اتل ساوے نے وشنو پوری میں جائے حادثے کا دورہ کیا ، تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی کی یقین دہانی۔
EPAPER
Updated: July 18, 2026, 10:32 AM IST | Z. A. Khan | Nanded
اتل ساوے نے وشنو پوری میں جائے حادثے کا دورہ کیا ، تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی کی یقین دہانی۔
ناندیڑ۔لاتور قومی شاہراہ پر وشنوپوری میں واقع شری گرو گوبند سنگھ جی انجینئرنگ کالج کے سامنے فلائی اوور کے پہلو کا نچلا حصہ اچانک منہدم ہونے کے واقعے کے بعد ناندیڑ ضلع کے نگراں وزیر اتُل ساوے نے جمعہ کو جائے حادثہ کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔اتل ساوے نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اس واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے۔ دو روز قبل مرکزی حکومت کے اعلیٰ سطحی ماہرین کی ٹیم نے بھی جائے حادثہ کا معائنہ کرتے ہوئے فلائی اوور کے ڈھانچے کا تفصیلی تکنیکی جائزہ لیا ہے۔ اگر تحقیقات میں تعمیراتی خامیاں، ناقص معیار کا مواد، کام میں لاپروائی یا متعلقہ اداروں کی کسی بھی قسم کی غفلت ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: ’’۲۰؍ جولائی تک زندہ رہنا چاہتا ہوں، یقین ہے کہ رہوں گا‘‘
نگراں وزیر نے فلائی اوور کے منہدم شدہ حصے کا معائنہ کرنے کے بعد نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی )، متعلقہ تعمیراتی ادارے اور ضلعی انتظامیہ کے حکام سے واقعے کی تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ فلائی اوور کے باقی ماندہ حصے کی حفاظت، استحکام اور معیار کا مکمل جائزہ لے کر فوری طور پر ضروری احتیاطی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ فلائی اوور کی تعمیر کے معیار، استعمال شدہ مواد، ڈھانچے کی مضبوطی اور دیگر تکنیکی پہلوؤں کی باریک بینی سے جانچ کیلئے آئی آئی ٹی کی ماہر ٹیم کو بھی طلب کیا جائے گا۔ فی الحال ضروری مرمت، اصلاحی اقدامات اور آئندہ کی انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: راجستھان میں مساجد ، درگاہوں و مدارس کے انہدام پر روک
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی سہولت اور حفاظت کے پیش نظر متبادل راستوں سے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری انتظامات کیے جائیں۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان یا سنگین زخمی ہونے کا واقعہ پیش نہیں آیا، جس سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے پورے فلائی اوور کا تکنیکی معائنہ کیا جا رہا ہے اور تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد پر ذمہ داری کا تعین کرکے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اس موقع پر رکن پارلیمان ڈاکٹر اجیت گوپچھڑے، اراکین اسمبلی بھیم راؤ کیرام اور راجیش پوار، ضلع کلکٹر راہل کردیلے، نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے افسران اور دیگر موجود تھے۔