Inquilab Logo

خواتین اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور مہارتوں کو بروئے کار لائیں

Updated: April 15, 2024, 11:33 AM IST | Nikhat Anjum Nazimuddin | Mumbai

دور جدید میں خواتین کو اپنی صلاحیت اور قابلیت منوانے کیلئے بے شمار مواقع دستیاب ہیں بشرطیکہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو پہچانیں اور بروئے کار لائیں۔ گھر کے کام، بچوں اور دیگر افراد خانہ سے متعلق ذمہ داریوں کو انجام دیتے ہوئے بھی خواتین فارغ اوقات میں اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی کوشش کرسکتی ہیں۔

Women can thrive by using their skills properly. Photo: INN
اپنے ہنر کا درست استعمال کرتے ہوئے خواتین ترقی کی منازل طے کرسکتی ہیں۔ تصویر: آئی این این

اگلے وقتوں میں خواتین اپنی قابلیت امور خانہ داری اور دیگر معاملات میں دکھاتی نظر آتی تھیں۔ لیکن دور جدید میں بھی خواتین کو اپنی صلاحیت اور قابلیت منوانے کیلئے بے شمار مواقع دستیاب ہیں بشرطیکہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو پہچانیں اور بروئے کار لائیں۔ گھر کے کام، بچوں اور دیگر افراد خانہ سے متعلق ذمہ داریوں کو انجام دیتے ہوئے بھی خواتین فارغ اوقات میں اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی کوشش کرسکتی ہیں۔ انٹرنیٹ کا زمانہ ہے۔ آج سوشل میڈیا کے ذریعے دستیاب پلیٹ فارمز پر اپنی شخصیت اور اپنے ہنر کو متعارف کروانا بے حد آسان ہوگیا ہے۔ خواتین اپنے ہنر سے نہ صرف نام کما سکتی ہیں بلکہ مالی فائدہ بھی حاصل کرسکتی ہیں۔ اسی طرح آپ کے کام سے لوگ متعارف بھی ہونگے اور مستفید بھی ہونگے۔ 
پینٹنگ
اپنے تصورات کو کینوس پر اتارنے کا ہنر خدا داد بھی ہوتا ہے اور اکثر کلاسیز کے ذریعے سیکھا بھی جا سکتا ہے۔ اگر آپ میں یہ ہنر موجود ہے تو اس پر مزید کام کریں اسے نکھاریں۔ تصاویر بنا کر آپ فروخت کرسکتی ہیں۔ طلبہ کی کلاسیز لے سکتی ہیں۔ اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے لوگوں کو بنیادی معلومات سے سکھانا شروع کر سکتی ہیں۔ آپ کو اگر اس فن میں ماہر ہوجاتی ہیں تو لوگ آپ کے چینل کے ذریعے سیکھنا پسند کریں گے اور بہت جلد آپ کا چینل شہرت پائے گا۔ چینل مانیٹائز کر آپ اچھی خاصی ماہانہ رقم کما سکیں گی۔ اسی طرح آپ مصوری کے مقابلوں میں بھی حصہ لے سکتی ہیں۔ 
کھانا پکانے کا ہنر
خواتین کی زندگی کا سب سے اہم شعبہ کوکنگ ہے۔ یہ ہمارا روزمرہ کا کام ہے اس لئے اس میں ہماری خاص دلچسپی ہوتی ہے۔ ہم میں سے بیشتر خواتین اپنے باورچی خانے میں نت نئے تجربات کرتی ہیں۔ ایک ہی ڈش کو الگ الگ طریقے سے تیار کرنے کے ہنر سے واقف ہوتی ہیں۔ اسی طرح وہ باورچی خانے سے متعلق تجاویز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کرسکتی ہیں۔ خواتین کو باورچی خانہ اور گھر سلیقہ مندی سے سنبھالنے کی ترغیب دے سکتی ہیں۔ آپ اپنی اس مہارت کے ذریعے کوکنگ کے ہونے والے مقابلوں میں بھی حصہ لے سکتی ہیں۔ خود کو اور اپنے ہنر کو متعارف کروانے کا یہ ایک بہترین ذریعہ ہے۔ 
آرٹ اور کرافٹ
اگر آپ آرٹ اور کرافٹ کے مختلف نمونے بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں تو بہت خوش آئند بات ہے کیونکہ آج کل گھروں کی سجاوٹ اور آرائش کا رجحان ہر دوسرے شخص میں موجود ہے۔ آپ اپنے ان تخلیقی فن پاروں کو فروخت کرکے پیسے کماسکتی ہیں۔ اپنے گھر کو بہترین طریقے سے سجانے کے ساتھ اپنے بچوں کے جمالیاتی ذوق میں بھی اضافہ کرسکتی ہیں۔ اسی طرح سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے آپ دیگر خواتین کو یہ تخلیقی سرگرمیاں سیکھنے اور انجام دینے کی جانب راغب کرسکتی ہیں۔ 
خطاطی
اسے سیکھنا سکھانا ایک مناسب شعبہ ہے۔ آپ کیلیگرافی کی کلاسیز لے سکتی ہیں۔ متعدد طلبہ آپ کے ہنر سے مستفید ہوں گے۔ زبان کو فروغ حاصل ہوگا۔ اسی طرح آپ قرآنی آیتیں تحریر کرکے انہیں فریم کروا سکتی ہیں۔ اس ہنر کے ذریعے آپ کیلیگرافی کے مقابلوں میں حصہ بھی لے سکتی ہیں اور کامیاب ہوسکتی ہیں۔ 
سلائی اور فیشن ڈیزائننگ
آج کل برانڈ، فیشن اور جدت پسندی کے بڑھتے ہوئے رجحان سے آپ واقف ہیں۔ ہم یوٹیوب پر ایسی کئی خواتین کو آئے دن دیکھتے ہیں جنہوں نے مشہور ڈیزائنرز کے بنائے گئے ملبوسات (جو لاکھوں کی مالیت کے ہوتے ہیں ) کو نہایت ہی کم اخراجات میں گھر میں بنا کر نام کمایا ہے۔ ہم اپنی حدود کا خیال رکھتے ہوئے فیشن ڈیزائننگ اور سلائی میں اپنے ہنر کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ اسے بطور پروفیشن بھی اختیار کرسکتے ہیں۔ اسی طرح اپنا بوتیک بھی شروع کر سکتے ہیں۔ 
ہوم ڈیکور
ہوم ڈیکور کا رجحان بے حد تیزی سے فروغ پارہا ہے۔ ہر فرد جو اپنے کاروبار، جاب یا دیگر کاموں کی وجہ سے گھنٹوں گھر سے باہر ہوتا ہے گھر آکر ایک آرام دہ ماحول والا، سجا ہوا، سہولتوں سے مزین گھر چاہتا ہے۔ خواتین ہوں یا مرد اپنے گھر کی آرائش کی بساط بھر کوشش ضرور کرتے ہیں۔ آپ اس مہارت کو سیکھ کر انفرادی طور پر اپنے گھر کی آرائش تو کر ہی سکتی ہیں ساتھ ہی بطور پروفیشن بھی اسے اختیار کر سکتی ہیں اور اس مہارت سے نام اور کام دونوں کما سکتی ہیں۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے آپ کے ذوق کی تسکین بھی ہوگی۔ 
محنت کے ذریعے آپ اس میں مہارت حاصل کر سکتی ہیں اور اپنی اور دوسروں کی شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK