Inquilab Logo Happiest Places to Work

باندرہ :غریب نگر کے بے گھر کئے گئے متاثرین کی قانونی مدد کا فیصلہ

Updated: June 01, 2026, 3:15 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

ایم پی جے کا معروف سماجی خدمت گار میدھا پاٹکر کے ہمراہ اس مسئلے پر باہمی صلاح ومشورہ اور مل جل کر قانونی لڑائی پر اتفاق۔

MPJ`s meeting with Medha Patkar. Photo: INN
ایم پی جے کی میدھا پاٹکر کے ساتھ میٹنگ کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

باندرہ کی غریب نگر بستی ریلوے کے ذریعے اجاڑے جانے کے بعد موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس (ایم پی جے) کی جانب سے حالات کا جائزہ لیا گیا اور متاثرین کی قانونی مدد اور ان کی باز آبادکاری کے لئے آواز بلند کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس ضمن میں خاص طور پر سماجی خدمت گار میدھا پاٹکر کے ہمراہ ایم پی جے کے صدر محمد سراج نے باہم تبادلہ خیال کیا۔ واضح ہوکہ۱۹؍ مئی سے ریلوے ٹریک سے متصل غریب نگر میں انسدادِ تجاوزات مہم شروع کی گئی تھی اور اس دوران تقریباً ۵۰۰؍ مکانات، درجنوں دکانیں اور دو مساجد منہدم کر دی گئی تھیں۔ غریب نگر کئی دہائیوں سے سیکڑوں محنت کش خاندان رہتے تھے ۔ مقامی افراد کے مطابق متعدد خاندان گزشتہ ۴۰؍ برس سے یہاں آباد تھے، جبکہ آبادی کا  بڑا حصہ مسلمانوں پر مشتمل تھا۔

یہ بھی پڑھئے : ممبئی میں بارش، درجۂ حرارت میں کمی، یکم جون سے مزید بارش کی پیش گوئی

ایم پی  جے کے صدر محمد سراج نے بے گھر خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل معلوم کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی اس لئے بھی متنازع بن گئی ہے کیونکہ متاثرین کا دعویٰ ہے کہ ان کی مناسب بازآبادکاری کئے بغیر انہیں بے دخل کر دیا گیا ہے۔ مہاراشٹر حکومت کی موجودہ پالیسی کے تحت ۲۰۱۱ء سے قبل قائم جھوپڑ پٹیوں کے مکینوں کو متبادل رہائش فراہم کرنا ضروری ہے لیکن غریب نگر کے معاملے میں اس اصول پر عمل نہیں کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس تعلق سے انہوں نے معروف سماجی خدمت گار اور ’گھر بچاؤ گھر بناؤ آندولن‘ کی سربراہ میدھا پاٹکر سے تفصیلی گفتگو کی اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔ غریب نگر کے متاثرین کے حقوق، بازآبادکاری اور انصاف کے حصول کے لئے مل جل کر قانونی لڑائی لڑی جائےگی، ہم سب متاثرین کے ساتھ ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK