Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوپی میں ایس آئی آر کے بعد اب ’ایس ایس آر‘ کی تیاری!

Updated: August 10, 2026, 10:03 AM IST | Lucknow

ستمبر سے ووٹر لسٹ کو ایک بار پھر درست کیاجائے گا مگر ایس آئی آر کی طرح ہر ووٹر کو فارم جمع کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی ،حتمی ووٹر لسٹ جنوری ۲۰۲۷ءمیں شائع کی جائے گی۔

The final voter list after SIR in UP was published on April 10. (File photo)
یوپی میں ایس آئی آر کے بعد حتمی ووٹر لسٹ ۱۰؍ اپریل کو شائع کی گئی تھی۔ (فائل فوٹو)

۲۰۲۷ء کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے درمیان، ووٹر لسٹ پر ایک بار پھر نظر ثانی کی ایک  مہم شروع ہونے والی ہے۔خصوصی جامع نظر ثانی کے بعد اب  اسپیشل سمری ریویژن(ایس ایس آر)کی جائے گی۔  اس مہم کے تحت ووٹر لسٹ کی دوبارہ جانچ کی جائے گی ، اہل ووٹروں کو شامل کیاجائے گا اور وفات پانے والے ، مستقل طور پر  کسی دوسری ریاست میںمنتقل ہونے والے اور غیر حاضر ووٹروں کی شناخت کرکے ان کے نام حذف کر دئیے جائیں گے۔یہ عمل بنیادی طورپرنئے ووٹروں کے نام شامل کرنے سے متعلق ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق ایس ایس آر کا عمل ستمبر میں شروع ہونے کا امکان ہے اوراسے ۳۰؍ سے۴۰؍د نوں میں مکمل کیاجائے گا ۔ مہم کے دوران بوتھ لیول آفیسر(بی ایل اوز) گھر گھر جا کر ووٹر لسٹ کی تصدیق کریں گے۔ اس کے بعد دعوؤں اور اعتراضات کا موقع دیاجائے گا۔ تمام مراحل کی تکمیل  کے بعد حتمی ووٹر لسٹ جنوری۲۰۲۷ء کے پہلے ہفتے میں جاری کی جائے گی ۔واضح رہےکہ یہ مہم ایس آئی آر سے نسبتاً سرسری مہم ہوگی جس میںہر ووٹر کوفارم جمع کرنے کی ضرورت نہیںہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: جین زی کے احتجاج کے بعد پارٹیاں اپنی حکمت عملی پر نظر ثانی کیلئے مجبور

ایس آئی آر کے بعد ایس ایس آر سے تبدیلیاں آئیں گی؟

اتر پردیش میں ایس آئی آر کے بعد۱۰؍ اپریل کو حتمی ووٹر لسٹ شائع کی گئی جس میں ۱۳ء۳۹؍کروڑ سے زیادہ رجسٹرڈ رائے دہندگان شامل ہیں ۔ اب مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے ایس ایس آر کا عمل آگے بڑھے گا۔ سب سے پہلے ووٹر لسٹ کا مسودہ شائع کیا جائے گا۔ ایس ایس آر کا مقصد انتخابات سے پہلے ووٹر لسٹ کو مزید درست کرنا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ لسٹ میں اہل ووٹروں کو شامل کیا جائے اور ایسے ناموں کو ہٹایا جائے جو متعلقہ پتے پر موجود نہیں ہیں۔

بی ایل او گھر گھر جا کر تصدیق کریں گے

اس مہم میں بدستور بی ایل اوز کی ذمہ داریاں اہم ہوں گی۔ افسران گھر گھر جا کر ووٹر کی معلومات اکٹھی کریں گے۔ اس مہم کے دوران ووٹرز کی شناخت کی جائے گی کہ:

- موت کے بعدبھی ووٹر کا نام فہرست میں موجود ہے۔

-ووٹرمستقل طور پر دوسرے مقام پر منتقل ہوچکا ہے۔

-ووٹرکافی عرصے سے ریاست میں موجود نہیں ہے۔

-نئے ووٹرجو فہرست میں شامل ہونے کے اہل ہیں۔

- وہ ووٹرجواپنا نام، پتہ، یا دیگر تفصیلات میں ترمیم کرنا چاہتے ہیں۔ فارم۶؍ کا استعمال نئے ووٹروں کو شامل کرنے کے لیے، فارم۷؍نام حذف کرنے کے لیے اور فارم۸؍کا استعمال دیگر ترامیم بشمول نام ، پتہ، یا اسمبلی حلقہ میں تبدیلی کے اندراج کیلئے استعمال کیا جائے گا۔

سنیچر اور اتوار کو بھی خصوصی مہم چلائی جائے گی

ووٹر لسٹ پر نظرثانی کی اس مہم کو تیز کرنے کیلئےسنیچر اور اتوار کو خصوصی مہم کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ان دنوں ہر بی ایل او ووٹر لسٹ اور ضروری فارم کے ساتھ پولنگ اسٹیشن پر موجود رہے گا، تاکہ لوگ اپنے نام کی معلومات کی تصدیق کر کے ضروری درخواستیں جمع کرا سکیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر اور الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر (ای آر ا و)پوری مہم کی نگرانی کریں گے۔ دعوؤں اور اعتراضات کے تصفیے کا عمل الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: ممتا بنرجی کی کار پر حملہ، پتھر، کیچڑ اور چپل پھینکی گئی

حتمی ووٹر لسٹ جنوری میں جاری کی جائیگی 

ایس ایس آر کی تکمیل کے بعدحتمی ووٹر لسٹ جنوری ۲۰۲۷ء میں شائع ہو گی۔۲۰۲۲ء کے اسمبلی انتخابات کیلئے حتمی ووٹر لسٹ۷؍ جنوری کو شائع کی گئی تھی ۔ اگلے دن یعنی۸؍جنوری کو انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا تھا اور پہلے مرحلے کے لیے نامزدگی۱۴؍ جنوری کو شروع ہوئی تھی۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔ ایسے میں انتخابات سے قبل ووٹر لسٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے ایس ایس آر کی مشق کو انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے۔

۲۰۲۲ء کے یوپی اسمبلی الیکشن کیلئےووٹر لسٹ ۷؍ جنوری کو شائع ہوئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK