Inquilab Logo Happiest Places to Work

حج ۲۰۲۷ء کیلئے ریاستی سطح پر اب تک ۱۹؍ ہزار درخواستیں موصول

Updated: July 18, 2026, 1:26 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Palton Road

ملکی سطح پر درخواستوں کی تعداد سوا لاکھ سے زائد ہوگئی۔آخری تاریخ میں ۳؍دن باقی- فارم بھرنے کے عوض ۳۰۰؍ روپے وصول کئے جانے کی ریاستی حج کمیٹی نےسختی سے تردید کی۔

Form being filled for Hajj 2027 at Maharashtra Hajj Committee. (Photo: Inquilab)
مہاراشٹر حج کمیٹی میں حج ۲۰۲۷ء کیلئے فارم بھرا جا رہا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

حج ۲۰۲۷ء کیلئے درخواستیں تیزی سے موصول ہورہی ہیں۔ ملکی سطح پراب تک  سوا لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی  ہیں اور درخواست دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ مطلب یہ ہےکہ درخواست دینے کی ا ٓخری تاریخ۲۰؍ جولائی  تک اس میں کئی ہزاردرخواستوں کے اضافے کی امید ہے۔ اس دفعہ حج ۲۰۲۷ء کے لئے حجاج کی وطن واپسی مکمل ہونے سے قبل ہی ۲۲؍جون سے درخواست دینے کا سلسلہ شروع کردیا گیا تھا اور ۲۰؍جولائی آخری تاریخ مقرر کردی گئی ہے ۔ محض ۲۷؍ دن ہی میں اتنی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ دوسری جانب مہاراشٹر کی سطح پر۱۹؍ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں ۔ ریاستی سطح پر بھی مزید درخواستیں موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ آخری ۳؍ دن میں بڑی تعداد میں درخواستیں  ملنے کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: تھانے: آلودہ پانی کی سپلائی کے خلاف مورچہ

فارم بھرنے کیلئے ۳۰۰؍ روپے لینے کی تردید

ریاستی حج کمیٹی نے فارم بھرنے کے عوض  ۳۰۰؍ روپے وصول کئے جانے کو سختی سےمنع کیا اور یہ واضح کیا کہ حج کمیٹی نے ایسا کوئی حکم نہیں دیا ہے۔جو لوگ حج کمیٹی کا نام لےکر ۳۰۰؍روپے لے رہے ہیں، وہ سخت غلطی پر ہیں  اور عازمین کے ساتھ دھوکہ کررہے ہیں۔ اس ضمن میں حج کمیٹی کی سیکشن آفیسر خدیجہ نائیکواڑے نے یہ تفصیلات بتائیں۔ ان کایہ بھی کہنا ہے کہ ایسی شکایتیں بھی ملی ہیں کہ کچھ لوگ یہ جواز پیش کررہے ہیں کہ حج کمیٹی ۳۰۰؍روپے پروسیسنگ فیس لے رہی ہے اور اس کا باقاعدہ اعلان ہی نہیں ،اندراج بھی کیا گیا ہے مگر پروسیسنگ فیس کا فارم بھرنے کے عوض ۳۰۰؍ روپے لینے کا کوئی تعلق نہیں ہے ، وہ اس سے بالکل الگ ہے وہ باقاعدہ حج کیلئے ضابطوں کی خانہ پری کے تئیں پروسیسنگ فیس ہے اور ہر عازم کو ادا کرنی پڑتی ہے۔ اس لئے عازمین یا تو خود سویدھا ایپ پرفارم پُرکریں یا پھر وہ ریاستی حج کمیٹی کے دفتر واقع مسافر خانہ ،کرافورڈ مارکیٹ میں صبح ۱۰؍ بجے سے شام ۶؍بجے تک آئیں، یہاں مفت میں یہ سہولت دستیاب ہے۔ اسی طرح اورنگ آباد حج ہاؤس میں بھی یہ نظم کیا گیا ہے، وہاں بھی فارم بھروائے جارہےہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اگر کوئی عازم سائبر پر فارم پُر کرتا ہے تو وہ الگ ہے ، ان کے چارجز ہوتے ہیں مگر حج کمیٹی کا حوالہ دے کر۳۰۰؍ روپے فارم بھرنے کے لینا غلط اور دھوکہ ہے۔ اس لئے عازمین کو مطلع کیا جاتا  ہے کہ وہ پریشان نہ ہوں، اگر انتظام نہ ہو اور کسی صورت فارم نہ بھرا جائے تو حج کمیٹی کے دفتر مسافر خانہ، کرافورڈ مارکیٹ اسٹیٹ حج کے دفتر آئیں، عازمین کی سہولت کی خاطر سنیچر اور اتوار کو بھی دفتر کھلا رکھا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پریل: کے ای ایم اسپتال میں مریضوں کے ساتھ لاپروائی کا انکشاف

تاریخ میں توسیع کی امید

حج کمیٹی آف انڈیا میں رابطہ قائم کرنے پر بتایا گیا کہ آخری تاریخ کو اندازہ ہوگا کہ تاریخ میں توسیع کی جاتی ہے یا نہیں اور اگر کی جاتی ہے تو کتنے دنوں کی۔ 

ویسے اس بات کی قوی امید ظاہر کی گئی ہے کہ ہرسال کی طرح اس دفعہ بھی تاریخ میں توسیع کی جائے گی تاکہ مزید عازمین کو حج۲۰۲۷ء کے لئے قسمت آزمائی کا موقع مل سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK