Inquilab Logo Happiest Places to Work

البانیہ: دعا لیپا ٹرمپ خاندان کے حمایت یافتہ ریزورٹ پلان کیخلاف احتجاج کی حامی

Updated: July 15, 2026, 10:04 PM IST | London

برطانوی نژاد پاپ اسٹار دعا لیپا نے البانیہ میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور ایوانکا ٹرمپ کی حمایت یافتہ لگژری ریزورٹ اسکیم کے خلاف جاری عوامی احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے اسے ’’انتہائی متاثر کن‘‘ قرار دیا ہے۔ تقریباً ۶ء۱؍ ارب یورو کے اس منصوبے کے خلاف جاری ’’فلیمنگو انقلاب‘‘ چھٹے ہفتے میں داخل ہو چکا ہے۔

Dua Lipa. Photo: X
دعا لیپا۔ تصویر: ایکس

عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار دعا لیپا نے البانیہ میں ٹرمپ خاندان کے حمایت یافتہ ایک بڑے رئیل اسٹیٹ منصوبے کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کی حمایت کرتے ہوئے اسے عوامی شعور اور ماحولیاتی تحفظ کی ایک اہم مثال قرار دیا ہے۔ تقریباً ۶ء۱؍ ارب یورو مالیت کے اس منصوبے کے خلاف جاری احتجاج، جسے مقامی سطح پر ’’فلیمنگو انقلاب‘‘ کہا جا رہا ہے، اب اپنے چھٹے ہفتے میں داخل ہو چکا ہے۔ دعا لیپا نے یہ اظہارِ خیال اپنے Service95 Book Club پوڈکاسٹ میں البانوی ماہرِ تعلیم اور مصنفہ لیا یپی کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے یہ دیکھ کر بہت متاثر کن لگتا ہے کہ لوگ واقعی اس معاملے کی کتنی فکر کرتے ہیں۔‘‘

یہ متنازع منصوبہ البانیہ کے واحد جزیرے سازان (Sazan Island) پر وسیع پیمانے پر لگژری ریزورٹ کی تعمیر پر مشتمل ہے، جسے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور ان کی اہلیہ ایوانکا ٹرمپ سے وابستہ سرمایہ کاروں کی حمایت حاصل ہے۔ قبل ازیں مئی میں جاری ایک پوڈکاسٹ میں ایوانکا ٹرمپ نے اس منصوبے کو ’’انتہائی خوبصورت اور بڑے پیمانے کا منصوبہ‘‘ قرار دیا تھا۔ اس منصوبے کو اس وقت رفتار ملی جب دسمبر ۲۰۲۴ء میں البانوی پارلیمنٹ نے ایک متنازع ترمیم منظور کرتے ہوئے ماحولیاتی لحاظ سے حساس علاقوں میں تعمیرات کی اجازت دینے کے لیے قوانین میں نرمی کر دی۔ تاحال ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا کہ جیرڈ کشنر کا اس قانونی ترمیم میں براہِ راست کوئی کردار تھا۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: گھڑیاں تبدیل کرنے کا نظام ختم؟سن شائن پروٹیکشن ایکٹ ایوان میں منظور

تاہم دعا لیپا نے حکومت کے اس فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اصل تشویش قانون سازی کا طریقۂ کار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے سب سے زیادہ تشویش اس بات پر ہے کہ حکومت عوامی مشاورت کے بغیر ماحولیاتی تحفظ سے متعلق قوانین تبدیل کر سکتی ہے۔‘‘ مجوزہ منصوبے کے تحت سازان جزیرے کے علاوہ Zvërnec جزیرہ نما کے ساحلی علاقے میں تقریباً ۱۰؍ ہزار لگژری ولاز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ یہ دونوں علاقے اس وقت غیر آباد قدرتی ذخائر ہیں، جہاں ایڈریاٹک سمندر کی نایاب پرندوں کی انواع اور دیگر جنگلی حیات کے لیے اہم ماحولیاتی نظام موجود ہے۔
یورپی پارلیمنٹ کے متعدد ارکان پہلے ہی البانیہ کو خبردار کر چکے ہیں کہ اگر ماحولیاتی تحفظ کے یورپی معیارات پر عمل نہ کیا گیا تو یورپی یونین میں اس کی شمولیت سے متعلق مذاکرات متاثر ہو سکتے ہیں۔ البانیہ نے ۲۰۳۰ء تک یورپی یونین کا رکن بننے کی خواہش ظاہر کر رکھی ہے۔ دوسری جانب البانیہ کے وزیر اعظم ایڈی راما اس منصوبے کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس ترقیاتی منصوبے کو ’’یورپ کے لیے ایک تحفہ‘‘ اور البانیہ کے لیے ’’ایک نعمت‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ کمیونسٹ دور کے خاتمے کے بعد ملک میں ہونے والی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ معیشت، روزگار اور سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

یہ بھی پڑھئے: پہلی بار ہیومنائیڈ روبوٹس نے زندہ جانور کی کامیاب سرجری کی

دارالحکومت ترانہ میں احتجاج کے ۴۵؍ ویں دن دعا لیپا کے بیان کو مظاہرین نے بھرپور سراہا۔ البانیہ کے معروف ماحولیاتی ادارے PPNEA (Protection and Preservation of Natural Environment in Albania) کے سربراہ الیگزینڈر ٹریجچے نے کہا کہ دعا لیپا کا بیان نہ صرف بروقت بلکہ انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ ایک بہت طاقتور پیغام تھا، خاص طور پر نوجوان البانویوں کے لیے جو دعا لیپا کو اپنا آئیڈیل سمجھتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج مسلسل جاری ہے اور فی الحال اس کے ختم ہونے کے کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے۔ حکومت کی جانب سے حالیہ اقدامات پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹریجچے نے کہا کہ اگرچہ اب ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لینے کی بات کی جا رہی ہے، لیکن بعض علاقوں میں نقصان پہلے ہی ہو چکا ہے اور اس کے ذمہ داروں کا احتساب ہونا چاہیے۔
دوسری جانب منصوبے کے ڈیولپرز نے تمام خدشات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعمیراتی کام ذمہ دارانہ انداز میں کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق منصوبے کا مقصد ماحولیاتی بہتری، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور مقامی آبادی کے لیے طویل المدتی معاشی فوائد فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK