Inquilab Logo Happiest Places to Work

احمد نگر کا ایک گائوں جہاں ماں بہن کی گالی دینے پر جرمانہ ادا کرنا ہوگا

Updated: March 12, 2026, 2:05 PM IST | Agency | Ahmednagar

خواتین کیلئے منعقد کی گئی خصوصی گرام سبھا میں اہم فیصلہ، تکرار یا تنازع کے دوران گالی دینے والے کو ۵۰۰؍ روپے ادا کرنے ہوںگے۔

Women Participating In A Gram Sabha Convened In Kolgaon Gram Panchayat. Photo;INN
کولگائوں گرام پنچایت میں بلائی گئی گرام سبھا میں شریک خواتین- تصویر:آئی این این
عام طور پر جب بھی کسی سے جھگڑا ہوتا ہے تو لوگ سامنے والے کو گالی دینا شروع کر دیتے ہیں۔اور بیشتر گالیاں ماں بہنوں کو دی جاتی ہیں جو کہ ایک گری ہوئی حرکت ہے۔ اتنا ہی نہیں بہت سے لوگ تو عام گفتگومیں بھی ماں یا بہن کو گالی دیتے ہیں۔ لیکن اب احمد نگر کے ایک گائوں میں ایسے لوگوں کے منہ بند کروانے کیلئے ایک فیصلہ کیا گیا ہے۔ضلع کے کولگائوں میں گرام پنچایت نے ماں یا بہن کی گالی دینے والوں پر جرمانہ عائد کرنے کی قرارداد منظور کی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اس قرار داد کو خواتین پیش اور منظور کیا ہے تاکہ خواتین کے ساتھ امتیازی رویے کے رجحان کو ختم کیا جا سکے۔ 
اطلاع کے مطابق  احمد نگر کے شری گونڈہ تعلقے میں کولگاؤں واقع ہے  جہاںگرام پنچایت نےکسی کی ماں یا بہن سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے والوں پر جرمانہ عائد کرنے کی قرار داد منظور کی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ پیش رفت گرام پنچایت کی خاتون اراکین کی جانب سے کی گئی ہے۔قرار داد کی رو سے عوامی مقامات پر یا گاؤں میں ذاتی جھگڑوں میں کسی کی ماں یا بہن کے ساتھ بدسلوکی ظاہر کرنے والے الفاظ یا ان کی تذلیل کیلئے ادا کئے گئے فقرے پر۵۰۰؍ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ 
 
 
عالمی یوم خواتین کے موقع پر کولگاؤں میں خواتین کی گرام سبھا کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس میں خواتین نے گاؤں کے سماجی نظم و ضبط کیلئے بہت دلیرانہ اور قابل تحسین اور تاریخی فیصلے کئے۔ اس اجلاس میں کسی تنازع میں کسی ماں یا بہن کو گالی دینے والے پر ۵۰۰؍ روپے جرمانہ عائد کرنے کی تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ کولگاؤں میں مختلف ذاتوں اور مذاہب کے تقریباً ۹؍ ہزار باشندے رہتے ہیں۔ گاؤں میں بہت سے لوگوں کا ذریعہ معاش زراعت پر منحصر ہے۔ دریں اثنا، حکومت کی ہدایات کے مطابق سینئر آنگن واڑی ورکر (کارکن) شکنتلا دیشمکھ کی صدارت میں اتوار کو خواتین کی ایک خصوصی گرام سبھا کا انعقاد کیا گیا۔ گائوں کے سرپنچ پرشوتم لگڑ نے بتایااس گرام سبھا میں زراعت اور دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی خواتین کو اعزاز سے نوازا گیا۔ اس پروگرام کے دوران پوجا جگتاپ نے گاؤں والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی تجویز پیش کی جو اپنی ماں یا بہن کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہیں، ۔ سرپنچ پرشوتم لگڑ نے کہا کہ گرام سبھا میں پوجا جگتاپ کی طرف سے پیش کی گئی تجویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بہت غور و فکر کے بعد، یہ فیصلہ کیا گیا کہ گالی گلوچ کرنے اور بدسلوکی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے۔ ساتھ ہی اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ اس  جرمانہ وصولی کے قوانین کا غلط استعمال نہ ہونے لگے۔
 
 
انہوں نے کہا کہ اسی لئےجرمانہ عائد کرنے کیلئے ڈیجیٹل ثبوت پیش کرنا لازمی ہوگا۔ بغیر ثبو کے کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ اس تجویز کے بعد گاؤں والے جرمانہ عائد کرنے پر راضی ہوگئے۔ چونکہ یہ تجویز خواتین کی طرف سے آئی ہے، پنچایت نے ان سے (اور اگر ضروری ہو تو ان کے بچوں) سے مجرموں کی شناخت میں پہل کرنے کی اپیل کی۔ سرپنچ پرشوتم لگڑ نے یہ بھی بتایا کہ ملزمین سے جمع ہونے والے جرمانے کو گاؤں کی ترقی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK