شہریوں اور سیاسی کارکنوں نے احتجاج کا ایک انوکھا راستہ اختیار کرتے ہوئے اس گڑھے کی باقاعدہ کیک کاٹ کر ’تیسری سالگرہ‘ منائی۔
EPAPER
Updated: July 31, 2026, 3:01 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Badlapur
شہریوں اور سیاسی کارکنوں نے احتجاج کا ایک انوکھا راستہ اختیار کرتے ہوئے اس گڑھے کی باقاعدہ کیک کاٹ کر ’تیسری سالگرہ‘ منائی۔
بدلاپور شہر کے ایک مصروف ترین فلائی اوور پر پچھلے تین سالوں سے موجود ایک بڑے گڑھے کی مرمت نہ ہونے سے ناراض شہریوں اور سیاسی کارکنوں نے احتجاج کا ایک انوکھا راستہ اختیار کرتے ہوئے اس گڑھے کی باقاعدہ کیک کاٹ کر ’تیسری سالگرہ‘ منائی ۔تفصیلات کے مطابق بدلاپور مشرق اور مغرب کو جوڑنے والے فلائی اوور پر ایک بڑا گڑھا گزشتہ ۳؍ برس سے جوں کا توں موجود ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود میونسپل انتظامیہ نے اس گڑھے کی مرمت کے لئے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں کیا جس کے باعث ہر بارش میں شدید ٹریفک جام اور حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔میونسپل انتظامیہ کی اس بے حسی کے خلاف راشٹروادی کانگریس پارٹی(شرد) اور مہا وکاس اگھاڑی کے کارکنوں نے اس گڑھے کی تیسری سالگرہ منائی۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے گڑھے کے اندر کیک کاٹ کر میونسپل انتظامیہ کی ناقص کارکردگی پر طنز کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تین برس سے انتظامیہ کو یہ گڑھا دکھائی نہیں دیا تو اس کی سالگرہ منا کر شاید متعلقہ حکام کی توجہ اس جانب مبذول کرائی جا سکے۔اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ یہ صرف ایک گڑھے کا مسئلہ نہیں بلکہ شہری سہولیات سے متعلق انتظامیہ کی مجموعی غفلت کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت مرمت نہ کی گئی تو کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے جس کی مکمل ذمہ داری میونسپل انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ شہریوں نے بھی اس احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جب مسلسل شکایات کے باوجود حکام حرکت میں نہ آئیں تو ایسے احتجاج ہی عوام کی آواز بن جاتے ہیں۔