Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’مجھے وزیر اعلیٰ بنایا جاتا تو میں پوری پارٹی کو اپنے ساتھ لے آتا‘‘

Updated: August 09, 2024, 1:41 PM IST | Agency | Thane/Nashik

اجیت پوار نے فرنویس اور شندے کے سامنے حسرت ظاہر کی ’’ یہ دونوں میرے بعد آکر میرے سے آگے نکل گئے، میں وزیر اعلیٰ نہیں بن سکا۔‘‘

CP Balakrishnan, Eknath Shinde and Ajit Pawar. Photo: INN
سی پی بالا کرشنن، ایکناتھ شندے اور اجیت پوار۔ تصویر : آئی این این

این سی پی (اجیت) سربراہ اجیت پوار کا کہنا ہے کہ اگر انہیں بی جے پی نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کی پیش کش کی ہوتی تو وہ پوری پارٹی کو اپنے ساتھ لے آتے۔ جونیئر پوار بدھ کی رات تھانے میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے پر لکھی گئی کتاب کے اجراء کی تقریب میں خطاب کر رہے تھے۔ اس کتاب کا اجراء مہاراشٹر کے گورنر کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ 
 ’کرم یودھا : ایکناتھ سمبھاجی شندے‘ یہ اس کتاب کا عنوان ہے جو وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کی زندگی پر لکھی گئی ہے۔ اس کا اجراء مہاراشٹر کے گورنر سی پی بالا کرشنن کے ہاتھوں تھانے کے ایک ہال میں ہوا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کے علاوہ ان کے دونوں نائبین اجیت پوار اور دیویندر فرنویس بھی موجود تھے۔ اجیت پوار نے اپنی تقریر کے دوران کہا ’ ’ دیویندر فرنویس ۱۹۹۷ء میں رکن اسمبلی بنے جبکہ ایکناتھ شندے ۲۰۰۴ء میں اسمبلی پہنچے۔ میں ان لوگوں سے کافی پہلے ۱۹۹۰ء میں ایوان تک پہنچ چکا تھا لیکن یہ دونوں میرے بعد آکر مجھ سے آگے نکل گئے۔ دونوں وزیر اعلیٰ بن گئے مگر میں نہیں بن سکا۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ ایکناتھ شندے کو بی جے پی نے پیش کش کی تھی کہ وہ ۴۰؍ اراکین اسمبلی لے آئیں تو انہیں وزیر اعلیٰ بنا دیا جائے گا۔ اگر یہ پیش کش مجھے کی گئی ہوتی تو میں پوری پارٹی لے آتا۔ میں نے بھی ۴۰؍ اراکین لائے مگر مجھے نائب وزیر اعلیٰ بنایا گیا۔ ‘‘ البتہ اجیت پوار نے وضاحت کی کہ ’’اسی کو قسمت کا کھیل کہتے ہیں لیکن ہمیں شکایت نہیں کرنی چاہئے بلکہ محنت کرتے رہنا چاہئے۔ ہم کام کرنے آئے ہیں اور کام کرتے رہیں گے۔ ‘‘ 

یہ بھی پڑھئے:صرف پیاز نہیں انار کی فصل بھی ہند ۔ بنگلہ دیش سرحد کھلنے کا انتظار کر رہی ہے

جن سمان یاترا
اس دوران جمعرات کو اجیت پوار نے ناسک کے ڈنڈوری تعلقے سے اپنی’ جن سمان یاترا‘ شروع کی۔ اس یاترا کے دوران وہ ریاست کے ۳۹؍ اسمبلی حلقوں کا دورہ کریں گے۔ یہ ایک طرح ان کی اسمبلی انتخابات کی مہم ہے۔ اپنی یاترا کے دوران اجیت پوار خاص کر لاڈلی بہن اسکیم کے تعلق سے تشہیر کریں گے جس کیلئے انہوں نے پوسٹر بھی تیار کر لئے ہیں اور گیت بھی۔ ناسک میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’ جن سمان یاترا کے ذریعے ہم زیادہ سے زیادہ اسمبلی حلقوں کے عوام تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔ مہایوتی حکومت نے عوام کیلئے کئی کارگر اسکیموں کا نفاذ کیا ہے۔ بدھ کو ہم نے کابینہ میٹنگ میں اقلیتی طبقے کیلئے مارٹی اسکیم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔ سماج کے ہر طبقے کا خیال رکھنا ہمارا مقصد ہے۔ ہم شاہو، پھلے اور امبیڈکر نظریات کو آگے بڑھانے میں یقین رکھتے ہیں۔ ‘‘ 
مراٹھا ریزرویشن کے سوال پر اجیت پوار نے کہا ’’ ریزرویشن کے تعلق سے جس کو جو راستہ مناسب معلوم ہوتا ہے وہ اسے بیان کرتا ہے۔ لیکن ایک بات طے ہے کہ مراٹھا ریزرویشن کی ہر کوئی حمایت کر رہا ہے۔ کوئی اسکے خلاف نہیں ہے۔ اس تعلق سے کئی فیصلے کئے گئے لیکن کوئی فیصلہ ہائی کورٹ میں منظور نہیں ہو سکا تو کوئی فیصلہ سپریم کورٹ میں مسترد ہو گیا۔ ہماری کوشش ہے کہ ہم جو بھی فیصلہ کریں وہ عدالت میں بھی منظور ہو اور اسکی وجہ سے کسی کیساتھ نا انصافی بھی نہ ہو۔ ‘‘ 
  مہایوتی میں سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سے اجیت پوار نے کہا’’ ہم تینوں پارٹیوں کے پاس جو سیٹیں موجود ہیں وہ انہی کے پاس رہیں گی۔ البتہ اگر کبھی سیٹیں تبدیل کرنے کا مشورہ آیا تو اس پر غور کیا جائے گا۔ تینوں پارٹیوں کا اس پر اتفاق ہے۔ جلد ہی سیٹیوں کی تقسیم کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK