Inquilab Logo Happiest Places to Work

باورچی خانہ کی ۷؍چیزیں ٹائلس کی صفائی کیلئے بہترین کلینر

Updated: August 09, 2025, 4:14 PM IST | New Delhi

ٹائلس پر لگنے والے ضدی تیل، مصالحے اور روزانہ پڑنے والی دھول کے دھبے صاف کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ آپ کے مسئلے کا حل بھی اسی جگہ موجود ہے جہاں آپ صفائی کرنا چاہتے ہیں۔ جی ہاں، کچن کے سامان میں وہ بھی بجٹ کے اندر۔

Kitchen Cleaning.Photo:INN
رسوئی گھر کی صفائی۔ تصویر:آئی این این

باورچی خانہ ہندوستانی گھروں کا سب سے اہم حصہ رہا ہے۔ اتنے ذائقے، اتنے پکوان پیٹ کے ساتھ ساتھ دل و دماغ کو بھی تسکین دیتے ہیں لیکن اسے صاف کرنا ایک مشکل کام ہے۔ ذائقے کے ساتھ ساتھ یہاں ہونے  والی گندگی سے نجات  پانا آسان نہیں ہے۔ ٹائلس پر لگنے والے ضدی تیل، مصالحے اور روزانہ پڑنے والی دھول کے دھبے صاف کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ بعض اوقات بازار میں دستیاب مہنگے کلینر بھی اس کام میں ناکام ہوجاتے ہیں لیکن آپ کے مسئلے کا حل بھی اسی جگہ موجود ہے جہاں آپ صفائی کرنا چاہتے ہیں۔ جی ہاں، کچن کے سامان میں  وہ بھی بجٹ کے اندر۔
یہ وہ چیزیں ہیں جو کھانا پکانے کے لیے استعمال ہوتی ہیں جیسے لیموں، بیکنگ سوڈا، چاول کا پانی اور چنے کا آٹا۔ یہ طاقتور اور مؤثر ٹائل کلینر کے طور پر بھی کام کرتے ہیں۔ اسی طرح کچن کی ٹائلس کو صاف کرنے کے چند انتہائی آسان فطری طریقے بتائے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے:۷؍ سے۸؍ بجے کے درمیان رات کا کھانا کھانے کے کیا فائدے ہیں ؟

نمک: نمک کھردرا ہے اور چکنائی یا گندگی کو دور کرنے میں بہت مؤثر ہے۔ اسے لیموں یا سرکہ میں ملا کر لگانے سے اثر بڑھ جاتا ہے۔ استعمال کرنے کے لیے چکنائی والے دھبوں پر براہ راست نمک چھڑکیں اور آدھے لیموں یا گیلے کپڑے سے رگڑیں۔ اس کے بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
لیموں کا رس: یہ تیل  کے چھینٹوں کو دور کرنے اور بدبو کو بے اثر کرنے کے لیے اچھا سمجھا جاتا ہے۔ اس میں فطری طور پر سائٹرک ایسڈ ہوتا ہے جو چکنائی کو دور کرتا ہے اور جراثیم کش کا کام کرتا ہے۔ استعمال کرنے کے لیے ایک کپ گرم پانی میں۲؍ کھانے کے چمچ لیموں کا رس ملا دیں۔ اسفنج کو ڈبو کر ٹائلس کو آہستہ سے رگڑیں۔ اسے۱۵؍ سے۲۰؍ منٹ تک لگا رہنے دیں، پھر صاف کر لیں۔ اس میں ایک چٹکی نمک ڈالیں یہ جادو کی طرح کام کرتا ہے۔
چاول کا پانی: زیادہ تر لوگ چاول کے پانی کے اس طرح کے استعمال سے لاعلم ہوں گے لیکن یہ ایک چھپا ہوا ہیرو ہے۔ یہ نرم صاف کرنے والے اور قدرتی پالش کے طور پر کام کرتا ہے۔ اسے استعمال کرنے کے لیے چاول کو ابالیں اور اس سے نکلنے والے ٹھنڈے پانی سے ٹائلوں پر چھڑکیں۔ اس کے بعد اسے نرم کپڑے سے صاف کریں۔
 بیکنگ سوڈا: بیکنگ سوڈا گہری صفائی کا بہترین علاج ہے۔ یہ ایک نرم لیکن مؤثر متبادل ہے۔ یہ قدرے کھرچنے والا ہے اور ٹائلوں کو نقصان پہنچائے بغیر داغوں کو ہٹا دیتا ہے۔ اسے استعمال کرنے کے لیے بیکنگ سوڈا کے۲؍ چمچوں میں پانی ڈال کر پیسٹ بنائیں اور اسے گندی ٹائلس پر۱۰؍ منٹ کے لیے لگائیں۔ نرم برش سے رگڑیں اور پانی سے دھو لیں۔
سرکہ: سرکہ ضدی چکنائی کو توڑتا ہے اور پرانی بدبو کو بھی دور کرتا ہے۔ مکسچر بنانے کے لیے اسے۱:۲؍ کے تناسب سے پانی میں ملا دیں۔ اس مکسچر کو ٹائلوں پر چھڑکیں اور۱۰؍ منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ اسے اسفنج  سے صاف کریں اور اچھی طرح دھو لیں۔
لہسن کے چھلکے: یہ بھی ایک چھپا ہوا ہیرو ہے جس کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ لہسن کے چھلکوں میں اینٹی بیکٹیریل خصوصیات ہوتی ہیں اور یہ قدرے تیزابیت والے ہوتے ہیں جو ٹائلس کی صفائی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان میں تھوڑا سا لیموں کا رس یا سرکہ ڈالیں۔ لہسن کے چھلکوں کو پانی میں۱۰؍ منٹ تک ابالیں۔ ٹھنڈا ہونے کے بعد اس مکسچر کو ٹائلس پر چھڑکیں اور صاف کپڑے سے صاف کریں۔
چنے کا آٹا: چنے کا آٹا اسکرب کا کام کرتا ہے اور چکنائی کے سخت داغوں سے نجات دلانے میں مدد کرتا ہے۔ یہ چولہے کے ارد گرد جمع تیل کو جذب کرنے کے لیے بہت اچھا ہے۔ چنے کے آٹے کو پانی میں ملا کر گاڑھا پیسٹ بنائیں اور اسے تیل والے دھبوں پر لگائیں اور۱۰؍ منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ آہستہ سے رگڑیں اور اچھی طرح  مکس  کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK