• Mon, 23 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیا آپ نے رمضان ٹائم ٹیبل بنایا؟

Updated: February 23, 2026, 3:28 PM IST | Sahar Asad | Mumbai

رمضان کے ہر لمحے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے کیوں نہ ہم رمضان کے پورے تیس دنوں کا ایک ٹائم ٹیبل بنالیں اور رمضان کا ایک ہدف مقرر کرلیں۔ آئیے ہم اس رمضان کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ ساتھ ہی ایک ڈائری بنالیں اور اس میں روزانہ کی کارکردگی لکھیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

رمضان اچھی عادتیں سیکھنے کا ایک بہترین موقع ہے۔ آپ سبھی نے محسوس کیا ہوگا کہ اس مبارک مہینے میں جب شیاطین بیڑیوں میں جکڑ دیئے جاتے ہیں تو بری عادتیں چھوڑنا نسبتاً آسان محسوس ہوتا ہے، نیک کاموں کی طرف جھکاؤ بڑھ جاتا ہے، اس طرح سے رمضان کو ایک تربیتی مہینہ کہا جاسکتا ہے۔ اور یہ ہمارے لئے ایک مکمل ورکشاپ کی مانند ہے جہاں ہمیں جسمانی، ذہنی اور روحانی تربیت دی جاتی ہے۔ لہٰذا اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے ہمیں بری عادات کو چھوڑنے اور اچھی عادتیں اپنانے کی کوشش کرنی چاہئے تاکہ اس ماہ مبارک مہینے کے اختتام پر ہمیں محسوس ہو کہ کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔ اس رمضان اِن ۷؍ عمل کو اپنے معمولات میں شامل کریں:

سحری کا قیمتی وقت:

یہ ایسا قیمتی وقت ہے جب اللہ تعالیٰ خود آواز لگاتا ہے۔ ہمیں چاہئے کہ اس وقت کو غنیمت جانتے ہوئے تھوڑا سا پہلے اٹھ کر اپنے ہاتھوں کو اللہ رب العالمین کے سامنے پھیلاتے ہوئے اس قیمتی وقت سے فائدہ اٹھائیں اور سحری کرنے سے پہلے اپنا کچھ وقت عبادت کے لئے مخصوص کریں۔ کوشش کیجئے اس پر پورے مہینے عمل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھئے: یہ نسخے بالوں کے مسائل سے نجات دلائیں

اشراق کی نماز کا اہتمام:

غور کیجئے رمضان کے مہینے میں جب نفس زیادہ سے زیادہ نیکیاں کمانے کا شائق ہوتا ہے اور طبیعت بھی خیر کی طرف مائل رہتی ہے لہٰذا فجر کی نماز کے بعد اللہ کے ذکر میں مصروف رہیں۔ جب سورج نکل جائے تب ۲؍ رکعتیں اشراق کی پڑھیں۔ رمضان کی رحمتوں سے فیض اٹھانے کے لئے اشراق کی نماز کی پابندی ضرور کیجئے۔

تلاوت قرآن اور تدبر:

قرآن ختم کرنے کے ساتھ اس کا ترجمہ بھی پڑھئے تاکہ ہم قرآن کے مقصد کو جان سکیں۔ اس کے لئے ہم باقاعدہ وقت مقرر کرسکتے ہیں۔ جیسے پانچوں نمازوں کے بعد تلاوت کا معمول بنا لیجئے۔ اور بقیہ کھانے بنانے اور صفائی کرنے کے علاوہ جو وقت فارغ بچتا ہے اور جس میں ہم موبائل اسکرول کرنے لگتے ہیں اس میں ہم تدبر قرآن کا معمول بنا لیں۔

یہ بھی پڑھئے: رمضان کی عین وقت کی تیاریاں؛ چند کارآمد باتیں

حفظ قرآن اور اعادہ:

رمضان سورتیں یاد کرنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ اسی طرح جو سورتیں ہم نے بچپن میں یا اسکول اور مدرسے کے دنوں میں یاد کی تھیں، ان کا اعادہ ضروری ہے۔ اس کے لئے ایک وقت مقرر کریں اور یہ وقت فجر بعد یا عشاء کے بعد رکھ سکتے ہیں کہ یہ وقت فراغت کا ہوتا ہے۔ آپ چاہیں تو کس دن کون سی سورہ یاد کرنی ہے پہلے سے طے کرلیں۔

اذکار اوردعائیں یاد کرنا:

صبح و شام کی دعائیں، سونے کے وقت کی دعائیں، فرض نماز اور فرض نماز کے بعد پڑھی جانے والی دعائیں اور عام اذکار جو ہمیں یاد ہونے چاہئیں اس رمضان میں کم ازکم ہر روز ایک دعا یاد کریں۔ ایک طریقہ یہ ہوسکتا ہے کہ آپ دعا کو خوبصورت کارڈ پر لکھ دیں۔ اس طرح رمضان کے آخر تک آپ کے پاس کئی دعاؤں کے کارڈز تیار ہوں گے، جو محفوظ کئے جاسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: بورڈ امتحان میں شریک اپنے چہیتوں کی مدد کرسکتے ہیں آپ، اس طرح:

دینی لیکچر سننا:

یوٹیوب پر مستند علماء کے اسلامک لیکچرز سنیں تاکہ آپ کی معلومات میں اضافہ ہو اور موبائل پر فضولیات اور ریل وغیرہ دیکھنے کے بجائے آپ کا وقت کارآمد ہو۔ کچن میں برتن دھوتے وقت، کھانا بناتے وقت یا صفائی کرتے ہوئے موبائل پر کوئی دینی لیکچر لگا لیں اس طرح سے گھریلو کام بھی ہوجائے گا اور وقت بھی اچھا اورکارگر گزرے گا۔

نماز کے بعد جائے نماز پر بیٹھے رہنا:

نماز کے بعد تلاوت اور اذکار کے لئے اپنی جائے نماز پر بیٹھے رہئے۔ اس کا بڑا اجر ہے۔ اس عمل کے لئے ظہر کا وقت مناسب ہوتا ہے۔ اس وقت خواتین کے پاس کافی وقت ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ قیلولہ کرنا نہ بھولیں۔ یہ سنت بھی ہےا ور ہمیں چاق و چوبند رہنے اور عبادت کرنے میں مدد دیتا ہے۔ کچھ دیر آرام کرنے سے جسم کی توانائی بحال ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK