Inquilab Logo Happiest Places to Work

بینک دھوکہ دہی معاملے میں انل امبانی کو راحت نہیں ملی

Updated: April 17, 2026, 4:12 PM IST | Mumbai

ای ڈی کی گرفتاریوں پر کمپنی کا بیان جاری، گزشتہ دنوں ای ڈی نے امبانی کے دوساتھیوں کو گرفتار کیا تھا۔

The Supreme Court has upheld the High Court`s decision. Photo: INN
سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ تصویر: آئی این این

سپریم کورٹ نے بامبے ہائی کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کرنے والی انل امبانی کی درخواست پر راحت دینے سے انکار کر دیا ہے جس میں بینکوں کو ان کے قرض کے کھاتوں کو ’فراڈ‘ قرار دینے کی کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔

یہ معاملہ بامبے ہائی کورٹ کے اس فیصلے سے متعلق ہے جس نے دو بینکوں کو انل امبانی کے لون اکاؤنٹ کو فراڈ کے طور پر درجہ بندی کرنے کی اجازت دی تھی۔ ہائی کورٹ نے دسمبر۲۰۲۵ء کے اس حکم کو کالعدم قرار دے دیا تھا جس کے تحت انل امبانی کو عبوری راحت دی گئی تھی۔ ہندوستان کے چیف جسٹس (سی جے آئی) سوریہ کانت کی قیادت میں سپریم کورٹ کی بنچ نے مشاہدہ کیا کہ بامبے ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ کا حکم زیر التواء مقدمے کی راہ میں نہیں آنا چاہئے اور ہائی کورٹ سے درخواست کی کہ وہ اس کیس کو جلد از جلد نمٹائے۔ عدالت نے واضح کیا کہ سنگل بنچ کے حکم کے مطابق، ڈویژن بنچ کا حکم زیر التوا ءمقدمے کی میرٹس پر اثر انداز نہیں ہوگا۔ ہم بامبے ہائی کورٹ سے درخواست کرتے ہیں کہ دیوانی مقدمے کو تیزی سے نمٹایا جائے۔

یہ بھی پڑھئے: ایل پی جی کی پیداوار میں کمی، درآمد بھی آدھی ہو گئی

عدالت نے مزید کہا کہ اگر درخواست گزار کے پاس قانون میں کوئی دوسرا چارہ موجود ہے تو وہ اسےاستعمال کرنے کیلئے آزاد ہے۔ درخواست گزار کے اس بیان پر کہ وہ بینکوں کے ساتھ تصفیہ کرنا چاہتے ہیں، ہم کسی رائے کا اظہار نہیں کرتے۔ انل امبانی کے لئے مشکلات اس وقت مزید بڑھ گئیں جب حال ہی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ان کے دو قریبی ساتھیوں کو گرفتار کر لیا۔ بدھ کو ای ڈی نے انل دھیروبھائی امبانی گروپ (اے ڈی اے جی) کے سابق سینئر ایگزیکٹو امیتابھ جھنجھن والا کو منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا جس کا تعلق ریلائنس ہوم فائنانس لمیٹڈ اور ریلائنس کمرشیل فائنانس لمیٹڈ جیسے گروپ اداروں سے وابستہ مبینہ بینکنگ فراڈ سے ہے۔

ای ڈی نے ریلائنس کیپیٹل لمیٹڈ کے سابق چیف فائنانشیل آفیسر (سی ایف او) اور چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) امیت باپنا کو بھی گرفتار کیا جنہوں نے۲۰۰۸ء سے۲۰۲۰ء کے درمیان اس عہدے پر خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں کمپنی نے اس معاملے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ امیتابھ جھنجھن والا نے ستمبر۲۰۱۹ء میں (تقریباً ۷؍سال قبل) گروپ چھوڑ دیا تھا۔ اس کے بعد ان کا گروپ سے کوئی تعلق نہیں رہا، بشمول ریلائنس انفراسٹرکچر لمیٹڈ اور ریلائنس پاور لمیٹڈ۔ اپنی وابستگی کے دوران انہوں نے ریلائنس گروپ کے گروپ مینیجنگ ڈائریکٹر کے ساتھ ساتھ ریلائنس کیپیٹل لمیٹڈ کے وائس چیئرمین اور ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔

یہ بھی پڑھئے: گوتم اڈانی ایشیا کے سب سے امیر شخص بن گئے، مکیش امبانی کو پیچھے چھوڑ دیا

بیان میں مزید کہا گیا کہ امیت باپنا نے دسمبر۲۰۱۹ءمیں (تقریباً ۷؍ سال قبل) ریلائنس گروپ چھوڑ دیا تھا۔ اس کے بعد ان کا گروپ سے کوئی تعلق نہیں رہا، بشمول ریلائنس انفراسٹرکچر لمیٹڈ اور ریلائنس پاور لمیٹڈ۔ اپنی وابستگی کے دوران انہوں نے ریلائنس کیپیٹل لمیٹڈ کے چیف فانشیل آفیسر کے ساتھ ساتھ ریلائنس ہوم فائنانس لمیٹڈ کے ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK