Inquilab Logo Happiest Places to Work

بچے کی پیدائش اور صحت کی بحالی: نئی ماں کیلئے مشورے

Updated: March 24, 2026, 3:13 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

خواتین کی زندگی میں ایسے مرحلے بھی آتے ہیں جب اُنہیں ہر طرح سے اپنا خیال رکھنا پڑتا ہے۔ بچے کی ولادت کے بعد اُنہیں اپنی جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی اور نفسیاتی صحت کا بھی خاطر خواہ جائزہ لینا چاہئے اور ضرورت محسوس ہو تو ماہرین سے مشورہ میں غفلت نہیں کرنی چاہئے۔

A new mother should wake up early in the morning and take long, deep breaths in the fresh air to refresh her mind. Photo: INN
نئی ماں کو چاہئے کہ صبح سویرے اٹھ کر تازہ ہوا میں لمبی اور گہری سانس لیں تاکہ ذہن کو تازگی مل سکے۔ تصویر: آئی این این

ماں بننے کا احساس بے حد خاص ہوتا ہے۔ اس درجے پر فائز ہونے والی خواتین ہی اس کیفیت کو سمجھ سکتی ہیں۔ لیکن بچے کی پیدائش کے بعد انہیں کمزوری لاحق ہوتی ہے ساتھ ہی بڑھتے وزن کا بھی سامنا ہوتا ہے۔ حمل کے دوران خواتین کا وزن بڑھ جاتا ہے، چونکہ اس دوران ڈاکٹرز کی دی گئی ہدایت کے مطابق خواتین کو اپنی صحت کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے، اس دوران ان کی خوراک بڑھ جاتی ہے، کھانے پینے کی طرف زیادہ توجہ دینے کی وجہ سے ان کا وزن بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس میں کوئی برائی نہیں کہ اگر آپ کا وزن بڑھ چکا ہے، تاہم بڑھتے وزن سے پریشان ہو کر کیا فوراً ہی ڈائیٹنگ کا آغاز کیا جاسکتا ہے؟ یہ سوال یقیناً خواتین کے ذہن میں ضرور آتا ہے۔ اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ بچہ ہونے کے فوراً بعد یعنی دوسرے دن ہی سے وزن کم کرنے کے بارے میں نہ سوچیں۔ اس وقت خواتین کو اندرونی کمزوری ہوتی ہے اور فوراً ہی سخت ڈائٹنگ نہ صرف ماں کی بلکہ اُن کے بچے کی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ خواتین میں حمل کے دوران چونکہ ہارمونز میں تبدیلیاں آجاتی ہیں۔ اسلئے انہیں چاہئے کہ وہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں۔ ایسی چیزیں کھائیں، جو ہائی کیلوریز پر مشتمل ہوں۔ اس ضمن میں مزید ماہرین کی کیا رائے ہیں یہاں دی جا رہی ہیں:

سب سے پہلے خواتین کو یہی کوشش کرنی چاہئے کہ حالیہ جسم میں آتی تبدیلی کی وجہ سے جو کمزوری ہوئی ہے، اسے دور کیا جائے۔ بچے کی پیدائش کے فوراً بعد وزن کم کرنے کے بارے میں نہ سوچیں۔ بلکہ پانی، جوسیز اور سوپ پیتی رہیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے پائے۔

یہ بھی پڑھئے: تیواسی عید: اپنوں سے ملنے کیلئے وقت نکالئے

خواتین کو چاہئے کہ صبح سویرے اٹھ کر تازہ ہوا میں لمبی اور گہری سانس لیں۔ یوں ان میں آکسیجن کی کمی نہیں ہوگی، ساتھ ہی اندرونی طور پر جو خلیات بچے کی پیدائش کی وجہ سے متاثر ہوئے ہوں گے، انہیں مطلوبہ مقدار میں آکسیجن ملے گی اور وہ جلدی ٹھیک ہوسکیں گے۔ آکسیجن کی وجہ سے نروس سسٹم بھی آرام دہ حالت میں آجائے گا اور ذہنی سکون بھی نصیب ہوگا۔

یہ بات اپنی جگہ درست ہے کہ بچے کی پیدائش کے بعد خواتین ذہنی تناؤ کا شکار ہوجاتی ہیں، ساتھ ہی انہیں کمزوری بھی محسوس ہونے لگتی ہے۔ جسم میں آتی تبدیلی کی وجہ سے ذہن پر بوجھ نہ ڈالیں۔ جسمانی کمزوری کو دور کرنے کے لئے اپنی خوراک کو بہتر بنائیں۔ زیادہ سے زیادہ پھل، سبزیاں اور گوشت کا استعمال کریں۔ اس بات سے نہ ڈریں کہ مزید موٹی ہوجائیں گی، ماہرین کا کہنا ہے کہ بچے کی پیدائش کے بعد ۶؍ ہفتے ماں کے لئے اہم ہوتے ہیں، اس دوران جسمانی کمزوری کو دور کرنے کے لئے غذائیت سے بھرپور اشیاء کا استعمال کریں تاکہ ان کی اپنی اور بچے کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوسکیں۔

خواتین ایسی غذائیں کھائیں جن میں پروٹین، فیٹی ایسڈ اور اینٹی آکسیڈینٹس موجود ہوں۔ اخروٹ، چیز، زیتون کا تیل اور انڈے کا استعمال کرکے مناسب مقدار میں فیٹی ایسڈ حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ اینٹی آکسیڈنٹس کے لئے سبز چائے، ڈارک چاکلیٹ، اسٹرابیری، رس بیری اور لوبیا کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ پروٹین کے حصول کے لئے انڈے، دالیں اور گوشت کا استعمال کریں۔ آئرن کی کمی کو دور کرنے کے لئے پالک کا استعمال کرنا اچھا رہتا ہے، پالک کو مختلف دالوں کے ساتھ ملا کر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ دودھ اور ڈیری مصنوعات کا استعمال کریں تاکہ کیلشیم کی کمی بھی دور ہوسکے۔

یہ بھی پڑھئے: عیدالفطر کے موقع پر خورد و نوش میں اعتدال ضروری

بچے کی پیدائش کے فوراً بعد ان کاموں سے گریز کریں:

* میٹھی اشیاء زیادہ نہ کھائیں، چینی کا استعمال زیادہ نہ کریں۔

* ذہنی تناؤ سے دور رہیں۔

* نیند کی کمی نہ ہونے دیں۔

* وزن جلدی کم کرنے کے چکر میں نہ پڑیں۔

ان تمام باتوں سے ماہرین اس لئے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ یہ تمام اشیاء جسم کے شفایاب ہونے کے عمل میں رکاوٹ بنتی ہیں۔

۶؍ ہفتے گزر جانے کے بعد وزن کم کرنے کا آغاز کیا جاسکتا ہے۔ اگلے مرحلے کے لئے ڈائٹنگ شروع کی جاسکتی ہے۔ اس دوران ڈائٹیشین سے مشورہ کرنا بہتر ہوتا ہے تاکہ جسم کسی غذائی جزو کا شکار نہ ہو۔ اس دوران ہلکی پھلکی ورزش کی جاسکتی ہے یا روزانہ ۱۵؍ منٹ چہل قدمی کا معمول بنائیں۔

یہ بھی پڑھئے: چاند رات اور عین وقت کی جانے والی تیاریاں

سب سے اہم بات، خود کو بیمار سمجھنے کی غلطی نہ کریں۔ مناسب آرام کریں۔ اس دوران بچے کو سنبھالنے کیلئے اہل خانہ کا تعاون حاصل کریں۔ منفی باتوں اور خیالات سے خود کو دور رکھیں۔ خیال رہے، بچے کی پیدائش کے فوراً بعد ایک ساتھ زیادہ وزن کم کرنے کے چکر میں سخت ڈائٹنگ ہرگز نہ کریں ورنہ بجائے فائدے کے آپ کو اُلٹا نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی ڈائٹ پلان پر عمل کرنے سے قبل ڈائٹیشین سے مشورہ کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK