• Mon, 16 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بورڈ امتحانات: کامیابی کے سفر میں ماں کا روشن کردار

Updated: February 16, 2026, 3:15 PM IST | Dr. Sharmeen Ansari | Mumbai

بارہویں کے امتحانات جاری ہیں اور عنقریب دسویں جماعت کے پرچے بھی شروع ہونے والے ہیں۔ اس دوران ماؤں کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ امتحان کے کمرے میں حالانکہ بچہ اکیلا پرچہ حل کر رہا ہوتا ہے، مگر اس کی کامیابی کے پیچھے ایک ماں کی مسلسل محنت، دعا اور قربانی شامل ہوتی ہے۔

Mothers sitting with their children during school hours also has a positive effect. Photo: INN
پڑھائی کے دوران ماں کا بچوں کے ساتھ بیٹھنا بھی مثبت اثر رکھتا ہے۔ تصویر: آئی این این

دسویں اور بارہویں کے بورڈ امتحانات کسی بھی طالب علم کی تعلیمی زندگی کا نہایت اہم مرحلہ ہوتے ہیں۔ یہ وہ وقت ہوتا ہے جب محنت، منصوبہ بندی اور درست رہنمائی مل کر کامیابی کی بنیاد رکھتی ہیں۔ ان دنوں میں اگر کسی ایک کردار کی اہمیت سب سے زیادہ نمایاں ہوتی ہے تو وہ ماں کا کردار ہے، جو اپنی محبت، سمجھداری اور حوصلہ افزائی سے بچے کو کامیابی کی راہ پر مضبوطی سے آگے بڑھاتی ہے۔

یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ امتحان کے کمرے میں حالانکہ بچہ اکیلا پرچہ حل کر رہا ہوتا ہے، مگر اس کی کامیابی کے پیچھے ایک ماں کی مسلسل محنت، دعا اور قربانی شامل ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: گھر سنبھالنا بھی ایک فن ہے

ماں کے حوصلہ افزا الفاظ:

کامیابی سب سے پہلے سوچ میں جنم لیتی ہے۔ جب بچے کے ذہن میں اعتماد، یکسوئی اور مثبت احساسات ہوں تو وہ اپنی بہترین صلاحیت کے ساتھ کارکردگی دکھاتا ہے۔ ماں کا سب سے اہم کام یہی ہوتا ہے کہ وہ بچے کے دل و دماغ میں کامیابی کا یقین پیدا کرے۔

ماں کے نرم اور حوصلہ افزا الفاظ بچے کو یہ احساس دلاتے ہیں کہ وہ پوری طرح تیار ہے اور اس کی محنت رنگ لانے والی ہے۔ جب ماں پورے یقین کے ساتھ کہتی ہے ’’تم ضرور اچھا کرو گے، مجھے تم پر پورا بھروسہ ہے!‘‘ تو یہ جملہ بچے کے اندر خود اعتمادی کی ایک مضبوط بنیاد رکھ دیتا ہے۔ یہ بنیاد اسے کامیابی سے ہمکنار کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کہیں ہم زندہ ہوتے ہوئے مر تو نہیں گئے....؟

ماں کا مثبت رویہ:

امتحانات کے دنوں میں ماں کا رویہ بچے کی کارکردگی کو نکھارنے میں فیصلہ کن کردار ادا کرتا ہے۔ مثبت گفتگو، مسکراتا ہوا چہرہ اور اطمینان بھرا انداز بچے کے ذہن کو پرسکون رکھتا ہے۔ ماں جب نتائج کے بجائے محنت اور تیاری پر توجہ دیتی ہے تو بچہ دل جمعی سے پڑھائی میں مصروف رہتا ہے اور ہشاش بشاش بھی رہتا ہے۔

ماں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بچے کو یہ سکھائے کہ مستقل مزاجی، نظم و ضبط اور خود پر یقین کامیابی کے بنیادی اصول ہیں۔ ایسا ماحول بچے کو اپنی پوری صلاحیت استعمال کرنے کا موقع دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: یہ غذائیں معمر افراد کی صحت کے لئے فائدہ مند ہوں گی

گھر کا ماحول: 

کامیابی کے لئے صرف کتابیں کافی نہیں ہوتیں، بلکہ ایک پرسکون اور منظم ماحول بھی ضروری ہوتا ہے۔ ماں اپنے تدبر سے گھر کو ایسی جگہ بنا سکتی ہے جہاں بچہ بغیر کسی رکاوٹ کے یکسوئی سے مطالعہ کر سکے اور آرام کو بھی ترجیح دے سکے۔

گھر میں ترتیب، وقت کی پابندی اور خاموش تعاون بچے کے ذہن کو مضبوط بناتا ہے۔ ماں کی یہی کوشش بچے کو امتحانات کے دوران مکمل توجہ اور اعتماد فراہم کرتی ہے، جو بہترین نتائج کے حصول میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ ساتھ ہی بچہ غیر ضروری دباؤ سے محفوظ رہتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: رمضان کریم کی آمد آمد ہے: کچھ تیاری کرلی آپ نے؟

صحت اور توانائی کا خیال:

کامیابی کے لئے جسمانی اور ذہنی توانائی کا متوازن ہونا نہایت ضروری ہے۔ ماں اس بات کو بخوبی سمجھتی ہے کہ مناسب نیند، متوازن غذا اور باقاعدہ آرام بچے کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے۔

غذائیت سے بھرپور گھریلو کھانا، وقت پر سونا اور ہلکی جسمانی تازگی بچے کو پورے اعتماد کے ساتھ امتحان دینے کے قابل بناتی ہے۔ ایک صحت مند جسم اور تازہ دم ذہن ہی کامیابی کو یقینی بناتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹومیٹو فیشیل؛ چہرے کی چمک بڑھائے اور جلد کی نگہداشت کرے

ماں کی حوصلہ افزائی:

کامیابی کے سفر میں بچے کو سب سے زیادہ جس چیز کی ضرورت ہوتی ہے، وہ حوصلہ افزائی ہے۔ ماں کی موجودگی، اس کی دعائیں، اس کی مسکراہٹ اور اس کی حوصلہ افزا باتیں بچے کے لئے ایک مسلسل توانائی کا ذریعہ بنتی ہیں۔

جب ماں بچے کے ساتھ بیٹھ کر اس کی تیاری کے بارے میں اطمینان ظاہر کرتی ہے، اس کی محنت کو سراہتی ہے اور اس کے نظم و ضبط کی تعریف کرتی ہے، تو بچہ اور زیادہ لگن کے ساتھ آگے بڑھتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بچوں کی زبان سے نکلا ہر لفظ اُن کی تربیت کا عکاس ہوتا ہے

ماں کی دعا:

ماں کی دعا وہ طاقت ہے جو نظر نہیں آتی مگر اثر ضرور دکھاتی ہے۔ ماں کی نیت، اس کا یقین اور اس کی خاموش دعائیں بچے کے لئے کامیابی کے راستے ہموار کر دیتی ہیں۔ یہ دعائیں بچے کے دل میں سکون اور دماغ میں یکسوئی پیدا کرتی ہیں، جو امتحان میں بہترین کارکردگی کا سبب بنتی ہیں۔

دسویں اور بارہویں کے بورڈ امتحانات کامیابی کی طرف ایک مضبوط قدم ہیں۔ جب ماں اپنی محبت، سمجھ داری، مؤثر حکمت عملی، مثبت سوچ اور اعتماد کے ساتھ بچے کا ساتھ دیتی ہے تو کامیابی خود بخود اس کے قدم چومتی ہے۔ یقیناً، وہی بچہ شاندار کامیابی حاصل کرتا ہے جس کے پیچھے ایک پُرامید، پُراعتماد اور باحوصلہ ماں کھڑی ہو:

ماں سے بڑھ کر کوئی نام کیا ہوگا

اس نام کا ہم سے احترام کیا ہوگا

جس کے پیروں کے نیچے جنت ہے

اس کے سر کا مقام کیا ہوگا!

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK