• Mon, 21 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایس ٹی کے بیڑے میں ۲۰۰؍ والوو بسوں کی شمولیت

Updated: September 21, 2026, 1:15 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ان میں ۳۰؍ سلیپر بسیں ہوں گی۔ ان بسوں کیلئے آن لائن بکنگ کی سہولت ہوگی۔ نجی بسوں سے سفر کرنے والوں کو راغب کرنے کیلئے یہ قدم اٹھایا جارہا ہے۔

Similar buses, equipped with modern Volvo amenities, will now also be operated in Maharashtra. Photo: INN
والوو کی جدید سہولیات سے لیس ایسی ہی بسیں اب مہاراشٹر میں بھی چلائی جائیں گی۔ تصویر: آئی این این

نجی لگژری بسوں کو ٹکر دینے کیلئے ایس ٹی نے اپنے بیڑے میں ۲۰۰؍اے سی والوو بسیں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے جن کی آن لائن اور موبائیل فون سے بکنگ کی جاسکے گی۔ ان میں سے ۳۰؍ سلیپر بسیں ہوں گی۔ ان بسوں کی ٹکٹیں خریدنے کو آسان بنانے کیلئے موبائیل فون، ایپ اور آن لائن بکنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ڈیجیٹل طریقے سے ریزرویشن کیلئے ایس ٹی کے آفیشیل آن لائن ریزرویشن سسٹم کے علاوہ کارپوریشن نجی ڈیجیٹل ٹراویل پلیٹ فارم سے بھی ٹکٹ ریزرو کرنے کی سہولت دے گی تاکہ ٹکٹ خریدنے کیلئے مسافروں کو ایس ٹی ڈپو پر آنے کی ضرورت نہ رہے۔ اپنے موبائل فون سے بس کے اوقات، روٹس اور دستیاب سیٹوں کے بارے میں معلومات حاصل کر کے گھر بیٹھے ریزرویشن کیا جاسکے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے:بھیونڈی: اسمارٹ میٹر کی تنصیب پر پاورلوم مالکان ناراض!

’مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن‘ (ایم ایس آر ٹی سی) نے اتوار کو اطلاع دی ہے کہ آرام دہ، اے سی دیگر جدید سہولیات کیلئے نجی بسوں کا رُخ کرنے والے مسافروں کو اپنی طرف راغب کرنے، طویل سفر کو آرام دہ بنانے اور نجی لگژری بسوں سے مقابلے کیلئے جلد ہی ایس ٹی کے بیڑے میں ۲۰۰؍ اے سی وولوو بسیں شامل کی جائیں گی جن میں سے ۱۷۰؍ میں بیٹھ کر سفر کرنے کی سہولت ہوگی جبکہ دیگر ۳۰؍ سلیپر ہوں گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ ایک بار میں ایس ٹی میں اتنی بڑی تعداد میں والوو بسیں شامل کی جائیں گی۔ ان کے مطابق بہت سے مسافر آرام دہ سفر اور خصوصاً رات کے سفر کیلئے زیادہ قیمت ادا کرکے نجی لگژری بسوں میں سفر کرنے کو ترجیح دیتے ہیں اور نئی لگژری بسوں کے ذریعہ ایسے ہی افراد کو متوجہ کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ان بسوں میں ایسی سہولیات فراہم کی جائیں گی کہ ان کا موازنہ نجی بسوں سے کیا جاسکے گا۔ان بسوں کی خدمات کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ ۲۵۰؍ کلو میٹر سے زیادہ فاصلے والے راستوں پر جہاں سفر کی مدت ۵؍ سے ۶؍ گھنٹے ہوتی ہے وہاں ۴۵؍ نشستوں والی لگژری بسیں فراہم کی جائیں گی اور عموماً یہ گاڑیاں دن میں فراہم کی جائیں گی۔ ان کے مقابلے ۳۰؍ یا ۴۵؍ سلیپر کی گنجائش والی بسیںزیادہ لمبے اور رات کے سفر کیلئے مہیا کی جائیں گی۔اس طرح درجہ بندی کے لحاظ سے مسافروں کو اپنی ضرورت کے مطابق سفر کا اختیار حاصل ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے:جنسی زیادتی کے ملزم کو سیاسی سرپرستی حاصل ہونے کا الزام!

نجی اداروں کی خدمات

ان بسوں کے مسافروں کو اعلیٰ درجہ کی خدمات فراہم کرنے کیلئے ایس ٹی کے ملازمین کو بسوں میں ڈیوٹی دینے کے بجائے تجربہ کار نجی اداروں کی مدد لی جائے گی۔ نجی اداروں کے تربیت یافتہ افراد مسافروں کے استقبال، بس میں بنیادی سہولیات، صفائی، مسافروں کو ضروری معلومات فراہم کرنے اور دیگر خدمات کے انتظامات انجام دیں گے۔ان بسوں کو کن راستوں پر چلانا ہے اس کے تعین کیلئے یہ دیکھا جائے گا کہ کن راستوں پر ایسی بسوں کی زیادہ مانگ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK