• Wed, 09 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ پروفیشنل نیٹ ورکنگ‘‘ سے جین زی کیوں ہچکچاتے ہیں؟

Updated: September 09, 2026, 3:59 PM IST | Roshni Chakraborty/INN | Mumbai

سوشل نیٹ ورکنگ سروس لِنکڈاِن کی ایک تحقیق کے مطابق کمپنیوں میں اندرونی رابطے رکھنے والے امیدواروں کوملازمت کے حصول میں ۵ء۸ ؍گنا فائدہ ہوتا ہے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

پروفیشنل نیٹ ورکنگ بڑے کام کی چیز ہے۔ حال ہی میں لِنکڈ اِن کے ایک سروے میں اسکی افادیت مزید واضح  ہوگئی ہے۔معروف سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم کی جانب سے ملازمت اور سوشل نیٹ ورکنگ کے حوالے سے ایک تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں معلوم ہوا کہ پروفیشنل نیٹ ورکنگ رکھنے والے ہندوستانی امیدواروں کو ملازمت حاصل کرنے میں ۵ء۸؍ گنا فائدہ ہوتا ہے۔

لنکڈ اِن کی تحقیق کے مطابق، ایسے ہندوستانی ملازمت کے امیدوار جن کے پاس لنکڈ اِن پر کسی کمپنی  کے اندرونی فرد سے رابطہ موجود ہو، ان کے ملازمت حاصل کرنے کے امکانات ایسے امیدواروں کے مقابلے میں تقریباً۸ء۵؍ گنا زیادہ ہوتے ہیں جن کا کوئی اندرونی رابطہ نہیں ہوتا۔

یہ بھی پڑھئے: ریاضی میں ۴۱؍نمبر لانے والا طالب علم آئی آئی ٹی بامبے کیسے پہنچا؟

تاہم، پیشہ ورانہ نیٹ ورکنگ کی اہمیت کو سمجھنے اور عملی طور پر نیٹ ورکنگ کرنے کے درمیان ایک واضح فرق موجود ہے۔ ہندوستان میں۸۳؍فیصد جین زی پروفیشنلز ایسے افراد سے نیٹ ورکنگ کرنے میں ہچکچاتے ہیں جو ان کے کریئر میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہیں اس بات کا خوف ہوتا ہے کہ کہیں دوسرے لوگ ان کے متعلق کوئی رائے نہ قائم کرلیں،مثلاً کسی کو پریشان کرنے کا احساس، یا یہ خدشہ کہ ان کی بات مصنوعی یا غیر مخلص محسوس ہوگی۔ اس کے باوجود تقریباً۷۹؍فیصد افراد تسلیم کرتے ہیں کہ پیشہ ورانہ تعلقات اہم ہیں۔لیکن۵۲؍فیصد کا کہنا ہے کہ انہیں معلوم نہیں کہ ایسے تعلقات بنانا کہاں سے شروع کریں، جبکہ۵۳؍ فیصدافراد کیلئے موجودہ رابطوں کو بامعنی تعلقات میں تبدیل کرنا مشکل ہے۔

 رابطے کیوں اہم ہو سکتے ہیں؟

پیشہ ورانہ نیٹ ورک صرف ملازمت کی سفارش تک محدود نہیں ہوتے۔ یہ امیدواروں کو ملازمت کے مواقع دریافت کرنے، کسی صنعت کو بہتر طور پر سمجھنے، تجربہ کار افراد سے مشورہ لینے اور بھرتی کے عمل میں شامل لوگوں کی نظر میں آنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ہندوستان میں تقریباً ہر ۳؍ میں سے ایک، یعنی ۳۰؍ فیصد جنریشن زی پروفیشنلز کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی اگلی ملازمت آن لائن موجود اپنی پیشہ ورانہ کمیونٹی کے ذریعے ملی۔

اس بات کے بھی شواہد موجود ہیں کہ چھوٹی چھوٹی بات چیت بھی فرق پیدا کر سکتی ہے۔ عالمی سطح پر لنکڈ اِن کے وہ صارفین جنہوں نے اپنے نیٹ ورک کے لوگوں کی پوسٹس کے ساتھ اِنٹریکشن کیا ہو، ان کے بارے میں تقریباً ۳؍ گنا زیادہ امکانہوتا ہے کہ انہیں کنکشن ریکویسٹ موصول ہو۔ نوجوان پروفیشنلز کیلئے دوسروں کی مدد کرنے کی خواہش شاید ان کی توقع سے کہیں زیادہ ہو۔ سروے میں شامل تقریباً۹۲؍ فیصد ملینیئلز اور۹۵؍ فیصد جنریشن ایکس پروفیشنلز کا کہنا ہے کہ وہ کسی ایسے شخص کو بھی کریئر سے متعلق مشورہ اور مدد فراہم کریں گے جو اپنے کریئر کا آغاز کر رہا ہو، چاہے وہ اسے ذاتی طور پر نہ جانتے ہوں۔

یہ بھی پڑھئے:امریکہ، برطانیہ اور کنیڈا کے مقابلے جرمنی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنانسبتاً کفایتی

 نیٹ ورکنگ کا آغازایسے کریں

لنکڈ اِن کی کریئر ایکسپرٹ اور ہندوستان کی سینئر مینیجنگ ایڈیٹر نراجیتا بینرجی کے مطابق، نیٹ ورکنگ کا آغاز کسی اجنبی شخص کو اچانک یہ پیغام بھیج کر کرنے کی ضرورت نہیں کہ ’’مجھے ملازمت چاہیے۔‘‘ اس کا ایک آسان طریقہ یہ ہے کہ ایسے لوگوں سے رابطہ قائم کیا جائے جن کے ساتھ آپ کا اسکول، یونیورسٹی، صنعت یا پیشہ ورانہ دلچسپی مشترک ہو۔ ان کے کام کو فالو کرنا اور ان کی پوسٹس پر اپنا ردِعمل دینا پہلی بات چیت کو زیادہ فطری بنا سکتا ہے۔ کسی پوسٹ پر ایک اچھا تبصرہ، سوال یا مفید نقطۂ نظر بھی گفتگو شروع کرنے کے لیے کافی ہو سکتا ہے۔تاہم اس سے بھی بڑی غلطی یہ ہو سکتی ہے کہ آپ ملازمت کی فوری ضرورت پڑنے تک نیٹ ورکنگ کا انتظار کرتے رہیں۔ صرف ملازمت کے لئے درخواست دیتے وقت تعلقات قائم کرنا نیٹ ورکنگ کو محض ایک مطلبی یا لین دین پر مبنی عمل بنا سکتا ہے۔ نوجوان ملازمت کے متلاشی افراد کیلئے اس تحقیق کا سبق بالکل واضح ہے:اپنا نیٹ ورک اس وقت بنائیں جب آپ کو اس کی ضرورت نہ ہو، تاکہ ضرورت پڑنے پر وہ آپ کے کام آ سکے۔

’لِنکڈاِن ‘پر اثردار پروفائل کیلئے
~پروفائل میں پروفیشنل ہیڈشاٹ لگائیں، اپنی ہیڈلائن میں اہمیت اور کردار کو نمایاں  رکھیں۔ ’اَ باؤٹ سیکشن‘ میں اپنے کام کے تجربے اور ہدف کو دل چھولینے والے انداز میں لکھیں، ایکسپرینس، اسکل اور ایجوکیشن کو اَپ ڈیٹ  رکھیں۔
پرسنلائز ڈ ریکویسٹ بھیجیں، مثلاً
Hi abc, your journey in xyz field really inspires me. Would love to connect and learne more.
زیادہ سے زیادہ تعلقات کے بجائے بہتر سے بہتر کنکشن پر توجہ دیں، اپنی انڈسٹری کے پروفیشنلز،ایچ آر اور ہائرنگ منیجرز سے جڑیں،مینٹور اور کالج ساتھیوں سے رابطے میں رہیں۔
پروفائل بناکر بھول نہ جائیں،اس پر کام سے متعلق سیکھنے کی باتیں شیئر کریں،انڈسٹری کے اپ ڈیٹس ڈالیں،اپنی حصولیابیاں شیئر کریں۔
اِنگیجمنٹ صرف پوسٹ لکھنے سے نہیں بلکہ دوسروں کی پوسٹ پر بات چیت کرنے سے بھی ملتا ہے۔
لِنکڈاِن گروپس میں شامل ہوں
لوگوں کومشورہ،ریفرل،پوسٹ شیئر اور پزیرائی دیتے رہیں
جو کچھ آپ نے سیکھا، مشاہدہ کیا،اسے اپنے لِنکڈان اکاؤنٹ سے شیئر کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK