Inquilab Logo Happiest Places to Work

رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو مراٹھی سکھانے میں ۲؍ اداروں نے دلچسپی ظاہر کی

Updated: April 24, 2026, 10:28 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

وزیرٹرانسپورٹ کے مطابق ممبئی مراٹھی ساہتیہ سنگھ کے ذریعہ جاری کردہ سند حکومت کے ذریعہ منظور شدہ ہے۔ جلد ہی ان کے رابطہ نمبر یونینوں سے شیئر کئے جائیں گے۔

Pratap Sarnaik. Photo: INN
پرتاپ سرنائک۔ تصویر: آئی این این

ٹیکسی اور رکشا ڈرائیوروں کو مراٹھی جاننا ضروری قرار دینے کے معاملے میں وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے جمعرات کو بیان دیا ہے کہ ’کوکن مراٹھی ساہتیہ پریشد‘ اور ’ممبئی مراٹھی ساہتیہ سنگھ‘ نے آسان نصاب تیار کرنے اور ڈرائیوروں کو مراٹھی سکھانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اس لئے اگر ڈرائیور مطالبہ کرتے ہیں تو انہیں مراٹھی سیکھنے کی مہلت دی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: چال کے ایک کمرہ سے ایم بی بی ایس تک، ڈاکٹر عدنان انصاری کاسفرجدوجہدبھرارہا

صحافیوں سے گفتگو کے دوران پرتاپ سرنائک نے بتایا کہ اس پریس کانفرنس میں مذکورہ دونوں مراٹھی تنظیموں کے نمائندے موجود تھے جنہوں نے  سپر اسٹار عامر خان اور اداکار رتیش دیشمکھ کی اہلیہ جینیلیا کو بھی مراٹھی سکھائی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ہندی بولنے والے کئی افراد کو مراٹھی سکھائی ہے جس کی مدد سے وہ ملازمت حاصل کرسکے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کوکن مراٹھی ساہتیہ پریشد کی ۷۲؍ شاخیں ہیں جہاں ڈرائیوروں کو مراٹھی سکھائی جاسکتی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ممبئی مراٹھی ساہتیہ سنگھ کی جانب سے مراٹھی کا کورس مکمل کرنے کے بعد سند دی جاتی ہے جو حکومت سے منظور شدہ ہے اس لئے اگر مستقبل میں حکومت ڈرائیوروں کو لائسنس اور بیج وغیرہ دینے کے لئے سرٹیفکیٹ کی شرط عائد کرتی ہے تو یہ سند رکھنے والوں کو اس سے فائدہ ہوگا۔

مراٹھی سیکھنے میں دلچسپی رکھنے والے ڈرائیوران سے رابطہ کس طرح قائم کریں؟ اس سوال پر بتایا گیا ہے کہ نصاب تیار ہوجانے کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ٹیکسی اور رکشا ڈرائیوروں کی تنظیموں کو ان کے فون نمبر مہیا کرائے جائیں گے جن کی مدد سے وہ ان سے رابطہ قائم کرسکیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: مہاراشٹر:گرین انرجی، آئی ٹی پارک اور زمینی اصلاحات کو منظوری

پرتاپ سرنائک کے مطابق کئی ریاستوں میں تجارت اور ملازمت وغیرہ کیلئے مقامی زبان لازمی ہے اس لئے مہاراشٹر میں بھی اگر اس کو لازمی قرار دیا جارہا ہے تو یہ کوئی غلط فیصلہ نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی مراٹھی سیکھنے کیلئے مہلت چاہتا ہے تو مضائقہ نہیں لیکن اگر کوئی یہ کہے کہ آپ کچھ بھی کرو ہم مراٹھی نہیں سیکھیں گے تو یہ رویہ نہیں چلے گا کیونکہ یکم مئی سے مراٹھی لازمی قرار دی جائے گی۔ اس سے جو مسائل پیدا ہورہے ہیں، ان کے حل تلاش کئے جارہے ہیں اور اسی سلسلے کی کڑی کے طورپر ۲۸؍ اپریل کو ٹیکسی اور رکشا ڈرائیوروں کی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ طے کی گئی ہے۔ اگر وہ کوئی تجویز پیش کرتے ہیں تو اس پر غور کیا جائے گا۔یہاں انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ ریپیڈو، اولا، اوبر، بائیک ٹیکسی سب کیلئے مراٹھی لازمی قرار دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK