• Sun, 09 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیشل مساج: چہرے کی تازگی اور چمک کو برقرار رکھنے میں معاون

Updated: May 14, 2024, 11:19 AM IST | Odhani Desk | Mumbai

خوبصورت، نرم و ملائم اور شاداب جلد ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے، جس کے لئے وہ کئی طرح کے جتن کرتی ہے۔ سنگار کی دنیا میں چہرے کا فیشل بہت اہمیت کا حامل ہے۔

Facial massage should always be done with relaxed and soft hands. Photo: INN
چہرے کا مساج ہمیشہ آرام سے اور نرم ہاتھوں سے کیا جائے۔ تصویر : آئی این این

خوبصورت، نرم و ملائم اور شاداب جلد ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے، جس کے لئے وہ کئی طرح کے جتن کرتی ہے۔ سنگار کی دنیا میں چہرے کا فیشل بہت اہمیت کا حامل ہے۔ یہ محض وقتی خوبصورتی کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ دیر پا دلکشی و رعنائی کیلئے بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔ خوبصورتی کیلئے صدیوں کا آزمودہ نسخہ مساج دورِ حاضر میں زیادہ جدت کے ساتھ خاص و عام میں فیشل کے نام سے رائج و مقبول ہے، جو چہرے کی جاذبیت اور خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے۔ ذیل میں مساج یا فیشل مساج کرنے کے چند مفید طریقے بتائے جا رہے ہیں:
 مساج کرتے وقت سب سے پہلے اپنے چہرے کو موئسچرائز کرلیں۔ موئسچرائزر قلیل مقدار میں استعمال کریں اور زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کیلئے ہر عمل کو کم از کم تین سے پانچ مرتبہ دہرائیں۔ فیشل مساج میں ایکو پریشر پوائنٹس پر دباؤ ڈالا جاتا ہے۔ اس کیلئے ہمیشہ اپنی درمیانی انگلی کا استعمال کریں اور تقریباً تین سیکنڈ تک دباؤ ڈالیں۔ چہرے کی جلد جسم کے کسی بھی حصے کی بہ نسبت زیادہ حساس ہوتی ہے، اس لئے چہرے کا مساج ہمیشہ آرام سے اور نرم ہاتھوں سے کیا جائے۔
 فیشل مساج کا پہلا مرحلہ ماتھے کا مساج کرنا ہے۔ اس کیلئے پہلے اپنی انگلیوں پر موئسچرائزر یا مساج جیل لگائیں۔ پھر اپنے ہاتھوں کی درمیانی اور تیسری انگلیوں کو بھوؤں کے درمیان رکھیں اور پھر آہستہ آہستہ ماتھے پر اوپر کی جانب لے کر باہر کی طرف لے جائیں تاکہ وہاں پڑنے والی جھریاں ہموار ہوجائیں۔ یہ عمل ۳؍ سے ۵؍ بار دہرائیں۔ دونوں کنپٹیوں پر تیسری انگلی سے ۳؍ سیکنڈ کے لئے ہلکا سا دباؤ ڈالیں۔ اس سے آپ کو سکون و فرحت کا احساس ملتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کتابیں جھانکتی ہیں بند الماری کے شیشوں سے

گال کا مساج کرنے کیلئے درمیانی اور تیسری انگلی کا استعمال کرتے ہوئے پیچ دار حرکت میں مساج کریں۔ اس کا آغاز ٹھوڑی سے کریں اور حرکت کرتے ہوئے انگلیوں کو کانوں کے نچلے حصے تک لے جائیں۔ پھر ناک کے اطراف والے حصے سے شروع کریں اور حرکت کرتے ہوئے انگلیوں کو کنپٹیوں تک لے جائیں۔ اس عمل کو ۳؍ بار دہرانے کے بعد کان کے بالکل نیچے ایکو پریشر پوائنٹ پر ۳؍ سیکنڈ کیلئے انگلی سے دباؤ ڈالیں۔ یہ عمل جبڑے کے اطراف میں خون کی روانی میں تیزی پیدا کرتا ہے۔ ناک کا مساج کرنے کیلئے انگلی کو ناک پر رکھ کر ہلکے ہلکے حرکت کرتے ہوئے اوپر کی جانب لے جائیں۔ اس کے بعد ناک کے اطراف انگلی کو دائرے کی صورت میں حرکت دیں تاکہ یہاں پر پڑنے والی باریک جھریاں بننے کا عمل رک جائے۔
 اب ہاتھ کی تیسری انگلی کو آنکھوں کے گرد دائرے کی شکل میں بہت آہستہ سے حرکت دیں۔ پھر آنکھوں کے ایکو پریشر پوائنٹ پر دباؤ ڈالیں۔ یہ عمل کنپٹی سے شروع کریں اور اسکے ذرا فاصلے سے آنکھوں کے بیرونی اور بھوؤں کے اوپر حصے پر دباؤ ڈالیں۔ ہر پوائنٹ پر تین سیکنڈ تک دباؤ ڈالیں۔ اس کے بعد آنکھ کے نچلے حصے کے بالکل وسط میں تیسری انگلی رکھ کر تین سیکنڈ کیلئے دباؤ ڈالیں۔ یہ عمل آنکھ کے حصے میں خون کی گردش تیز کرتا ہے، جس سے جھریاں پڑنے کا عمل سست پڑ جاتا ہے۔
 فیشل مساج کے آخر میں اپنے پورے چہرے کو تقریباً ۳۰؍ سیکنڈ کیلئے اپنی درمیانی انگلی سے ہلکے ہلکے تھپکیں۔ پھر چہرے پر نیم گرم پانی کا چھینٹا ماریں۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی میں روئی کا ٹکڑا بھگو کر چہرے پر آہستہ آہستہ پھیریں تاکہ تمام مسام بند ہوجائیں۔ فیشل مکمل ہوا۔ آپ خود محسوس کریں گی کہ مساج کے بعد کتنا سکون اور اطمینان حاصل ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK