شادی کا موسم شروع ہوتے ہی گھروں میں خوشی کی تیاریاں تیز ہوجاتی ہیں، لیکن متوسط طبقے کیلئے اس خوشی کے ساتھ ایک سوال بھی مسلسل ذہن میں رہتا ہے کہ کم سے کم بجٹ میں زیادہ سے زیادہ خریداری کہاں سے کی جائے؟
EPAPER
Updated: September 30, 2026, 3:56 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
شادی کا موسم شروع ہوتے ہی گھروں میں خوشی کی تیاریاں تیز ہوجاتی ہیں، لیکن متوسط طبقے کیلئے اس خوشی کے ساتھ ایک سوال بھی مسلسل ذہن میں رہتا ہے کہ کم سے کم بجٹ میں زیادہ سے زیادہ خریداری کہاں سے کی جائے؟
شادی کا موسم شروع ہوتے ہی گھروں میں خوشی کی تیاریاں تیز ہوجاتی ہیں، لیکن متوسط طبقے کیلئے اس خوشی کے ساتھ ایک سوال بھی مسلسل ذہن میں رہتا ہے کہ کم سے کم بجٹ میں زیادہ سے زیادہ خریداری کہاں سے کی جائے؟ دلہا دلہن کے کپڑے، بچوں کے ملبوسات، جوتے، بیگز، زیورات، تحائف اور مختلف تقریبات کیلئے الگ الگ لباس،شادی کی خریداری ایک لمبی فہرست بن جاتی ہے۔ ممبئی جیسے مہنگے شہر میں اس فہرست کو پورا کرنے کیلئے ایسے بازاروں کی تلاش فطری ہے جہاں انتخاب بھی ہو اور جیب پر غیرضروری بوجھ بھی نہ پڑے۔
یہ بھی پڑھئے:برائیڈل میک اَپ کے چار دلکش انداز
کُرلا، چِنڈی مارکیٹ:
شادی کی خریداری کیلئے ایک بہترین انتخاب
کرلا ویسٹ میں ملک لیاقت حسین مارگ، امبیڈکر نگر اور برہمن واڑی کے علاقے میں واقع کرلا چنڈی مارکیٹ کپڑوں اور خاص طور پر شادی کے لباس کی تیاری کیلئے کپڑا، لیس، بارڈر اور دیگر سامان تلاش کرنے والوں کیلئے اہم مقام ہے۔ چِنڈی مارکیٹ میں مختلف قسم کے فیبرکس اور برائیڈل مٹیریل ملنے کی وجہ سے اپنی پسند کا لباس تیار کرانے والے خاندانوں کیلئے یہ مفید انتخاب ہوسکتا ہے۔
دادَر:
ساڑی اور روایتی ملبوسات کا مرکز
دادَر میں خریداری کیلئے رانے ڈے روڈ، کبوتر خانہ اور دادَر ویسٹ کا علاقہ خاص اہمیت رکھتا ہے۔دادر جنتا کلاتھ مارکیٹ سمیت اس علاقے میں ساڑیوں اور روایتی ملبوسات کی متعدد دکانیں ہیں۔ شادی کیلئے ساڑی، سلک یا دوسرے روایتی لباس کی خریداری کرنے والے خاندان یہاں مختلف قیمتوں اور ڈیزائنوں کا موازنہ کرسکتے ہیں۔ حالیہ شادی شاپنگ گائیڈز بھی دادَر کو ساڑی اور ایتھنک ویئر کی خریداری کے اہم مراکز میں شمار کرتی ہیں۔
ملاڈ ویسٹ:
نٹراج مارکیٹ اور آس پاس کا علاقہ
مغربی مضافات میں رہنے والے خاندانوں کیلئے ملاڈ ویسٹ میں ایس وی روڈ کے قریب نٹراج مارکیٹ ایک قابلِ ذکر مقام ہے۔ نٹراج مارکیٹ کے اطراف خواتین کے ملبوسات اور فیشن کی مختلف دکانیں موجود ہیں۔ شادی کی تقریبات کیلئے ساڑی، لباس، لہنگا اور دیگر ضروری اشیاء تلاش کرنے والوں کو یہاں مختلف دکانوں کا جائزہ لینے کا موقع ملتا ہے۔ خاص طور پر ان خاندانوں کیلئے یہ آسان ہے جو جنوبی ممبئی یا شہر کے مرکزی علاقوں تک جانے کے بجائے مغربی مضافات میں ہی خریداری مکمل کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:بے شک تعلیم ضروری ہے مگر اخلاقی تربیت؟
لنکنگ روڈ:
نوجوانوں کی شادی کی شاپنگ
لنکنگ روڈ مارکیٹ باندرہ ویسٹ اور کھار کے درمیان واقع وہ بازار ہے جہاں روایتی دکانوں کے ساتھ اسٹریٹ شاپنگ کا بھی اپنا رنگ ہے۔ جوتے، بیگز، فیشن ملبوسات، دیگر ضروری اشیاء اور نوجوانوں کیلئے پارٹی یا پری ویڈنگ تقریبات کے لباس یہاں خاص کشش رکھتے ہیں۔ شادی کی مکمل خریداری کے بجائے یہاں خاص طور پر جوتے، بیگز اور بنیادی ضروریات کیلئے جانا متوسط بجٹ والے خریدار کے لیے مفید ہوسکتا ہے۔
محمد علی روڈ اور ناخدا محلہ:
روایتی اور عروسی خریداری
مسلم خاندانوں کی شادی کی خریداری کے حوالے سے محمد علی روڈ کے قریب ناخدا محلہ کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ناخدا محلہ مارکیٹ میں چھوٹی چھوٹی دکانوں کی ایک طویل پٹی ہے جہاں روایتی اور عروسی ملبوسات کے ساتھ مختلف کپڑے اور شادی سے متعلق اشیا ملتی ہیں۔ محمد علی مارکیٹ اور اس کے اطراف کا علاقہ بھی مختلف روزمرہ اور روایتی خریداری کیلئے معروف ہے۔
ممبئی کے متوسط طبقے کیلئے شادی کی خریداری کا بہتر طریقہ شاید یہی ہے کہ پوری خریداری ایک ہی بازار سے مکمل کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔ دلہن کا لباس ایک جگہ، ساڑی دوسری جگہ، جوتے اور بیگ کسی نسبتاً سستے بازار سے اور تحائف کسی اور بازار سے،اس طرح قیمت اور معیار دونوں کا موازنہ کیا جاسکتا ہے۔
آخرکار شادی خوشی کا موقع ہے، لیکن متوسط طبقے کیلئے خوشی کا حسن اسی وقت برقرار رہتا ہے جب خریداری شوق کے ساتھ بجٹ کو بھی سامنے رکھ کر کی جائے۔ ممبئی کے یہ بازار اسی توازن کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:ہمارے بزرگ: گھر اور معاشرے کا بہترین سرمایہ
خریداری سے پہلے ’کیا لینا ہے اور کہاں سے لینا ہے‘ پر ضرور توجہ دیں
ممبئی میں شادی کی خریداری کیلئے بازار کا انتخاب صرف علاقے کے نام سے نہ کریںبلکہ یہ طے کریں کہ آپ کو کیا خریدنا ہے۔ مثلاً کرلا کا چِنڈی مارکیٹ، ملک لیاقت حسین مارگ، امبیڈکر نگر، برہمن واڑی اور کُرلا ویسٹ کا بازار کپڑے، لیس، بارڈر اور عروسی لباس کیلئے مفید ہوسکتا ہے۔
دادَر ویسٹ میں رانا ڈے روڈ اور کبوتر خانہ کے آس پاس کا علاقہ ساڑیوں اور روایتی ملبوسات کیلئے مشہور ہے۔ یہاں مختلف بجٹ میں ساڑیاں اور ایتھنک ویئر تلاش کیے جاسکتے ہیں۔
ملاڈ ویسٹ میں نٹراج مارکیٹ، ایس وی روڈ کے قریب خواتین کے ملبوسات، ساڑی، لہنگا اور فیشن کی ضروری اشیاء کیلئے دیکھا جاسکتا ہے۔ باہر سے آنےوالوں یہ بات جان لیں کہ بازار کا نام بتانے کے ساتھ ہی کستوربا ٹاکیز کے قریب نٹراج مارکیٹ کہنا زیادہ آسان ہوگا۔ اس سے لوگوں کو پتہ بتانے میں آسانی ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے:شادی کی مصروفیات میں دلہن کے آرام اور اس کی ضروریات کو فراموش نہ کریں
لنکنگ روڈ، کھار ویسٹ،۳۳؍ویں روڈ کے اطراف نوجوانوں کے کپڑوں، جوتوں، بیگ اور فیشن کی اشیاء کیلئے معروف ہے اور شادی کے موقع پر نسبتاً بجٹ میں کئی چیزیں تلاش کی جاسکتی ہیں۔
اور اگر آپ محمد علی روڈ کے قریب ناخدا محلہ جائیں تو یہاں روایتی اور عروسی لباس کی چھوٹی بڑی دکانیں ملتی ہیں، جہاں محدود بجٹ میں خریداری کے مواقع تلاش کیے جاسکتے ہیں۔
ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ شادی کی پوری خریداری ایک ہی بازار سے کرنے کے بجائے چیز کے حساب سے بازار منتخب کریں۔ عروسی لباس کیلئے ایک جگہ، ساڑی کیلئے دوسری، جبکہ جوتے، بیگ اور دیگر اشیاء کیلئے الگ بازار کا انتخاب کرنے سے قیمتوں کا موازنہ آسان ہوگا۔ خریداری سے پہلے دو تین دکانوں پر قیمت ضرور پوچھیں، معیار دیکھیں اور صرف دکاندار کے پہلے بتائے ہوئے دام پر فیصلہ نہ کریں۔