ان میں ممبئی ڈویژن کے سب سے زیادہ ایک لاکھ ۷۳؍ ہزار ۲۲۳؍ طلبہ نے اپنی پسند کے پہلے کالج کو ترجیح دی، لسٹ ۱۳؍جون کو ظاہر کی جائے گی۔
EPAPER
Updated: June 12, 2026, 11:36 AM IST | Mumbai
ان میں ممبئی ڈویژن کے سب سے زیادہ ایک لاکھ ۷۳؍ ہزار ۲۲۳؍ طلبہ نے اپنی پسند کے پہلے کالج کو ترجیح دی، لسٹ ۱۳؍جون کو ظاہر کی جائے گی۔
گیارہویں کیلئے مرکزی آن لائن داخلے کے دوسرے راؤنڈ میں ممبئی سمیت ریاست بھر کےدیگر اضلاع کے ۶؍ لاکھ ۸۰؍ہزار ۷۸۶؍ طلبہ نے حتمی طور پر اپنی درخواستیں اور اپنی پسند کے پہلے کالج کی ترجیح دی نیز اپنی درخواستوں کو حتمی شکل دی ہے۔ان میں ایک لاکھ ۲۵؍ہزار ۶۹۰؍ طلبہ نے دوسرے رائونڈ کیلئے نئی درخواستیں دی ہیں۔ ان طلبہ میں ممبئی ڈویژن کے سب سے زیادہ ایک لاکھ ۷۳؍ ہزار ۲۲۳؍ طلبہ نے اپنی پسند کے پہلے کالج کو ترجیح دی ہے۔۱۳؍جون کو اس رائونڈ کی لسٹ کا اعلان کیاجائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: احمد آباد طیارہ حادثے کی پہلی برسی، ہولناک یادیں آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں
واضح رہےکہ تعلیمی سال ۲۷-۲۰۲۶ء کیلئے ریاست کے ۹؍ ہزار ۶۴۹؍ جونیئر کالجوں میں ۱۱؍ویں جماعت میں داخلہ کا عمل جاری ہے۔ دوسرے ریگولر راؤنڈ کیلئے نئے طلبہ کے رجسٹریشن، داخلہ فارم کے پارٹ ایک میں تصحیح اور پارٹ ۲؍ میں جونیئر کالجوں کی ترجیحات کو بھرنے کی سہولت ۶؍ سے ۹؍جون کی شام ۶؍بجے تک دستیاب کرائی گئی تھی۔ اس دوران ایک لاکھ ۲۵؍ہزار ۶۹۰؍ طلبہ نے نئی درخواستیں داخل کی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی درخواستیں دینے والے طلبہ کی تعداد ۱۳؍لاکھ ۶۸؍ہزار ۷۷۵؍ تک پہنچ گئی ہے۔ اس مدت کے دوران ریاست کے ۶؍ لاکھ ۸۰؍ہزار ۷۸۶؍طلبہ نے اپنی ترجیحات درج کیں اور اپنی درخواستوں کو حتمی شکل دی۔ جن طلبہ کی درخواستوں کو حتمی شکل دی گئی ہے، ان کیلئے کالج الاٹمنٹ کی لسٹ کا اعلان ۱۳؍جون کو صبح ۱۰؍بجے کیا جائے گا۔
ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ممبئی ڈویژن کے سب سے زیادہ ایک لاکھ ۷۳؍ہزار ۲۲۳؍ طلبہ نے دوسرے راؤنڈ کیلئے اپنی ترجیح بتائی ہے۔ اس کے بعد پونے، ناسک ،اورنگ آباد، کولہاپور، امرائوتی اور ناگپور ڈویژن میں بالترتیب ایک لاکھ ۱۸؍ہزار ۶۱۵، ۸۰؍ہزار ۷۳۳ ، ۷۶؍ہزار ۳۱۸ ، ۶۶؍ہزار ۴۸۰ ،۶۵؍ہزار ۱۵۳؍ اور ۵۶؍ہزار ۷۷۳؍ طلبہ ہیں۔ اسی طرح ریاست سے باہر کے۲ ؍ہزار ۶۹۹؍ طلبہ نے دوسرے رائونڈ کیلئے اپنی ترجیح درج کی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے اعلان کیا ہے کہ داخلہ کے عمل اور مزید کارروائی کے بارے میں تمام معلومات سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب کرائی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھئے: مانسون بہار پہنچ گیا، یوپی میں بھی طوفانی بارش
خیال رہے کہ پہلا راؤنڈ ۲۹؍مئی سے ۳؍جون تک منعقد ہوا تھا۔ اس راؤنڈ کیلئے ۴؍لاکھ ۶۳؍ہزار ۲۲۰؍طلبہ کو نشستیں الاٹ کی گئیں جن میں ۳؍لاکھ ۷۲؍ہزار ۳۰۶؍ طلبہ نے داخلہ لے لیا ہے۔ اس کے علاوہ ۴؍ہزار ۱۴۱؍ طلبہ کو مناسب دستاویزات کی کمی کی وجہ سے داخلہ نہیں مل سکاہے جبکہ ۲؍ہزار۲۵۳؍ طلبہ نے اپنا داخلہ منسوخ اور ۸۴؍ہزار ۵۲۰؍ طلبہ نے داخلہ نہیں لیا ہے۔