زندگی کا حسن تعلقات سے عبارت ہے لیکن تعلقات اسی وقت خوشگوار رہتے ہیں جب ان کی بنیاد احترام، اعتماد اور باہمی شعور پر استوار ہو۔ جہاں ہم اپنی ذات کی حدود سے غافل ہو جاتے ہیں وہاں محبت بھی بوجھ بننے لگتی ہے، خلوص آزمائش میں بدل جاتا ہے اور نزدیکیوں کے باوجود دلوں میں فاصلے پیدا ہوجاتے ہیں۔
ہر انسان کے اندر ایک الگ دنیا آباد ہوتی ہے۔ جس میں اس کے احساسات، خواب، ترجیحات، اس کی شخصی خوبیاں اور خامیاں شامل ہیں۔ ایک انسان کی ان ہی خصوصیات کا احترام کرنا دوسرے انسان کیلئے ضروری ہے اور اسی احترام کا نام حدود ہے۔ ہمارے معاشرے میں ایثار اور قربانی کو ہمیشہ بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے لیکن بعض اوقات یہی خو صورت اقدار ایسی صورت اختیار کر لیتی ہیں کہ ہم اپنی ذات کو فراموش کر بیٹھتے ہیں۔ ہر آواز پر حاضر رہتے ہیں، متعلقہ فرد کی خواہش کی تکمیل کو اپنی ذمہ داری سمجھ لیتے ہیں اور ہر مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھ کر حل کیلئے کوشاں ہو جاتے ہیں۔ بظاہر یہ رویہ محبت کا اظہار معلوم ہوتا ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہی طرزِ فکر خاموش تھکن، بے بسی اور محرومی پیدا کر دیتا ہے۔ جو شخص ہمیشہ دوسروں کیلئے جیتا رہے ایک دن وہ اپنے اس عمل سے تھکنے لگتا ہے۔ بس یہیں سے حدود قائم کرنے کا خیال اس کے دل میں پیدا ہوتا ہے۔
حدود دراصل انسان کی عزتِ نفس کا حصار ہیں۔ جس طرح ایک گھر کی چار دیواری اس کی حفاظت کرتی ہے اسی طرح شخصیت کے گرد قائم کردہ حدود انسان کے وقار، سکون اور انفرادی شناخت کی نگہبانی کرتی ہیں۔ جس انسان کو اپنی اہمیت کا احساس ہو وہ اپنی رائے کا احترام کرتا ہے، اپنے وقت کی قدر جانتا ہے اور اپنی توانائی کو بے مقصد مصرف ہونے سے بچاتا ہے۔ ایسی شخصیات دوسروں کیلئے بھی احترام کا باعث بنتی ہیں کیونکہ دنیا اکثر اسی انسان کی قدر کرتی ہے جو اپنی قدر خود کرتا ہے۔ بہت سے لوگ انکار کو بدتمیزی سمجھتے ہیں حالانکہ شائستگی کے ساتھ کیا گیا انکار اخلاق کے منافی نہیں ہوتا۔ ہر مطالبہ قبول کرنا، سبھی کی توقعات پر پورا اترنا یا ساری ذمہ داری اپنے سَر لے لینا عقلمندی نہیں۔ انسان کی جسمانی طاقت و ذہنی صلاحیت محدود ہے اور جذباتی برداشت بھی ایک حد تک ہی ساتھ دیتی ہے۔ ان حقیقتوں سے صرفِ نظر کرنے والا انسان آہستہ آہستہ اپنے وجود پر ظلم کرنے لگتا ہے۔ اس کے چہرے پر مسکراہٹ تو باقی رہتی ہے لیکن دل خاموش احتجاج میں مبتلا ہو جاتا ہے۔
حدود ہمیں یہ شعور عطا کرتی ہیں کہ ہم اوروں کی زندگی کے مالک نہیں ہیں اور نہ ہی کوئی اور ہماری زندگی کا مالک ہے۔ ہر فرد کو اپنی پسند، اپنی رائے اور اپنی زندگی کے فیصلے کرنے کا حق حاصل ہے۔ اختلاف کا مطلب دشمنی نہیں ہوتا اور اتفاقِ رائے ہر تعلق کی لازمی شرط بھی نہیں ہوتی، اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ فکری آزادی ہی وہ فضا پیدا کرتی ہے جہاں محبت سانس لیتی ہے اور اعتماد پروان چڑھتا ہے۔ جبر سے وابستگی پیدا نہیں ہوتی کیونکہ دل صرف احترام سے جیتے جاتے ہیں۔ گھریلو زندگی میں بھی اس حقیقت کی اہمیت ہے۔ ہم جانتے ہی ہیں کہ والدین کی محبت بے مثال ہوتی ہے۔ اولاد ان کی آنکھوں کا نور ہوتی ہے۔ اسی طرح میاں بیوی ایک دوسرے کا سہارا بنتے ہیں لیکن ان تمام رشتوں میں شخصیت کی انفرادیت برقرار رہنا ضروری ہے۔ ہر وقت اگلے شخص کی نگرانی کرنا، افراد خانہ کے معاملات میں مسلسل مداخلت کرنا یا اپنی مرضی دوسروں پر تھوپنے کی خواہش رکھنا، تعلقات میں ایسی دراڑیں پیدا کر دیتا ہے جو بسا اوقات برسوں تک باقی رہتی ہیں۔ محبت کا تقاضا اعتماد ہے اور اعتماد آزادی کے احساس سے جنم لیتا ہے۔
جو شخص اپنی زندگی کے گرد نظم و ضبط کا حصار قائم کر لیتا ہے، اسکے خیالات میں ٹھہراؤ آ جاتا ہے، فیصلوں میں پختگی پیدا ہوتی ہے اور زندگی بامقصد محسوس ہونے لگتی ہے۔ ہمارا مذہب ہمیں توازن، عدل اور وقار کی تعلیم دیتا ہے۔ حقوق کی ادائیگی کے ساتھ اپنی عزت اور اپنی ذمہ داریوں کی حفاظت بھی اسی تعلیم کا حصہ ہے۔ نرم مزاجی، خوش اخلاقی اور درگزر یقیناً اعلیٰ اوصاف ہیں مگر کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ان اوصاف سے بےجا فائدہ اٹھائے۔ حکمت، اعتدال اور بصیرت ہی وہ راستہ ہے جو ہمیں انتہا پسندی سے محفوظ رکھتا ہے۔ حدود قائم کرنا دلوں کے درمیان دیواریں کھڑی کرنا نہیں ہے بلکہ دلوں کو ٹوٹنے سے بچانا ہے۔ یہ تعلقات میں فاصلے پیدا کرنے والا عمل نہیں ہے بلکہ اس سے تعلقات دیرپا ثابت ہوتے ہیں۔ یاد رہے کہ جو انسان اپنی ذات کی حفاظت کرنا سیکھ لیتا ہے، وہ اوروں کے حقوق کی حفاظت بھی زیادہ دیانتداری سے کرتا ہے کیونکہ اسے معلوم ہوتا ہے کہ عزت، سکون اور آزادی کی خواہش ہر دل میں یکساں طور پر موجود ہوتی ہے۔ زندگی کی پختگی اسی لمحے شروع ہوتی ہے جب ہم یہ جان لیتے ہیں کہ محبت کا مفہوم اپنی ذات کو مٹا دینا نہیں ہے بلکہ اپنی ذات کو سنوار کر اوروں کیلئے خیر کا ذریعہ بننا ہے۔ یہی شعور انسان کو باوقار بناتا ہے، انسانی تعلقات کو استحکام عطا کرتا ہے اور معاشرے میں ایسی فضا قائم کرتا ہے جہاں محبت بھی برقرار رہتی ہے اور انسانیت بھی محفوظ ہوتی ہے۔