وزن کو متوازن رکھنے اور صحت مند زندگی گزارنے کے لیے بڑی تبدیلیوں کے بجائے روزمرہ کی چھوٹی چھوٹی عادتیں اپنانا بھی مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ مناسب مقدار میں پانی پینا، جسمانی سرگرمیاں جاری رکھنا اور روزانہ ورزش کرنا صحت بہتر بنانے اور وزن کو کنٹرول میں رکھنے میں مددگار ہے۔
سائیکلنگ وزن گھٹانے میں مدد کرسکتی ہے۔ تصویر: آئی این این
صحتمند طرزِ زندگی برقرار رکھنے کیلئے بڑی تبدیلیوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔ روزانہ اپنائی جانیوالی چھوٹی چھوٹی مگر مستقل عادتیں مجموعی صحت کو بہتر بناسکتی ہیں، وزن کو کنٹرول کرنے میں مددگار ہوسکتی ہیں اور جسمانی و ذہنی صحت کو فروغ دے سکتی ہیں۔ آج اس کالم میں وزن کنٹرول کرنے کی ۶؍ آسان تدابیر بتائی جا رہی ہیں:
(۱)ہائیڈریٹ رہیں:
جسمانی سرگرمیوں، آب و ہوا اور انفرادی ضروریات کے مطابق دن بھر میں تقریباً ۳؍ لیٹر پانی پینے کی کوشش کریں۔ جسم میں پانی کی مناسب مقدار ہاضمے کو بہتر بناتی ہے، جسمانی درجۂ حرارت کو متوازن رکھتی ہے اور جسم کے معمول کے افعال کو برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ یاد رکھیں کہ پانی کے استعمال کو اپنی ضروریات کے مطابق ایڈجسٹ کریں۔
یہ بھی پڑھئے: ماں کے جانے کے بعد زندگی خاموش ہوجاتی ہے
(۲)جسمانی سرگرمیاں:
جسمانی سرگرمیاں صرف ورزش تک محدود نہیں ہے۔ فون پر بات کرتے ہوئے چہل قدمی کرنے، سیڑھیاں استعمال کرنے یا گھر کے کام کاج کرنے سے جسم فعال رہتا ہے۔ اگر آپ دیر تک بیٹھ کر کا کام کرتے ہیں تو ہر ۳۰؍ منٹ بعد اُٹھیں اور باڈی اسٹریچ کریں یا چند منٹ کی واک کریں۔ یہ چھوٹی چھوٹی سرگرمیاں دیر تک بیٹھے رہنے کے اثرات کو کم کرنے اور آپ کو فعال رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
(۳)۳۰؍ سے ۴۰؍ منٹ ورزش:
روزانہ پابندی سے ۳۰؍ سے ۴۰؍ منٹ ورزش کریں۔ برسک واکنگ (تیز رفتار میں چلنا)، سائیکلنگ، استرینتھ ٹریننگ، یوگا جیسی سرگرمیاں دل کی صحت کو بہتر بنانے، پٹھوں کی تعمیر کرنے اور وزن متوازن رکھنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ ایسی سرگرمیوں کا انتخاب کریں جن سے آپ لطف اندوز ہوں تاکہ آپ انہیں دیر پا اپنے معمول میں شامل کرسکیں۔
یہ بھی پڑھئے: ایسنشئل آئل استعمال کرتے وقت محتاط رہیں
(۴)متوازن غذا کھائیں
اپنی روزمرہ کی خوراک میں پروٹین، کاربوہائیڈریٹس، صحتمند چکنائیاں اور سبزیاں شامل کریں۔ پروٹین پٹھوں کو مضبوطی دیتا ہے اور پیٹ دیر تک بھرا رکھتا ہے جس سے آپ وقت بے وقت کھانے کی عادت سے بچتے ہیں۔ کاربوہائیڈریٹس جسم کو توانائی فراہم کرتے ہیں، اور صحتمند چکنائیاں ضروری جسمانی افعال میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سبزیاں فائبر، وٹامنز اور معدنیات فراہم کرتی ہیں۔ وزن قابو میں رکھنے کے لئے کسی سخت ڈائٹ کو اپنانے کے بجائے متوازن غذا کو ترجیح دیں۔
(۵)مستقل مزاجی ضروری ہے
سونے جاگنے، کھانے پینے اور ورزش کرنے کا ایک معمول ہونا چاہئے اور اس پر پابندی سے عمل کرنا چاہئے۔ ایک منظم معمول آپ کو صحتمند عادتیں اپنانے اور مستقل مزاجی برقرار رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔ بالغ افراد کو عام طور پر ہر رات ۷؍ سے ۹؍ گھنٹے کی معیاری نیند لینا چاہئے، کیونکہ مناسب نیند بھوک کو منظم رکھنے، جسمانی بحالی اور مجموعی صحت و تندرستی میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
(۶)ایک ہی دن میں تبدیلی نہیں آئے گی
آپ چاہیں گے کہ ایک ہی دن میں پرفیکٹ بن جائیں، یہ ممکن نہیں ہے۔ صحتمند طرزِ زندگی کے لئے ضروری ہے کہ روزانہ بہتر فیصلے کئے جائیں اور ان پر قائم رہیں، تب ہی تبدیلی آئے گی۔ متوازن غذا کھائیں، فعال رہیں، ذہنی دباؤ کنٹرول کریں اور آرام کیلئے وقت نکالیں۔ فوری اور عارضی حل کے بجائے بتدریج اور دیرپا تبدیلیوں پر توجہ دیں۔
خلاصہ: یہ تدابیر وزن کو صحتمند طریقے سے قابو میں رکھنے، توانائی کی سطح کو بہتر بنانے اور اچھی صحت کو فروغ دے سکتی ہیں۔