پورٹل میں پائی جانےوالی خامیوں سے شہری اور آپریٹرپریشان، منٹوںکاکام گھنٹوں میں ہورہاہے، نیاپورٹل ناکام ثابت ہورہاہے۔
EPAPER
Updated: July 20, 2026, 1:04 PM IST | Mumbai
پورٹل میں پائی جانےوالی خامیوں سے شہری اور آپریٹرپریشان، منٹوںکاکام گھنٹوں میں ہورہاہے، نیاپورٹل ناکام ثابت ہورہاہے۔
آدھار اتھاریٹی نے پرانے سافٹ ویئر کو بندکر کے نیا پورٹل متعارف کرایاہےلیکن اس میں آنے والی تکنیکی دشواریوں کی وجہ سے آدھار رجسٹریشن اور درستگی کا عمل گزشتہ ایک ہفتے سے متاثر ہے۔یہ مسئلہ شہریوں اور سینٹر آپریٹرز کیلئے درد سر بن گیا ہے ۔
مہاراشٹر وی ایل ای سمواد کےمطابق ’’ فی الحال آدھار مراکز پر شہریوں کے کام ہو جانے کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ آدھار اتھاریٹی شہریوں کے اس مسئلہ کو نظر انداز کر رہی ہے ۔ نئے پورٹل میں بہتری لانے کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو راحت مل سکے ۔ پرانا سافٹ ویئر بند ہونے کے بعد نئے پورٹل پر کام شروع کرنے کے احکامات دیئے گئے تھے لیکن شہری اس پورٹل کی پیشگی تیاری نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔نئے پورٹل میں پائی جانے والی خامیوں سے سرکاری اسکیموں سے مستفید ہونے والے طلبہ، ملازمین اور مزدور متاثر ہو رہے ہیں ۔بہت سے اسپتالوں میں سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کیلئے آدھار درست کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جو تعطل کا شکار ہے ۔ صرف آدھار اپڈیٹ نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ کے داخلوں اور نوجوانوں کیلئے روزگار حاصل کرنے میں دشواری آرہی ہے ۔ آدھار مراکز پر آنے کیلئے ملازمین اور مزدوروں کو اپنی یومیہ ُاجرت کی قربانی دینی پڑ رہی ہے ۔وہ چھٹی کرکےآدھار مراکز آ رہے ہیں لیکن ان کا کام نہیں ہو پا رہا ہے ۔تکنیکی خرابی کے باعث نیا سسٹم فعالیت کے ساتھ کام نہیں کر پا رہا ہے جس کی وجہ سے دن میں صرف ۱۰؍ سے ۱۲؍ افراد کا ہی کام ہو پارہاہے،باقی شہریوں کو گھنٹوں قطاروں میں کھڑے ہوکر خالی ہاتھ لوٹنا پڑرہا ہے ۔ روزانہ تقریباً ۵۰؍ شہری سینٹرز پر آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: سونم وانگ چک سے بات چیت پر زور
سینٹر آپریٹرز کے مطابق’’ ڈیٹا انٹری کے دوران شہری کا نام درج کرنے پر وہ غلط اکاؤنٹ میں چلا جا رہا ہے ۔ دستاویزات سے متعلق ابہام ہے ۔اگر آپ نام یا پتہ میں تصحیح کرنا چاہتے ہیں تو سرور آگے نہیں بڑھتا ہے ۔ کام کے دوران پورٹل اچانک ہینگ ہو جاتا ہے ۔ آپریٹر کو دوبارہ لاگ ان کرنا پڑرہاہےاور دوبارہ اوٹی پی طلب کرنا پڑتا ہے۔نیا یونیورسل کلائنٹ پورٹل ناکام ثابت ہو رہا ہے ۔ سسٹم کے بار بار کریش ہونے کے باعث شہریوں کو خالی ہاتھ واپس بھیجنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے لوگ ناراض ہوکر بحث کر ر ہے ہیں۔‘‘
مہاراشٹر وی ایل ای سمواد کے رابطہ کار سندیپ ساونت کے بقول’’ پورٹل کی خرابی سے نہ صرف مالی نقصان بلکہ ذہنی پریشانی کا سامنا ہے۔ متعلقہ ذمہ داران سے اپیل ہے کہ وہ اس معاملہ کو حل کریں تاکہ معمول کے مطابق کام ہو سکے ۔‘‘