Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ میں امداد روکنے کے اسرائیل کے بہانوں، وضاحتوں پر اعتبار نہیں: آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز

Updated: May 26, 2025, 8:24 PM IST | Gaza

آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے آج تل ابیب پر سخت ترین تنقید میں کہا کہ غزہ کی امداد روکنے کیلئے اسرائیل کے ’’بہانے اور وضاحتیں‘‘، ’’ناقابل عمل‘‘ اور ’’ناقابل اعتبار‘‘ ہیں۔

Australian Prime Minister Anthony Albanese. Photo: INN.
آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز۔ تصویر: آئی این این۔

آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے آج تل ابیب پر سخت ترین تنقید میں کہا کہ غزہ کی امداد روکنے کیلئے اسرائیل کے ’’بہانے اور وضاحتیں‘‘، ’’ناقابل عمل‘‘ اور ’’ناقابل اعتبار‘‘ ہیں۔ کینبرا میں منعقدہ اپنی نیوز کانفرنس کے ایک ٹرانسکرپٹ کے مطابق البانیز نے کہا کہ ’’اسرائیل کے اقدامات مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں۔ یہ اشتعال انگیز ہے کہ غزہ میں ضرورت مند لوگوں کیلئے خوراک اور رسد کی بندش ہے۔‘‘ البانیز نے کہا کہ انہوں نے یہ تنقید اسرائیل کے صدر آئزک ہرزوگ کو کچھ دن پہلے روم میں ایک میٹنگ میں بتائی تھی، جہاں انہوں نے اسرائیلی صدر سے کہا تھا کہ ’’اسرائیل کے بہانے اور وضاحتیں مکمل طور پر ناقابل اعتبار تھیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔ اور ایک جمہوری ملک میں امداد روکی جارہی ہے جس سے دنیا بھر میں غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: فلسطینیوں کی نسل کشی کیخلاف مختلف شہروں میں مظاہرے

البانیز کی تنقید اقوام متحدہ کی تازہ ترین انتباہ سے مطابقت رکھتی ہے کہ غزہ قحط کے دہانے پر ہے۔ برطانیہ، فرانس اور کنیڈا سمیت کئی مغربی ممالک نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے محاصرہ شدہ انکلیو میں ’’کم سے کم‘‘ انسانی امداد کی اجازت دینے کے فیصلے پر تل ابیب پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔ اگرچہ کینبرا نے اس مشترکہ انتباہ پر دستخط نہیں کئے ہیں، لیکن اس نے اسرائیل کے مجوزہ امدادی ماڈل پر بین الاقوامی تنقید کے بڑھتے ہوئے دائرے میں شمولیت اختیار کی اور غزہ میں انسانی امداد کی مکمل اور فوری طور پر بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ جنگ بندی کے بین الاقوامی مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے، اسرائیلی فوج نے اکتوبر ۲۰۲۳ء سے غزہ کے خلاف وحشیانہ کارروائی کی ہے، جس میں ۵۳؍ ہزار ۹۰۰؍ سے زائد فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ۷۷؍ فیصد غزہ پر اسرائیل قابض، فوج تعینات

جمعہ کو انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے مطابق غزہ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شدید اسرائیلی حملوں اور محاصرے کی وجہ سے ایک لاکھ ۷۲؍ ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ گزشتہ نومبر میں بین الاقوامی فوجداری عدالت نے غزہ میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ اسرائیل کو انکلیو پر جنگ کیلئے عالمی عدالت انصاف میں نسل کشی کے مقدمے کا بھی سامنا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK