’ملینیلز ‘اور ’بے بی بومرز‘ کی نسل ملازمت سے وفاداری، طویل اوقاتِ کار اور ذاتی قربانی کو کامیابی کی بنیاد سمجھتی رہی لیکن جین زی ......
ملک اور دنیا میں جنریشن زی (جین زی) یعنی نوجوان نسل کی کام اور ملازمت کے حوالے سے ترجیحات، میلینیلز جیسی پرانی نسلوں سے مختلف ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر جین زی کو سست یا غیر ذمہ دار سمجھا جاتا ہے۔ تاہم، جین زی نسل کام کو اپنی زندگی کا واحد مرکز بنانے کے بجائے اسے زندگی کا ایک حصہ سمجھتی ہے۔ یہ نسل اچھی تنخواہ کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت، ورک لائف بیلنس، ذاتی احترام اور کام میں ایک بامعنی مقصد کو سب سے زیادہ ترجیح دیتی ہے۔
طویل عرصے تک ملازمت کو شناخت اور کامیابی کا پیمانہ سمجھنے والی پرانی سوچ کی جگہ اب ایسی نسل آ رہی ہے جو کام کو زندگی کا ایک حصہ سمجھتی ہے، پوری زندگی نہیں۔اے آئی، ڈیجیٹل نگرانی، غیر مستحکم روزگار، بڑھتی ہوئی ملازمتوں سے برطرفی اور مہنگے طرزِ زندگی نے اس نسل کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ ملازمت کے لیے پوری زندگی داؤ پر نہیں لگائی جا سکتی۔
دوسری جانب، میلینیلز اور ’بے بی بومرز‘ کی نسل ملازمت سے وفاداری، طویل اوقاتِ کار اور ذاتی قربانی کو کامیابی کی بنیاد سمجھتی رہی ہے۔ اسی وجہ سے دونوں نسلوں کے درمیان ورک ایتھک (کام کے تئیں رویے اور اخلاقیات) کے تئیں اختلاف نظر آتا ہے۔
ایک سروے میں جہاں۴۶؍ فیصد لوگوں نے بومرز کو سب سے مضبوط ورک ایتھک رکھنے والی نسل قرار دیا، وہیں صرف۹؍ فیصد لوگوں نے جین زی کو اس کا مستحق سمجھا۔ کچھ عرصہ قبل کیے گئے ایک سروے میں۷۴؍ فیصد مینیجرز نے کہا تھا کہ ان کے لیے جین زی کے ساتھ کام کرنا مشکل ہے۔
جین زی روایتی ورک کلچر میں تبدیلی چاہتی ہے
پروفیشنل سروسیز کمپنی کے پی ایم جی کے امریکہ میں کیے گئے ایک سروے میں۴۷؍ فیصد جین زی افراد نے کہا کہ وہ روایتی۹؍ سے ۵؍ کام کرنے کے کلچر میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ ان کے لیے تنخواہ سے پہلے وقت اور زندگی کے درمیان توازن زیادہ اہم ہے۔
ڈیلائٹ (Deloitte) کی ایک عالمی تحقیق کے مطابق،۴۶؍ فیصد جین زی ملازمین زیادہ تر وقت ذہنی دباؤ یا بے چینی محسوس کرتے ہیں۔ اسی لیے وہ ایسی کمپنیوں کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں جو ذہنی صحت اور کام کے لچکدار ماحول کو ترجیح دیں۔
جین زی ملازمت کیساتھ اپنے شوق بھی پورے کر رہے ہیں
ورک لائف بیلنس کی خواہش رکھنے والے جین زی نوجوان ملازمین دراصل کام سے جی نہیں چرا رہے۔ امریکی بیورو آف لیبر اسٹیٹسٹکس کے اعداد و شمار کے مطابق،۲۰؍ سے۲۴؍ سال کی عمر کے کل وقتی ملازمین ہفتے میں اوسطاً۴۰ء۵؍ گھنٹے کام کرتے ہیں۔ ۲۵؍ سال اور اس سے زیادہ عمر کے کارکنوں میں یہ اوسط۴۱ء۹؍ گھنٹے تھی۔ کئی مطالعات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جین زی کے ایک بڑی تعداد میں نوجوان ملازمت کے ساتھ ساتھ کوئی نہ کوئی اضافی کام یا شوق بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ فری لانسنگ، کانٹینٹ کریئیشن اور آمدنی کے دیگر اضافی ذرائع تلاش کر رہے ہیں۔ یعنی جین زی کے لئے کام سے دوری نہیں بلکہ کام اور زندگی کے درمیان بہتر توازن زیادہ اہم ہے۔ ان کی نظر میں ملازمت زندگی کو بہتر بنانے کا ذریعہ ہے، زندگی کا واحد مقصد نہیں۔
جانئے آپ کس ’جنریشن‘ سے ہیں
Lost Generation: 1883–1900
Greatest Generation: 1901–1927
Silent Generation: 1928–1945
Baby Boomers:1946–1964
GenerationX: 1965–1980
Millennials (Gen Y): 1981–1996
Generation Z: 1997–2012
Generation Alpha: 2013–2024
n Generation Beta: 2025–2039