• Tue, 10 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیلی فرم سیلیبرائٹ کا فون اَن لاکنگ ٹول خریدنےکی خاطر امیت شاہ نے’میک ان انڈیا‘ کےاصول سےچھوٹ دی

Updated: November 10, 2026, 11:03 AM IST | New Delhi

کانگریس کے زیرِ اقتدار ریاستیں کیرالا، کرناٹک اور ہماچل پردیش بھی اسرائیلی کمپنی کے ساتھ ان معاہدوں میں شامل ہیں۔ کیرالا کے محکمہ داخلہ نے تقریباً ایک کروڑ روپے کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ کرناٹک پولیس اور ہماچل پردیش نے دیکھ بھال اور لائسنس کیلئے ٹینڈرز جاری کئے۔ آئی ایف ایف کا کہنا ہے کہ ڈیٹا نکالنے کا کام پولیس افسران کے بجائے نجی ٹھیکیداروں کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ کانگریسی صدر ملکارجن کھڑگے، سونیا گاندھی سمیت پارٹی کے دیگر لیڈران غزہ میں اسرائیل کے اقدامات پر تنقید کرتے رہے ہیں۔

Picture: X
تصویر: ایکس

سنیچر کو شائع ہوئی ’انٹرنیٹ فریڈم فاؤنڈیشن‘ (آئی ایف ایف) کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ مرکزی حکومت اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے)، سیریس فراڈ انویسٹی گیشن آفس (ایس ایف آئی او) اور ملٹری افیئرز کے محکمے سمیت متعدد ایجنسیاں اسرائیلی کمپنی سیلیبرائٹ (Cellebrite) سے موبائل فون ڈیٹا نکالنے والی ٹیکنالوجی خرید رہی ہے۔ 

آئی ایف ایف نے پایا کہ حکومت نے ’میک ان انڈیا‘ خریداری ترجیح سے استثنیٰ دے کر این آئی اے کیلئے سیلیبرائٹ کے پریمیم ٹول کی خریداری کی منظوری دی۔ وزارتِ داخلہ کے ۲۰ جنوری ۲۰۲۶ء کے ایک خط میں درج تھا کہ وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے ۱۷ جنوری کو اس چھوٹ کو منظوری دی۔ این آئی اے نے یہ ٹول تین سالہ لائسنس کے تحت خریدا ہے۔ یہ ٹھیکہ ’نیکس ٹیکنو جین پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کو تقریباً ۵ کروڑ روپے میں دیا گیا۔ یہ ٹول پاس کوڈز کو بائی پاس کر سکتا ہے، آئی فونز اور اینڈرائیڈ فونز سے مکمل فائل سسٹمز نکال سکتا ہے اور سیمسنگ سیکیور فولڈر جیسی محفوظ جگہوں کو بھی کھول سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: یوپی میں شہری آزادی کی صورت حال ’انتہائی شرمناک‘: ہائی کورٹ

ایس ایف آئی او (SFIO) نے مارچ ۲۰۲۶ء میں ایک معاہدہ کیا اور ملٹری افیئرز کے محکمے نے سیلیبرائٹ کی خدمات کیلئے ٹینڈرز جاری کئے۔ مجموعی طور پر، آئی ایف ایف کو ۲۰۲۶ء میں ہندوستانی ایجنسیوں کے جاری کردہ ۱۱ ٹینڈرز کے دوران سیلیبرائٹ مصنوعات کے نام والی ۱۵ خریداریوں کی فہرستیں ملیں۔

کانگریس کے زیرِ اقتدار ریاستیں کیرالا، کرناٹک اور ہماچل پردیش بھی اسرائیلی کمپنی کے ساتھ ان معاہدوں میں شامل ہیں۔ کیرالا کے محکمہ داخلہ نے ’الیبائی گلوبل پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کے ساتھ تقریباً ایک کروڑ روپے کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ کرناٹک پولیس اور ہماچل پردیش نے دیکھ بھال اور لائسنس کیلئے ٹینڈرز جاری کئے۔ آئی ایف ایف کا کہنا ہے کہ ڈیٹا نکالنے کا کام پولیس افسران کے بجائے نجی ٹھیکیداروں کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ کانگریسی صدر ملکارجن کھڑگے، سونیا گاندھی سمیت پارٹی کے دیگر لیڈران غزہ میں اسرائیل کے اقدامات پر تنقید کرتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ کے حق میں ایمسٹرڈیم سرخ، ریڈ لائن مارچ میں ۲؍ لاکھ افراد شریک

واضح رہے کہ سیلیبرائٹ کا تعلق اسرائیلی فوج سے ہے۔ ’امریکن فرینڈز سروس کمیٹی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیلی افواج نے اس ٹول کو حراست میں لئے گئے ہزاروں فلسطینیوں کے فونز سے ڈیٹا نکالنے کیلئے استعمال کیا ہے جن میں سے بیشتر پر تشدد کیا گیا تھا۔ آئی ایف ایف کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں فون سے ڈیٹا نکالنے کے عمل کو باقاعدہ بنانے کیلئے کوئی مخصوص قانون موجود نہیں ہے۔ اس نے دہلی پولیس اور وزارتِ داخلہ سے تفصیلات طلب کی ہیں، جن میں یہ بات بھی شامل ہے کہ آیا اکتوبر ۲۰۲۶ء کے مظاہروں کے دوران ضبط کئے گئے فونز کو اَن لاک کیا گیا تھا یا نہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK