دیونار مذبح انتظامیہ نے کہا: تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ خصوصی نگرانی ، پہلی مرتبہ ٹوکن سسٹم کا استعمال کیا جائے گا۔
EPAPER
Updated: May 17, 2026, 12:05 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
دیونار مذبح انتظامیہ نے کہا: تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ خصوصی نگرانی ، پہلی مرتبہ ٹوکن سسٹم کا استعمال کیا جائے گا۔
آج بروز اتوار ۱۷؍ مئی سے دیو نار منڈی میں قربانی کے جانور لائے جانے کا آغاز ہوگا۔طے شدہ ترتیب کے مطابق ۳۰؍ مئی تک جانور لائے اورفروخت کئے جاسکیں گے ۔جانوروں کو رکھنے اورخریداروں کی آمدورفت کے پیش نظر دیونار مذبح انتظامیہ کی جانب سے تمام تیاری مکمل کرلینے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔دیونار مذبح کے جنرل منیجرکلیم پاشا پٹھان نے نمائندۂ انقلاب کےاستفسار پربتایا کہ’’جانوروں کی آمد سے قبل شروع کردہ کام مکمل کرلیاگیا ہے تاکہ کسی قسم کی دشواری نہ ہو ۔‘‘ انہوں نےیہ بھی بتایاکہ ’’ پہلی مرتبہ ٹوکن سسٹم کا استعمال کیاجارہا ہے، ہرگاڑی والے کوٹوکن دیا جائے گا، اسی ترتیب سے گاڑیاں منڈی میںداخل ہوں گی۔ اس نئے سسٹم سے بدنظمی سے بچا جاسکے گا اور غیر ضروری طور پرشور شرابہ وہنگامہ آرائی بھی نہیں ہوگی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’کمال مولیٰ مسجد پر ہائی کورٹ کا فیصلہ تاریخی حقائق کے خلاف‘
عید قرباں کے لئے دیونار منڈی میں انتظامات کی خاطرامسال ۲۰؍کروڑ روپے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے منظور کئے گئے ہیں۔ اس فنڈ کا استعمال کرتے ہوئے گزشتہ سال کی شکایات کا امسال کس طرح ازالہ کیا گیاہے؟ اس کا صحیح اندازہ اس وقت ہوگا جب ہزاروں بکرے ، بھینس اورپاڑے لائے جاچکے ہوں گے اورخریداروں کی کثرت ہوگی۔
واضح رہےکہ متعد مرتبہ یہ تجویز پیش کی گئی کہ اگر مستقل طور پر شیڈ بنادیئے جائیں تو قربانی کے ایام کے لئے ہرسال فنڈ مختص کرنے اور عارضی شیڈبنانے کی ضرورت نہیں رہے گی اور کروڑوں روپے بھی بچائے جاسکیںگے مگر اس پر عمل نہیںکیا گیا۔