا جلد بازی پر مبنی فیصلے کرنے لگتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اہم فیصلے اکثر تھکاوٹ کے وقت نہیں کرنے چاہئیں۔
فیصلہ سازی کا ایک اور دلچسپ پہلو Avoidance ہے۔ بعض اوقات انسان فیصلہ کرنے سے ہی بچتا ہے۔ وہ غیر یقینی سے گھبراتا ہے، اس لیے وہ فیصلہ مؤخر کر دیتا ہے یا دوسروں پر چھوڑ دیتا ہے۔ مگر یہ بھی ایک فیصلہ ہی ہوتا ہےایک ایسا فیصلہ جس میں انسان اپنی ذمہ داری سے پیچھے ہٹ جاتا ہے۔
ایک اور اہم نفسیاتی پہلو Framing Effect ہے۔ کسی مسئلے کو کس انداز میں پیش کیا جائے، یہ بھی فیصلہ سازی کو متاثر کرتا ہے۔ اگر ایک ہی بات کو مثبت انداز میں پیش کیا جائے تو انسان ایک طرح فیصلہ کرے گا، اور اگر اسے منفی انداز میں پیش کیا جائے تو اس کا فیصلہ مختلف ہوگا۔
اسی طرح Loss Aversion بھی ایک طاقتور عنصر ہے۔ انسان نقصان سے بچنے کے لیے زیادہ حساس ہوتا ہے بنسبت فائدہ حاصل کرنے کے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ بعض اوقات فائدہ مند مواقع بھی چھوڑ دیتا ہے صرف اس خوف سے کہ کہیں نقصان نہ ہو جائے۔
یہ تمام عوامل مل کر انسانی فیصلہ سازی کو تشکیل دیتے ہیں۔ اس سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ انسان کے فیصلے مکمل طور پر آزاد اور منطقی نہیں ہوتے بلکہ وہ ایک پیچیدہ نظام کے تحت بنتے ہیں، جس میں شعور اور لاشعور دونوں شامل ہوتے ہیں۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا انسان اپنے فیصلوں کو بہتر بنا سکتا ہے؟ا نسان اگر اپنے فیصلے کے عمل کو سمجھ لے تو وہ اسے بہتر بنا سکتا ہے۔ اسے یہ سیکھنا ہوگا کہ وہ فوری ردعمل کے بجائے شعوری عمل اختیار کرے، اپنے جذبات کو پہچانے، اور اپنی تعبیرات کو جانچے۔
یہ بھی پڑھئے: یاد رہے، ہماری کامیابی کا پہلا اصول اتحاد اور قرآن و سنت سے وابستگی ہے
بہتر فیصلہ سازی کے لیے چند عملی اصول مددگار ہو سکتے ہیں:
• فیصلہ کرنے سے پہلے وقفہ (Pause) لینا
• مختلف زاویوں سے صورتحال کو دیکھنا
• اپنے جذبات کی پہچان کرنا
• معلومات کی تکمیل کا جائزہ لینا
• طویل المدتی اثرات کو مدنظر رکھنا۔