• Fri, 16 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

عقل اور مشاہدہ کی سرحدیں جہاں ختم ہو جاتی ہیں، وہاں سے اللہ تعالیٰ کا غیبی نظام شروع ہوتا ہے

Updated: January 16, 2026, 8:27 PM IST | Maulana Khalid Saifullah Rahmani | Mumbai

اس نظام پر یقین کرنا ایمان کی شرط ہے۔ جو لوگ ہر بات کو سائنس اور عقل کی کسوٹی پر پرکھنا چاہتے ہیں وہ جان لیں کہ جب واقعۂ معراج کی خبر حضرت ابو بکرؓ کو دی گئی تب آپ کا جواب کیا تھا۔

The example of Hazrat Abu Bakr (RA) on the occasion of the Mi`raj (Ascension) invites us to shape the disposition of our generations to consider the decisions and commands of Allah Almighty as above our own intellect. Photo: INN
واقعہ معراج کے موقع سے حضرت ابو بکر ؓ کا اُسوہ ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنی نسلوں کا مزاج بنائیںکہ وہ اللہ تعالیٰ کے فیصلے اور اس کے حکم کو اپنی عقل سے بالا تر سمجھیں۔ تصویر: آئی این این

سیرت نبویؐ کا ایک اہم اور مشہور واقعہ معراج کا ہے ، جو مشہور روایت کے مطابق رجب میں پیش آیا۔ معراج کے موقع پر جو باتیں پیش آئیں، ان میں ایک اہم بات یہ تھی کہ جب آپﷺ اس سفر آسمانی سے واپس ہوئے اور اگلی صبح اپنی چچازاد بہن حضرت ام ہانیؓ سے اس کاذکر فرمایا تو انہوں نے عرض کیا کہ آپؐ یہ قصہ اہل مکہ سے نہ کہیں؛ کیونکہ وہ آپؐ  کا مذاق اُڑائیں گے۔ حضرت اُم ہانی کو خوب اندازہ تھا کہ یہ حقیقت ناشناس لوگ اللہ تعالیٰ کے نظام غیبی کو سمجھنے سے قاصر ہیں، جب وہ اس بات کو قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں کہ آپؐ  کے پاس اللہ کی طرف سے وحی آتی ہے تو بھلا اس بات کا کیا یقین کریں گے کہ آپؐ  اللہ تعالیٰ کے حکم سے راتوں رات مکہ مکرمہ سے بیت المقدس اور بیت المقدس سے عالم بالا پر لے جائے گئے؛ اس لئے انہوں نے سوچا کہ اہل مکہ کی طرف سے تمسخر کا ایک دروازہ کھل جائے گا ۔

لیکن چونکہ نبی کیلئے یہ بات ضروری ہوتی تھی کہ ان کو جن غیبی حقائق کو ظاہر کرنے کا حکم دیا جائے، وہ اُن کو ظاہر کر دیں اس لئے آپؐ کعبۃ اللہ تشریف لے گئے اور اس سفر آسمانی کا اہل مکہ کے سامنے ذکر فرمایا۔ ہوا وہی جس کا اندیشہ تھا۔ لوگوں نے ٹھٹھا کیا، مذاق اُڑایا، خود ہنسے، دوسروں کو ہنسایا، تمسخر اور استہزاء کے تیر پر تیر پھینکے، آخر کچھ دشمنان اسلام کو خیال ہوا کہ یہ حضرت ابو بکرؓ کو اسلام کی دعوت سے دُور کرنے کا بہترین موقع اور مناسب وقت ہے؛ چنانچہ انہیں خبر دی گئی۔ پہلے ان سے حجت تمام کرنے کیلئے پوچھا گیا کہ اگر کوئی شخص کہے کہ ایک ہی رات میں اس نے مکہ سے بیت المقدس تک کا سفر طے کیا ہے تو کیا اس پر یقین کروگے؟ حضرت ابو بکرؓ نے حسب توقع جواب دیا کہ یہ تو بالکل ہی ناقابل یقین بات ہے، مکہ والوں کے لئے اس سے زیادہ خوشی کی کوئی بات نہیں تھی۔ انہیں یقین ہو گیا کہ اب ہم محمدؐ  سے ان کے سب سے بڑے مددگار اور غمگسار کو توڑنے میں کامیاب ہو جائینگے ۔

یہ بھی پڑھئے: اللہ، رسولﷺ کی محبت وہ خزانہ ہے جو دل کو روشن، زندگی کو پُر نور اور آخرت کو کامیاب بناتا ہے

اس لئے انہوں نے اب ان سے کہا کہ یہ کسی اور کا نہیں بلکہ آپ کے رفیق خاص محمدؐ کا بیان ہے۔ یہ سنتے ہی حضرت ابو بکرصدیق ؓ نے فرمایا : اگر محمد ؐ نے یہ بات کہی ہے تو پھر یہ درست ہے کیوں کہ ہم نے کبھی اپنی آنکھوں سے فرشتہ کو نہیں دیکھا؛ لیکن ہم آپؐ کے کہنے کی وجہ سے اس پر یقین رکھتے ہیں، تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم اس غیبی سفر کا یقین نہیں کریں۔ پھر ہوا یہ کہ اللہ  کے رسولؐ اور بیت المقدس کے درمیان پردے اُٹھا دیئے گئے، سارے مناظر آپؐ کی نگاہوں کے سامنے آگئے، حضرت ابو بکرؓ لوگوں کی زبان بندی کیلئے سوالات کرتے گئے، اور آپؐ  ان کا جواب دیتے رہے ، یہاں تک کہ معترضین کی زبانیں گنگ ہو گئیں؛ لیکن جن کے دل مریض تھے اور جنہوں نے تہیہ کر رکھا تھا کہ وہ کفر ہی پر قائم رہیں گے اور سچائی کو قبول نہیں کریں گے، ان کی ضد نے انہیں تاریکی سے روشنی کی طرف آنے نہیں دیا۔ یہ ایک بہت بڑا کردار ہے جو سیدنا حضرت ابو بکر صدیقؓ نے قیامت تک آنے والی اُمت کیلئے نمونہ کے طور پر پیش کیا ہے، ان کے اسی عمل نے انہیں ’’صدیق‘‘ کا لقب دلایا اور اسی باعث اُمت آپ کو صدیق اکبر کے نام سے یاد کرتی ہے ۔

یہ واقعہ زبان زد عام وخاص ہے، اور جن لوگوں کو تھوڑی بہت دینی معلومات بھی ہیں، وہ بھی اس سے واقف ہیں۔  جلسوں میں بارہا یہ واقعہ ذکر کیا جاتا ہے، اور لوگ محبت و عقیدت کے کانوں سے سنتے ہیں؛ لیکن کم لوگ ہیں جو اس واقعہ کی گہرائی پر غور بھی کرتے ہیں۔ اس واقعہ سے ہم ایمان کی حقیقت کو سمجھ سکتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے انسان کو جہاں بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے، ان میں ایک عقل و فہم بھی ہے۔ یہ عقل ہی کا کرشمہ ہے کہ انسان فضاء کی بلندیوں کو ناپ رہا ہے، اس نے چاند اور مریخ پر اپنے قدم رکھ دیے ہیں   اور سمندر کی اَتھاہ گہرائیوں کو فتح کر لیا ہے۔  اسی لئے اسے اپنی عقل پر بہت ناز ہے۔ وہ سمجھتا ہے کہ ہمیں عقل کے  فتویٰ پر عمل کرنے کا حق حاصل ہے، عقل جس بات کو قبول کرے، وہ قابل قبول ہے  اور جو بات عقل کیلئے ناقابل قبول ہو، وہ ایک واہمہ ہے۔ جس چیز کو انسان اپنی آنکھوں سے یا اپنی مشینوں سے دیکھ سکے، وہ موجود ہے، اور انسان کی آنکھیں جن چیزوں کا ادراک نہ کر سکیں ان کی کوئی حقیقت نہیں ہے ۔ لیکن اسلام ہمیں بتاتا ہے کہ عقل اور مشاہدہ کی سرحدیں جہاں ختم ہوجاتی ہیں، وہاں سے اللہ تعالیٰ کا غیبی نظام شروع ہوتا ہے۔ اسی غیبی نظام کے تحت ہم خدا پر، وحی کے نظام پر، انبیاء و ملائکہ پر، جنت و دوزخ پر اور آسمانی کتابوں پر یقین رکھتے ہیں۔ بحیثیت مسلمان ہمارا یقین ہے کہ آنکھیں غلط دیکھ سکتی ہیں، زبان چکھنے میں غلطی کر سکتی ہے، ہاتھوں کا ادراک غلط ہوسکتا ہے، ہو سکتا ہے کہ کان سننے میں غلطی کر جائے؛ لیکن جو بات اللہ نے فرمائی ہے اور جو بات اللہ کے رسولؐ نے فرمائی ہے، وہ غلط نہیں ہو سکتی۔ یہ اٹوٹ یقین ہی ایمان کی بنیاد ہے۔ کوئی شخص کس قدر بھی پابند ِصلاۃ ہو، زکوٰۃ ہی نہیں صدقہ وخیرات بھی دیتا ہو، اس نے بار بار حج بھی کئے ہوں، لوگوں کے ساتھ اس کا رویہ بھی بہتر ہو؛ لیکن جو باتیں یقینی طور پر دین کے سرچشموں یعنی قرآن وحدیث سے ثابت ہوں، اگر ایسے کسی چھوٹے سے چھوٹے امر کا انکار کر دے تو اعمال کی اس کثرت کے باوجود انسان دولت ِایمان سے محروم ہو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: علم ِسیرت تہذیب وتمدن، قوم وملت اور پیغامِ الٰہی کے آغاز و ارتقاء کا احاطہ کرتا ہے

اسی لئے قرآن مجید نے بار باروضاحت کی کہ کسی عمل کے جائز وناجائز ہونے کا معیار یہ نہیں ہے کہ انسان اس کی مصلحت کو سمجھ جائے  اور عقل اس کا ادراک کر لے؛ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ جب اللہ اور اس کے رسول کسی بات کا فیصلہ کر دیں تو کسی مسلمان مرد یا عورت کو اس معاملہ میں کسی بات کا اختیار باقی نہیں رہتا، اور جو اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کرے گا، وہ گمراہ ہوگا۔ (‎الاحزاب: ۳۶) اسی لئے اللہ تعالیٰ نے جو احکام دئیے، ان کی عقلی حکمت و مصلحت کا ذکر نہیں فرمایا؛ حالاںکہ خدائے حکیم کا کوئی حکم حکمت و مصلحت سے خالی نہیں ہوسکتا؛ کیونکہ احکام شریعت کو اس لئے ماننا ہے کہ وہ اللہ کا حکم ہے؛ اس لئے نہیں کہ یہ ہماری عقل کے مطابق اور ہماری مصلحتوں سے ہم آہنگ ہے۔ مثلاً اسلام سے پہلے لوگ سمجھتے تھے کہ تجارت کے ذریعہ نفع حاصل کرنے اور سود لینے کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے، سود دینے والے کا پیسہ ایک مدت تک سود لینے والے کے پاس رہتا ہے، وہ اسی مدت کا عوض سود کی شکل میں حاصل کرتا ہے، تاجر بھی اپنا پیسہ لگا کر مال خرید کرتا ہے،  اور اس کا مال فروخت ہونے میں ایک مدت لگ جاتی ہے،  گویا وہ جو کچھ نفع لیتا ہے،  وہ اسی مدت کا معاوضہ ہوتا ہے، قرآن مجید اس کی تردید کرنے کیلئے تجارت اور سود کے معاشی فوائد و نقصانات پر روشنی ڈال سکتا تھا؛ لیکن قرآن مجید نے اس کا کوئی ذکر نہیں کیا، اور فیصلہ سنا دیا کہ یہ دونوں برابر نہیں ہو سکتے؛ کیوں کہ اللہ نے تجارت کو حلال رکھا ہے اور سود کو حرام ۔(سورہ البقرۃ : ۲۷۵)

اسی طرح اہل مکہ کہا کرتے تھے کہ یہ کیا بات ہے کہ انسان اپنے ہاتھوں سے جانور ذبح کرے تو وہ حلال، اور جو جانور مردار ہو، جس کو اللہ نے مارا ہو وہ حرام؟ یہ بات ظاہر ہے کہ ذبح کئے ہونے جانور سے فاسد خون نکل جاتا ہے،  اور وہ انسان کی صحت کیلئے نقصاندہ نہیں رہ جاتا؛ جب کہ مُردار کے جسم میں فاسد خون رک جاتا ہے، اور اس سے طرح طرح کی بیماریاں پیدا ہوسکتی ہیں۔ اس اعتراض کا یہ جواب دیا جا سکتا تھا؛ لیکن قرآن مجید نے ان حکمتوں اور مصلحتوں پر کوئی گفتگو نہیں کی اور صاف طور پر کہہ دیا کہ اللہ کا حکم ہے کہ جس جانور پر اللہ کا نام لیا گیا ہو اسے کھاؤ ِ(سورہ الانعام: ۱۱۸) اور جس کو اللہ کا نام لے کر ذبح نہ کیا گیا ہو، اسے مت کھاؤ (سورہ الانعام : ۱۱۹)۔

قرآن مجیدنے اپنے اس اُسلوب کے ذریعہ ایک اہم حقیقت کی طرف اشارہ کیا ہے کہ اگرچہ عقل اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، اور اسلام اس سے فائدہ اُٹھانے کی ترغیب دیتاہے؛ اسی لئے قرآن مجید نے بار بار سوچنے، سمجھنے اور فکر کرنے کی دعوت دی ہے؛ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ انسان عقل کو اپنا معبود بنا لے، اورجن چیزوں کے بارے میں اللہ کا فیصلہ موجود ہے، ان کےبارے میں بھی عقل کو حاکم تصور کرنے لگے۔

یہ بھی پڑھئے: فجر اور عصر کے بعد والے اوقاتِ مکروہہ میں طلوع اور غروب سے پہلے دوگانہ ٔ طواف کی بھی ممانعت ہے

اس وقت عالم اسلام اور مسلم نوجوانوں پر مغربی کلچر اور تہذیب کی  جو یلغار ہے، اس کی دو بنیادیں ہیں:  ایک یہ کہ جو بات عقل میں آئے، اسے قبول کرو، اور جس بات کو ہماری عقل قبول نہیں کرتی، اسے خاطر میں نہیں لاؤ، چاہے وہ بات مذہبی صحیفہ ہی میں کیوں نہ آئی ہو، مثلاً  یہ کیا بات ہے کہ مرد کو طلاق کا حق ہو اور عورت کو نہ ہو، یہ کیا ظلم ہے کہ مرد تو ایک سے زیادہ نکاح کرے اور عورتوں کو اس کی اجازت نہ ہو، یہ کیسا انصاف ہے کہ بیٹے کے مقابلہ میں بیٹی کو آدھا حصہ ملے، اس کا کیا فائدہ ہے کہ قربانی کے لاکھوں جانور ایک ہی دن ذبح کر دیے جائیں، بجائے اس کے کہ مسلمانوں کی تعلیمی و معاشی پسماندگی کو دُور کیا جائے، یہ اور اس طرح کے کتنے ہی سوالات ہیں جو اس بنیاد پر اُٹھائے جاتے ہیں کہ انسان کی عقلِ کوتاہ جب تک کسی بات کو قبول نہ کر لے، وہ اس کو قابلِ قبول نہیں سمجھتا ۔

دوسری بنیاد ہے، شہوت پرستی۔ انسان کو جو بات اچھی لگے ، وہ اس کے مطابق عمل کرے۔ ان کے نزدیک خدا کے قانون کو یہ حق نہیں ہے کہ وہ انسان کی خواہش میں رخنہ ڈالے یا رکاوٹ پیدا کرے، آج مغربی دنیا میں کیسے کیسے ناشائستہ اورغیرفطری کاموں کو جواز بخشا جا رہا ہے، ان سب کا حاصل یہی ہے کہ انسان کی خواہش پر کوئی کنٹرول نہیں ہونا  چاہئے، وہ اپنی خواہشات پرعمل کے لئے آزاد ہے ، اور خود اپنی مرضی کا مالک ہے ۔

مغربی تہذیب کی یہ دونوں بنیادیں دراصل اسی تصور پر مبنی ہیں کہ انسان کو نظام غیبی کو تسلیم نہیں کرنا چاہئے  بلکہ حق و باطل اور صحیح وغلط کے سارے فیصلے خود کرنا چاہئے۔

یہ بھی پڑھئے: تدبر ِ قرآن اور اس کے آداب و شرائط

واقعہ معراج کے موقع سے حضرت ابو بکر ؓ کا اُسوہ ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنی نسلوں کا مزاج بنائیںکہ وہ اللہ تعالیٰ کے فیصلے اور اس کے حکم کو اپنی عقل سے بالا تر سمجھیں، وہ اس بات کا یقین کریں کہ حق وباطل کا پیمانہ نہ انسان کی عقل ہے نہ وہ مصلحت ہے جو احاطہ ٔ دماغ میں آجائے، نہ اس کی خواہش و مرضی ہے  نہ اس کا معیار لذت ہے کہ جو چیز باعث لذت ہو،  اسے لے لیا جائے  اور جو چیز لذت اندوزی میں حارج ہو،  اُسے ٹھکرا دیا جائے۔ جب تک ہم مسلمانوں کی نئی نسل کی یہ سوچ نہیں بنائیں گے کہ اسلام کو یہی مطلوب ہے کہ بندہ اللہ کے فیصلہ کو بلا چوں و چرا قبول کرے تب تک  مغرب کی طرف سے تہذیبی ارتداد ، فکری انحراف اور تشکیکی انداز ِفکر کی جو بیماری لانے کی کوشش کی جار ہی ہے ، ہم اس کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK