Inquilab Logo Happiest Places to Work

سیٹ پر سونے کے تنازع میں لوکل ٹرین کے ۳؍ مسافروں میں تصادم

Updated: July 17, 2026, 11:45 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Thakurli

۲؍ افرادشدید زخمی۔ہاتھاپائی کے دوران ملزم نے دھاتی کڑے سے کئی وارکئے ۔ویسٹرن ریلوے کی ٹرین میں چاقو سے نوجوان کے قتل کے بعد سینٹرل ریلوے میں بھی خوفناک واقعہ۔

A scene of a scuffle between passengers in the luggage compartment of a local train. In the second picture, Pritesh Kanojia is lying injured. (Photo: Inqilabad)
لوکل ٹرین کے لگیج ڈبے میں مسافروں کے درمیان ہاتھاپائی کا منظر۔ دوسری تصویر میں پریتیش کنوجیا زخمی حالت میں پڑا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

ممبئی کی لائف لائن کہلانے والی  لوکل ٹرینوں میں مسافروں کی سلامتی اور حفاظت پر ایک بار پھر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ پریل سے امبرناتھ جانے والی ایک چلتی لوکل ٹرین میں سیٹ پر سونے کے معمولی تنازع نے اچانک سنگین صورتحال اختیار کرلی۔۳؍ مسافروں نے مل کر ایک شخص پر دھاتی کڑے سے پے در پے کئی وار کئے۔ اس  واقعہ میں ایک شخص  شدید   زخمی ہو گیا ہے جبکہ  دوسرے مسافر کو بھی گہرے زخم آئے ہیں ۔ اس لڑائی جھگڑے کے دوران ڈبے میں موجود دیگر مسافر سخت خوفزدہ ہوگئے ۔ حملے میں شدید زخمی ہونے والے مسافر کو فوری طور پر سائن اسپتال   داخل کرایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ مہینے ہی ویسٹرن ریلوے میں  ٹرین میں بارش کا پانی آنے پر دروازہ بند کرنے کے معمولی تنازع پر ایک شخص نے  نوجوان کو چاقو سے قتل کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: بند ٹول ناکہ کا خستہ ڈھانچہ شہریوں کیلئے وبالِ جان، حادثے کا خدشہ

اطلاعات کے مطابق رات ۱۰ ؍بجکر ۴۹ ؍ منٹ پر پریل اسٹیشن سے روانہ ہونے والی امبرناتھ لوکل میں پریتیش کنوجیا نامی مسافر گھاٹکوپر سے الہاس نگر جا رہا تھا۔لگیج ڈبے میں نسبتاً کم بھیڑ ہونے کی وجہ سے سیٹ پر لیٹ گیا تھا۔رات تقریباً ۱۱ ؍بجکر ۵۳ ؍منٹ پر جب ٹرین ڈومبیولی اسٹیشن پہنچی تو راجو واگھے اپنے ساتھی ساحل کھنڈارے کے ساتھ اسی ڈبے میں سوار ہوا۔دونوں نے سیٹ پر لیٹے   پریتیش کو اٹھایا اور اس پر اعتراض کیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے معمولی تلخ کلامی شدت اختیار کرگئی اور انہوں نے ایک دوسرے پر لات اور گھونسے برسانے شروع کردیئے ۔چند لمحوں میں پورا ڈبہ میدانِ جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔اس ہنگامہ آرائی میں راجو واگھے نے اپنے ہاتھ کے دھاتی کڑے سے پریتیش کنوجیا پر پے در پے وار کئے۔ اس تصادم میں راجو واگھے  اور ایک شخص زخمی ہوگیا جبکہ پریتیش کنوجیا شدید پٹائی کے باعث ڈبے میں ہی گر پڑا۔راجو واگھے کو بھی چوٹیں آئیں۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف ) اور گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے لیکن حیرت انگیز طور پر پولیس کی موجودگی میں بھی دونوں گروپ ایک دوسرے پر حملہ آور ہونے کی کوشش کرتے رہے جس کے باعث کچھ دیر تک شدید کشیدگی کا ماحول برقرار رہا۔پولیس نے دونوں زخمی مسافروں کو فوری طور پر سائن اسپتال  پہنچایا جہاں پریتیش کنوجیا اور راجو واگھے کا علاج جاری ہے۔دونوں کے بیانات قلمبند کئے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: مدارس کے حساب کتاب میں شفافیت اور نظام کو مستحکم کرنا وقت کی اہم ضرورت

اس  واقعہ کے بعد روزانہ لوکل ٹرینوں میں سفر کرنے والے مسافروں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ بڑھتی  بھیڑ، ٹرینوں میں تاخیر، ناکافی حفاظتی انتظامات اور پولیس گشت کی کمی کے باعث اس طرح کے واقعات میں  اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے ریلوے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ٹرینوں کی تعداد اور ڈبوں میں اضافہ کیا جائے، انہیں وقت پر چلایا جائے اور ہر ڈبے میں  سیکوریٹی اہلکار تعینات کئے جائیں تاکہ مسافروں کو محفوظ سفر کی ضمانت مل سکے۔

اس سلسلے میں ڈومبیولی جی آر پی کے سینئر انسپکٹر نے بتایا کہ دونوں فریقوں کے درمیان پہلے ہاتھا پائی ہوئی جس کے بعد معاملہ طول پکڑگیا اور نوبت ہاتھاپائی تک پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق راجو واگھے نے اپنے ہاتھ میں پہنا ہوا دھاتی کڑا اتار کر اس سے پرتیش کنوجیا کی گردن، چہرے اور ہاتھ پر پے در پے وار کئے جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔  ا نہوں نے یہ بھی بتایا کہ ڈاکٹروں کی میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد قصوروار افراد کے خلاف قانون کے مطابق مناسب کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK