Inquilab Logo Happiest Places to Work

بارامتی: دن بھر کی ڈرامائی صورتحال کے بعد کانگریس نے امیدوار واپس لیا

Updated: April 10, 2026, 10:24 AM IST | Mumbai

شرد پوار کا ملکارجن کھرگےسے رابطہ، سونیترا پوار کا ہرش ودردھن سپکال کو فون، روہت پوار کی سپکال سے ملاقات، سپریہ سلے کی تگ و دو، بالآخر کانگریس نے آکاش مورے کو پرچہ واپس لینے کی ہدایت دی۔

Ajit Pawar`s death, an atmosphere of sympathy for Sunitra Pawar. Photo: INN
اجیت پوار کی موت، سونیترا پوار کیلئے ہمدردی کا ماحول۔ تصویر: آئی این این

اجیت پوار کی موت کے بعد خالی ہوئی بارامتی اسمبلی سیٹ کے ضمنی الیکشن میں ان کی بیوہ سونیترا پوار کی راہیں آسان ہو گئیں ہیں کیونکہ کئی ڈرامائی واقعات کے بعد بالآخر جمعرات کو کانگریس نے ان کے سامنا اتارا گیا اپنا امیدوار واپس لے لیا ہے۔ شرد پوار کی جانب سے ملکارجن کھرگے کو فون، روہت پوار کی ہرش وردھن سپکال سے ملاقات اور سونیترا پوار کی جانب سے سپکال کو کئے گئے فون کے بعد کانگریس کا رخ نرم پڑ گیااور پارٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے باقاعدہ اس کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھئے: سری نگر کی عدالت نے ۲۸؍ سال فوجی حراست کے بعد ایک شخص کو مردہ قرار دیا

شرد پوار کا مشورہ

جمعرات کو این سی پی کے بانی اور سونیترا پوار کے سسر شرد پوار کا یہ بیان میڈیا میں آیا کہ وہ کانگریس کو بارامتی سے اپنا امیدوار واپس لینے کا مشورہ دیں گے۔ لیکن اس تعلق سے فیصلہ کانگریس ہی کا ہوگا۔ انہوں نے کہا’’بارامتی کا ضمنی الیکشن بلا مقابلہ کروانا ہی مناسب ہوگا۔ میں کانگریس کو یہی مشورہ دوں گا۔ لیکن کیا فیصلہ کرنا ہے یہ اختیار کانگریس کا ہے۔ ہم انہیں زیادہ کچھ کہہ نہیں سکتے کیونکہ بالآخر فیصلہ کانگریس کو کرنا ہے۔‘‘ یاد رہے کہ اس سے قبل شرد پوار نے کانگریس کی جانب سے بارامتی میں امیدوار کھڑا کرنے پر کہا تھا کہ ’’ کانگریس کو بارامتی میں امیدوار کھڑا کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ یہ جمہوریت ہے، ہر پارٹی کو اپنا فیصلہ کرنےکا حق ہے۔‘‘

کہا جا رہا ہے کہ شرد پوار نے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کو فون کرکے بارامتی میں بلامقابلہ الیکشن کروانے کی گزارش کی۔ اس کیلئے این سی پی (شرد) کی کار گزار صدر سپریہ سلے خود دہلی میں واقع ملکارجن کھرگے کے گھر گئیں اور ٹھیک یہی درخواست کی۔ کھرگے کی ہدایت کے بعد ہی مہاراشٹر کانگریس نے اپنا موقف تبدیل کیا۔

یہ بھی پڑھئے: عتیق احمد قتل پر تبصرہ :الہ آباد ہائی کورٹ نے مقدمہ منسوخ کرنے سے انکار کر دیا

روہت پوار کی سپکال سے ملاقات

اس دوران این سی پی (شرد) کے رکن اسمبلی روہت پوار نے ممبئی میںہرش وردھن سپکال سے ملاقات کی۔ اس کی اطلاع انہوں نے خود ٹویٹ کے ذریعے دی۔ انہوں نے سپکال کے ساتھ اپنی تصویر بھی شیئر کی۔ روہت پوار نے لکھا ہے’’ اجیت دادا کی بیشتر سیاسی کارکردگی، کانگریس کے اندر اور بعد میں کانگریس کے ساتھ رہی ہیں۔ کانگریس کے ہر ایک لیڈر کے ساتھ ان کے انتہائی قریبی تعلقات تھے۔ اسی لئے میں نےممبئی میں کانگریس کے مہاراشٹر صدر ہرش وردھن سپکال سے ملاقات کی اور ان سے گزارش کی کہ کانگریس سے اجیت دادا کے تعلقات کی بنا پر بارامتی سے اپنا امیدوار واپس لینے کی درخواست کی۔‘‘

 روہت نے بتایا کہ ہرش وردھن سپکال نے ان سے پوچھا کہ ’’ کیا جس حکومت نے اجیت پوار کی موت پر مہاراشٹر میں ایک ایف آئی آر تک درج نہیں کی ، اس حکومت کے خلاف ہم جدوجہد نہ کریں؟ ‘‘ روہت کے مطابق ’’ ہم کانگریس کے اس موقف کا احترام کرتے ہیں۔ پھر بھی کانگریس اور دیگر پارٹیوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنے امیدواروں کے پرچے واپس لیںتاکہ سونیترا چاچی کو بلا مقابلہ کامیابی دلوائی جا سکے۔‘‘ 

سونیترا پوار کا ہرش وردھن سپکال کو فون

اجیت پوار کی بیوہ اور نائب وزیر اعلیٰ سونیترا پوار نے جمعرات کو ۲؍ مرتبہ ہرش وردھن سپکال کو فون کیا اوروہی گزارش کی جو شرد پوار ملکارجن کھرگے سے اور روہت پوار سپکال سے کر چکے تھے۔ یاد رہے کہ سونیترا پوار نے اس سے پہلے بھی ہرش وردھن سپکال کو فون کیا تھا اور انہیں بلامقابلہ الیکشن جیتنے میں مدد کرنے کی اپیل کی تھی۔

سپریہ سلے کا ٹویٹ

بارامتی میں سونیترا پوار کے سامنے کوئی امیدوار نہ کھڑا کرنے کی بات سب سے پہلے شرد پوار کی بیٹی اور رکن پارلیمان سپریہ سلے نے چھیڑی تھی۔ جب سونیترا پوار نے پرچہ بھی نہیں بھرا تھا۔ جمعرات کو بھی وہ اس تگ ودو میں لگی رہیں اور اس تعلق سے ٹویٹ بھی کیا۔ انہوں نے لکھا’’ روہت پوار نے ہرش وردھن سپکال سے ملاقات کی ہے۔ روہت نے تہہ دل سے کانگریس سے معذرت کی ہے۔ پارتھ پوار نے کانگریس کے تعلق سے جو بیان دیا تھا اس پر افسوس ظاہر کیاہے۔ اب کانگریس کیا فیصلہ کرے گی اس تعلق سے میں کچھ کہہ نہیں سکتی۔ 

یہ بھی پڑھئے: پڈلکر اور سنگرام جگتاپ کی پھر شر انگیزی کی کوشش

ہرش وردھن سپکال کا امیدوار واپس لینے کا اعلان

ان تمام ڈرامائی واقعات کے بعد شام ہونے سے قبل کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے بارامتی سے پارٹی کےامیدوار آکاش مورے کا نام واپس لینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا’’ عوام تک یہ پیغام پہنچانے کیلئے کہ ہم بی جےپی کے سخت مخالف ہیں، ہم نے بارامتی میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ نہ صرف بارامتی بلکہ راہوری میں بھی ہم بی جے پی کے خلاف الیکشن لڑنے والے تھے۔ہم نے گھر گھر جا کر تشہیر بھی کی تھی۔ ‘‘ سپکال نے آگے کہا’’ اجیت پوار مہاراشٹر کے بہت بڑے لیڈر تھے اس لئے کانگریس نے اس تعلق سے کی گئی جذباتی اپیل کو قبول کیا۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ اجیت پوار ایک وقت ہمارے اتحادی ہوا کرتےتھے۔ سونیترا پوار نے ۵؍ اپریل کو مجھے فون کیا تھا۔ حتیٰ کہ انہوں نے کل بھی مجھے فون کیا تھا اور اپنی (بلامقابلہ الیکشن کی )خواہش کا اظہار کیا تھا۔ چھگن بھجبل اور دھننجے منڈے نے مجھ سے رابطہ کیا۔ روہت پوار مجھ سے ملنے آئے۔ ‘‘ سپکال نے بتایا کہ ’’ روہت پوار نے کانگریس کے موقف کی حمایت کی، ساتھ ہی ان کے خاندان کے ایک فرد( پارتھ پوار) کی جانب سے کانگریس پر کئے گئے نازیبا تبصرے پر معذرت کا اظہار کیا۔ سونیترا پوار نے ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی تھی جس کے بعد ہم نے پوار خاندان کی جذباتی اپیل کو قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔ 

سپکال نے وضاحت کی کہ ’’ ہماری طرف سے بی جے پی کی مخالفت جاری رہے گی۔ ہم اجیت پوار کی موت کے معاملے میں ایف آئی آردرج نہ کرنے پر حکومت کی مذمت کرتے ہیں۔ یہ مہاراشٹر کی بدقسمتی ہے۔ لیکن ہم نے بارامتی سے اپنا امیدوار واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK