• Mon, 23 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رمضان المبارک احساس کی آبیاری کا مہینہ ہے

Updated: February 23, 2026, 2:37 PM IST | Suhail Amir Shaikh | Mumbai

دن بھر کی بھوک اور پیاس ہمیں صرف عبادت کا ثواب نہیں دیتی بلکہ ہمیں یہ سمجھاتی ہے کہ فاقہ کیا ہوتا ہے، محرومی کی تکلیف کیسی ہوتی ہے اور وہ والدین کس کرب سے گزرتے ہیں جو اپنے بچوں کو بھوکا سلا دیتے ہیں۔

Ramadan is the month of compassion, seek out those who need help. Photo: INN
رمضان المبارک مواسات کا مہینہ ہے، ان لوگوں کو تلاش کیجئے جنہیں مدد کی ضرورت ہے۔ تصویر: آئی این این

رمضان المبارک محض بھوک اور پیاس برداشت کرنے کا مہینہ نہیں ہے، بلکہ یہ انسان کے باطن کو جگانے، دل میں احساس پیدا کرنے اور معاشرے کے کمزور طبقات کے درد کو محسوس کرنے کی عملی تربیت کا مہینہ ہے۔ یہ مہینہ رحمت، مغفرت اور نجات کا پیغام لاتا ہے اسی لئے اسے ماہِ مواسات اور شہر القرآن بھی کہا جاتا ہے، مگر درحقیقت رمضان کا سب سے بڑا سبق احساس کی ابیاری بھی ہے، وہ احساس جو انسان کو اپنے دسترخوان سے اٹھا کر کسی بھوکے کے دروازے تک لے جائے اور جو آسودہ حالی میں خستہ حال لوگوں کا درد محسوس کروا دے ۔یہ وہی احساس ہے جو اپنی آزمائش پر صبر کی تلقین کرتا ہے لیکن دوسروں کے درد پر بے چین اور بے قرار کر دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: رمضان ڈائری (۳): ’’پڑھائی کرنا بھی ایک عبادت ہے‘‘

دن بھر کی بھوک اور پیاس ہمیں صرف عبادت کا ثواب نہیں دیتی بلکہ ہمیں یہ سمجھاتی ہے کہ فاقہ کیا ہوتا ہے، محرومی کی تکلیف کیسی ہوتی ہے اور وہ والدین کس کرب سے گزرتے ہیں جو اپنے بچوں کو بھوکا سلا دیتے ہیں۔  ہمارے معاشرے میں ایسے بے شمار گھرانے موجود ہیں جہاں سحری میں روٹی میسر نہیں ہوتی اور افطار میں صاف پانی بھی نصیب نہیں ہوتا، وہاں خوشبو دار کھانوں سے منہ میں پانی نہیں آتا بلکہ محرومی کے احساس سے آنکھوں میں پانی آتا ہے ۔یہ وہی لوگ ہیں جو شرم و حیا کے مارے ہاتھ نہیں پھیلاتے، کسی کے دروازے پر نہیں جاتے، اور خاموشی سے اپنی آزمائش برداشت کرتے رہتے ہیں۔رمضان ہمیں اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم ایسے افراد کو تلاش کریں، ان کا انتظار نہ کریں۔

  قرآن ہماری دولت کو امانت قرار دیتا ہے  اور  واضح اعلان کرتا ہے کہ دولت انسان کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ امانت ہے:”اور ان کے مالوں میں سائل اور محروم کا حق مقرر ہے۔“

(سورۃ الذاریات:۱۹)

اسی طرح فرمایا گیا:”نیکی یہ نہیں کہ تم مشرق و مغرب کی طرف منہ کر لو بلکہ نیکی یہ ہے… مال اللہ کی محبت میں رشتہ داروں، یتیموں، مسکینوں اور مسافروں کو دو۔“(سورۃ البقرہ:۱۷۷)

اور مزید فرمایا کہ”تاکہ یہ مال تمہارے مالداروں ہی کے درمیان گردش نہ کرتا رہے۔   “ (سورۃ الحشر:۷)یعنی معاشی انصاف اسلام کی بنیادی تعلیم ہے۔ غرباء کا حق ادا کیے بغیر عبادت کا کمال حاصل نہیں ہوتا۔

یہ بھی پڑھئے: اگر ماہِ رمضان کی روح کو سمجھ لیں تو یہ ایک نئے عہد کا آغاز بن سکتا ہے

احادیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں بہت صراحت کے ساتھ معاشرتی حقوق بھی بیان کئے گئے ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے ایمان کا معیار ہی انسانیت دوستی کو قرار دیا:”وہ شخص مومن نہیں جس کا پیٹ بھر جائے اور اس کا پڑوسی بھوکا رہے۔“

اور فرمایا:”جو کسی روزہ دار کو افطار کرائے اسے بھی روزہ دار کے برابر ثواب ملے گا۔“  

(ترمذی)

یہ تعلیمات واضح کرتی ہیں کہ رمضان کا اصل مقصد صرف اپنے نفس کو روکنا نہیں بلکہ دوسروں کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھنا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: رمضان ڈائری (۴): ’’ بیٹا رمضان میں شکایت کم اور دعا زیادہ کرنی چاہئے‘‘

یہ مہینہ صرف زکوٰۃ ادا کر دینے کا نام نہیں بلکہ تلاش کا نام ہے:

٭ ایسے یتیموں کی جو مانگ نہیں سکتے

٭ ایسے مزدور جن کے گھر چولہا نہیں جلتا

٭ ایسی مائیں جو بچوں کو بہلا کر سلا دیتی ہیں اور

٭ ایسے باپ جو کپڑوں کی فرمائش پر نظریں جھکا  لیتے ہیں۔

یہی وہ لوگ ہیں جن کے لئے رمضان آیا ہے  اور انہی کے ذریعے ہمارا ایمان مکمل ہوتا ہے۔ ہمیں اپنے محلوں، گلیوں اور بستیوں میں خاموش غربت کو ڈھونڈنا ہوگا۔ افطار پارٹیوں سے زیادہ ضرورت افطار پہنچانے کی ہے اور سجاوٹ سے زیادہ اہم بھوک مٹانا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: نیکیوں کے اس موسم کو اپنے ہاتھ سے جانے نہ دیں

یاد رکھئے،عبادت انسان کو جنت تک لے جاتی ہے،مگر وہ احساس جو کسی انسان کے درد کو محسوس کرتے ہوئے اس کا مداوا کرنے والے شخص کو اللہ کے قریب لے جاتا ہے۔ آئیے اس رمضان ہم یہ عہد کریں کہ کوئی پڑوسی بھوکا نہیں سوئے گا،کوئی یتیم محروم نہیں رہے گا اور کوئی سفید پوش شرمندہ نہیں ہوگا،ان شاء اللہ ۔ یہی رمضان کا اصل پیغام ہے، یہی نزول قرآن کا مقصد ہے اور یہی سنت ِ نبویؐ  کا تقاضا ہے۔  رب العالمین   کمیت اور کیفیت کے لحاظ سے ہمیں رمضان کریم بسر کرنے کی توفیق اور ہمت عطا فرمائے۔امین 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK