تعمیراتی اورترقیاتی کاموںکے دوران مزدوروں کیلئے حفاظتی انتظامات پر سوالیہ نشان۔
EPAPER
Updated: May 03, 2026, 11:27 AM IST | Sajid Mehmood Shaikh | Mumbai
تعمیراتی اورترقیاتی کاموںکے دوران مزدوروں کیلئے حفاظتی انتظامات پر سوالیہ نشان۔
دہیسر سے بھائندر کو جوڑنے والے اہم لنک روڈ پروجیکٹ کی سائٹ پر سنیچر کی دوپہر ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ یہاں فلائی اووَر کی تعمیر میں مصروف ایک وزنی کرین کے اچانک گر پڑنے سے ۲؍ مزدور اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ اس حادثے نے میٹروپولیٹن ریجن میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں میں مزدوروں کی حفاظت کے تئیں برتی جانے والی لاپروائی کو ایک بار پھر بے نقاب کر دیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ سنیچر کی دوپہر تقریباًساڑھے۱۲؍ بجے پیش آیا۔
یہ بھی پڑھئے: تربوز نہیں، کوئی زہر پائیدھونی کی فیملی کے اراکین کی موت کا سبب بنا!
بھائندر مغرب کے ساحلی علاقے میں ایل اینڈ ٹی کمپنی کی زیر نگرانی لنک روڈ کا کام جاری تھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کام کے دوران کرین کا توازن بگڑ گیا اور وہ زوردار دھماکے کے ساتھ نیچے آگری۔ اس وقت وہاں کام کر رہے دو مزدور کرین کی زد میں آکر بری طرح کچل گئے۔ حادثے کے فوراً بعد دیگر ملازمین اور مقامی لوگوں نے بچاؤ کا کام شروع کیا، لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دونوں مزدور موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت رگھوناتھ داس ( ۳۸ ؍سال) اور کانا سنگھ ( ۴۵ ؍ سال) ۔
پولیس کارروائی اور تحقیقات
واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھائندر پولیس کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی ۔ پولیس نے دونوں لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال روانہ کر دیا ہے۔ سینئر پولیس انسپکٹر جتیندر کامبلے نے میڈیا کو بتایا کہ ہم اس معاملے کی باریک بینی سے جانچ کر رہے ہیں۔ اگر تعمیراتی کمپنی یا کسی اہلکار کی جانب سے حفاظتی اقدامات میں کوتاہی پائی گئی تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی کی میئر ریتو تاؤڑے نے نالہ صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا
مقامی شہریوں اور سماجی کارکنوں نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ ان کا کہنا ہے کہ بڑے پروجیکٹوں میں جدید مشینری کا استعمال تو کیا جا رہا ہے لیکن مزدوروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے مناسب آلات اور نگرانی کا فقدان ہے۔ خبر لکھے جانے تک پولیس حادثاتی موت کا معاملہ درج کر کے تفتیش کو آگے بڑھا رہی ہے۔