ایئر کنیڈا روزانہ تقریباً ۷۰۰ پروازیں آپریٹ کرتی ہے لیکن ہڑتال کی وجہ سے ملک بھر میں اس کی خدمات ٹھپ پڑ گئی ہیں۔ اس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
EPAPER
Updated: August 16, 2025, 7:00 PM IST | Ottawa
ایئر کنیڈا روزانہ تقریباً ۷۰۰ پروازیں آپریٹ کرتی ہے لیکن ہڑتال کی وجہ سے ملک بھر میں اس کی خدمات ٹھپ پڑ گئی ہیں۔ اس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
کنیڈا کی سب سے بڑی ایئر لائن، ایئر کنیڈا، سنیچر کو تمام پروازیں معطل کرنے پر مجبور ہو گئی جب کمپنی کے ۱۰ ہزار سے زائد فلائٹ اٹینڈنٹس نے ایک بڑی ہڑتال کرتے ہوئے کام کرنے سے انکار کردیا۔ ۱۹۸۵ء کے بعد گزشتہ ۴۰ برسوں میں ایئر کنیڈا کے ملازمین کی یہ پہلی ہڑتال ہے۔ رات ایک بجے شروع ہوئی اس ہڑتال کی وجہ سے روزانہ تقریباً ایک لاکھ ۳۰ ہزار مسافر متاثر ہوسکتے ہیں۔
فلائٹ اٹینڈنٹس کی نمائندگی کرنے والی کنیڈین یونین آف پبلک ایمپلائیز (سی یو پی ای) نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں ہڑتال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ”ہم اب باضابطہ طور پر ہڑتال پر ہیں۔“ یہ فیصلہ ۸ ماہ تک چلنے والے مذاکرات کے بعد کیا گیا جس کے باوجود، ملازمین کے اہم مسائل تنخواہ، تھکن اور فرنٹ لائن کارکنوں کیلئے احترام، کے بارے میں کوئی معاہدہ طے نہیں پاسکا۔
یونین بمقابلہ ایئر لائن
سی یو پی ای نے ایئر کنیڈا پر طویل عرصے سے جاری کام کی جگہ کے خدشات کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا۔ یونین کے ترجمان ہیو پولیٹ نے کہا کہ ”ہم یہاں ایک معاہدہ کرنے آئے ہیں، ہڑتال کرنے نہیں۔“ انہوں نے مزید کہا کہ یونین مذاکرات کیلئے ہمیشہ سے تیار رہی ہے لیکن کمپنی نے اس کی تازہ ترین تجاویز کا کوئی جواب نہیں دیا۔
ایئر کنیڈا نے مسافروں اور عملے کو پہنچنے والی ”غیر یقینی صورتحال“ پر افسوس کا اظہار کیا لیکن اپنی پیشکش کا دفاع کیا جس کے تحت ملازمین کی تنخواہوں میں پہلے سال ۲۵ فیصد اور ۴ برسوں میں ۳۸ فیصد تک اضافہ شامل ہے۔ ایئر لائن نے زمین پر گزارے گئے وقت کیلئے اٹینڈنٹس کو معاوضہ دینے کا بھی وعدہ کیا جس کیلئے فی الحال انہیں کوئی ادائیگی نہیں کی جاتی۔ کمپنی نے دلیل دی کہ یہ پیکیج اس کے اٹینڈنٹس کو کنیڈا میں سب سے زیادہ معاوضہ پانے والے افراد میں شامل کردے گا۔
مسافروں کو پریشانی
ایئر کنیڈا روزانہ تقریباً ۷۰۰ پروازیں آپریٹ کرتی ہے لیکن ہڑتال کی وجہ سے ملک بھر میں اس کی خدمات ٹھپ پڑ گئی ہیں۔ ایئر لائن نے مسافروں کو سختی سے مشورہ دیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ نہ جائیں جب تک کہ کسی دوسری ایئر لائن پر ان کی بکنگ کی تصدیق نہ ہو جائے۔ صنعتی تجزیہ کاروں نے ہڑتال کی وجہ سے ایئرلائن کو بھاری مالی نقصان کی وارننگ دی ہے۔ ٹی ڈی کوون کے تجزیہ کار ٹام فٹزجیرالڈ کے مطابق، ایئر کنیڈا کو ہر دن ۷۵ ملین کنیڈین ڈالر تک کا نقصان اٹھانا سکتا ہے۔
ایئر کنیڈا نے ملازمین کے ساتھ تنازع کو حل کرنے کیلئے کسی تیسرے فریق ثالث کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی تھی لیکن سی یو پی ای نے اسے مسترد کر دیا اور دلیل دی کہ حکومت کی ہدایت پر ثالثی اس کے ہڑتال کرنے کے حق کو کمزور کرے گی۔ دونوں فریق سمجھوتہ کرنے کے آثار نہیں دکھا رہے ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔