بھیونڈی سے تعلق رکھنے والے انقلاب ایوارڈ یافتہ پیرا ایتھلیٹ نے قومی سلیکشن ٹرائلز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
عادل نظیر انصاری پیرا تیر اندازی میں ہندوستان کی نمائندگی کریںگے- تصویر:آئی این این
ہندوستانی پیرا تیر اندازی کے شعبے میں ایک بار پھر قابلِ فخر کامیابی سامنے آئی ہے۔انقلاب ایوارڈ یافتہ پیرا آرچر عادل نظیر انصاری نے سائی نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس، سونی پت میں منعقدہ دوسرے اور آخری مرحلے کے قومی سلیکشن ٹرائلز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور آئچی-ناگویا ۲۰۲۶ءایشین پیرا گیمز کیلئے ہندوستانی ٹیم میں جگہ پکی کر لی۔
قومی سطح پر منعقد ہونے والے ان سخت اور مسابقتی ٹرائلز میں ملک بھر کے ممتاز پیرا تیر انداز شریک ہوئے تھے۔ شدید دباؤ اور کڑے مقابلے کے باوجود عادل انصاری نے غیر معمولی مہارت، درست نشانے بازی اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرفہرست مقام حاصل کیا۔ ان کی اس کارکردگی نے نہ صرف قومی کوچز اور سلیکشن کمیٹی کو متاثر کیا بلکہ انہیں آئندہ بین الاقوامی مقابلوں کے لئے بھی مضبوط امیدوار ثابت کیا۔ایشین پیرا گیمز کے علاوہ عادل نظیر انصاری کا انتخاب ۲؍ اہم عالمی مقابلوں کے لئے بھی کیا گیا ہے۔ وہ اگلے ماہ چیک جمہوریہ میں منعقد ہونے والی ورلڈ آرچری پیرا سیریز اور احمد آباد میں ہونے والی ورلڈ سیریز میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ اس طرح وہ آئندہ مہینوں میں ۳؍ بڑے بین الاقوامی ایونٹس میں قومی پرچم تلے میدان میں اتریں گے۔
عادل انصاری کے لئے آئچی-ناگویا ایشین پیرا گیمز خصوصی اہمیت کے حامل ہے کیونکہ گزشتہ ایشین پیرا گیمز میں ان کی تمغہ جیتنے والی کارکردگی نے انہیں قومی سطح پر نمایاں شناخت دلائی تھی۔ اسی تاریخی کامیابی کی بنیاد پر انہیں کلاس ون سرکاری ملازمت بھی حاصل ہوئی۔ اب وہ ایک بار پھر اسی عالمی اسٹیج پر ملک کے لئے اعزازات سمیٹنے کے عزم کے ساتھ تیاریوں میں مصروف ہیں۔اس نمایاں کامیابی پر کھیلوں سے وابستہ شخصیات، کوچز، سماجی تنظیموں اور شائقینِ کھیل نے عادل نظیر انصاری کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ ماہرینِ کھیل کا کہنا ہے کہ موجودہ فارم اور مسلسل بہتر ہوتی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے عادل انصاری سے آئندہ بین الاقوامی مقابلوں میں تمغوں کی مضبوط امید وابستہ ہے۔