Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی میں ۷۳؍ افراد غذائی سمیت کا شکار

Updated: June 20, 2026, 12:04 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

چکن شوارما، پیزا اور فالو دہ کھانے کے بعد درجنوں افراد بیمار ہوگئے۔

Police officers searching a patient undergoing treatment at the hospital. Photo: INN
اسپتال میں زیر علاج مریض سے پولیس اہلکار تفیتش کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

کھنڈوپاڑا علاقے میں چکن شوارما، پیزا اور فالو دہ کھانے کے بعد پیش آنے والے مبینہ فوڈ پوائزننگ کے واقعہ نے سنگین شکل اختیار کرلی ہے۔ ابتدائی طور پر ۱۱؍ افراد کے بیمار ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی، تاہم گزشتہ ۲؍ دنوں کے دوران مزید مریضوں کے سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر ۷۳؍ تک پہنچ گئی ہے۔ تمام متاثرین کا علاج اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں جاری ہے، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق مریضوں کی حالت مستحکم ہے۔

ذرائع کے مطابق کھنڈوپاڑا کے متعدد رہائشیوں نے علاقے میں واقع ’فیمس شوارما‘ نام کی دکان سے چکن شوارما، پیزا اور بعض افراد نے فالو دہ خرید کر گھروں میں استعمال کیا تھا۔ اس کے چند گھنٹوں بعد متعدد افراد کو قے، دست، پیٹ میں شدید درد، متلی، کمزوری اور بے چینی جیسی شکایات شروع ہو گئیں۔ متاثرین کو فوری طور پر آئی جی ایم اسپتال منتقل کیا گیا۔متاثرین میں آصف سید کے خاندان کے۶؍ افراد آصف سید، نجمین سید، سمیر سید، رخسانہ سید، عباس سید اور ثنا سید شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: پانی کی قلت سے لوگ بے حال، ٹینکر منگوانے پر مجبور

آصف سید کے مطابق انہوں نے بدھ کی رات شوارما اور پیزا خریدا تھا اور گھر کے تمام افراد نے وہ کھایا تھا۔ صبح ہوتے ہی خاندان کے متعدد افراد کی طبیعت بگڑ گئی۔اسی طرح انصار احمد انصاری کے خاندان کے افراد بھی اس واقعہ سے متاثر ہوئے۔ انصار احمد انصاری نے بتایا کہ ان کے خاندان نے بھی شوارما خریدا تھا جبکہ فالو دہ بھی استعمال کیا تھا۔ اگلی صبح ان کے گھر کے افراد کو سر درد، قے اور دست کی شکایت ہوئی۔ بعد ازاں جمعہ کو بھی اسی نوعیت کی علامات کے ساتھ دیگر مریض بھی اسپتال پہنچنے لگے، جس کے نتیجے میں متاثرین کی مجموعی تعداد ۷۳؍تک جا پہنچی۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شانتی نگر پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر ونائک گائیکواڑ پولیس ٹیم کے ساتھ آئی جی ایم اسپتال پہنچے اور مریضوں سے تفصیلات حاصل کیں۔ پولیس تحقیقات کے دوران متاثرین نے بتایا کہ انہوں نے کھنڈوپاڑا میں واقع فیمس شوارما‘ دکان سے چکن شوارما اور پیزا خرید کر کھایا تھا۔ ونائک گائیکواڑ نے بتایا کہ ابتدائی جانچ اور مریضوں کے بیانات کی بنیاد پر دکان کے مالک دلشاد انصاری کے خلاف شانتی نگر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: میرا روڈ: ۲؍ لاکھ ۹۴؍ ہزار روپے کی ’ڈکیتی‘ فرضی نکلی

دوسری جانب واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی ٹیم نے مذکورہ دکان کا معائنہ کیا اور مختلف غذائی اشیاء کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری جانچ کے لئے روانہ کئے۔ ایف ڈی اے کے اسسٹنٹ کمشنر سنتوش سیروسیا نے میڈیا کو بتایا کہ ٹماٹو سوس، چکن کے ٹکڑے، پیزا بیس، مایونیز سمیت چھ مختلف غذائی اشیاء کے نمونے حاصل کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ چیز اینالاگ، پیزا بیس، چکن اور دیگر اشیاء پر مشتمل تقریباً ساڑھے تین ہزار روپے مالیت کا سامان بھی ضبط کیا گیا ہے۔سنتوش سیروسیا کے مطابق احتیاطی اقدام کے طور پر "فیمس شوارما" نامی دکان کو فی الحال بند رکھنے کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK