Inquilab Logo Happiest Places to Work

باندرہ غریب نگر کا ملبہ صاف، ریلوے کی زمین اپنی تحویل میں لینےکی کارروائی شروع

Updated: June 05, 2026, 11:48 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ریلوے نےپروٹیکشن فورس کی تعیناتی کے ساتھ اونچی لوہے کی سلاخوں سے زمین اکوائرکرنا شروع کیا۔ سب سے اہم سوال : کیامتاثرین کی بازآبادکاری کی کوششیں بار آور ہوں گی؟

The scene after the demolition operation in Bandra Garib Nagar. (Photo: Inquilab)
باندرہ غریب نگر میں انہدامی کارروائی کے بعد کا منظر۔ (تصویر:انقلاب)

باندرہ غریب نگر کا نشان ختم  اور ملبہ صاف ہوگیا ہے۔ ریلوے نے ۵۲۰۰؍ اسکوائر میٹر سے زیادہ جس پر ۵۰۰؍ سے زائد جھوپڑے ، دکانیں بنی ہوئی تھیںاور دو مساجد تھیں، زمین اپنی تحویل میں لینے کیلئے ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف ) اور گورنمنٹ ریلوےپولیس ( جی آر پی ) کے بندوبست کے ساتھ کارروائی شروع کی اور لوہے کی سلاخوں کے ذریعے حد بندی شروع کردی ہے۔ویسٹرن ریلوے کی اس کارروائی کے ساتھ اب بھی یہ بڑا سوال اپنی جگہ قائم ہے کہ متاثرین کی بازآبادکاری کے تعلق سے جو کوششیں کی جارہی ہیں، کاغذات وغیرہ جمع کئے جارہے ہیں اور وکلاء کی جانب سے شکایات کی گئی ہیں ،کیا وہ بارآور ہوں گی؟

نمائندۂ انقلاب نےغریب نگر کی موجودہ تصویر کشی کے وقت دیکھا کہ کچھ لوگ اب بھی حسرت ویاس کے ساتھ اس جگہ کودیکھ رہے تھے جہاں شاید ۱۹؍مئی (انہدامی کارروائی سے قبل) ان کا جھوپڑا ہوا کرتا تھا ۔ واضح ہوکہ پٹری کے قریب سے شہید کی گئی غریب نگر سنّی مسجد تک ۱۰۰؍ جھوپڑے جو قانونی قرار دیئےگئے ہیں، ان کی بالائی منزل توڑی گئی ہے، وہ موجود ہیںبقیہ پورا حصہ چٹیل میدان بن گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی روڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب ۲۵۸؍ جھونپڑوں پر ریلوے کا بلڈوزر

اس تعلق سے جماعت ِ اسلامی اوربرادران وطن کی متعدد تنظیموں کےساتھ متاثرین کے کاغذات جمع کرنے کے ساتھ موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس (ایم پی جے ) کی جانب سے بھی میدھاپاٹکر کے ہمراہ صلاح ومشورے کے بعد متاثرین کی رہنمائی اورمدد کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔  دوسری جانب ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نے نمائندۂ انقلاب سےبات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’ جب ۱۹؍مئی کوانہدامی کارروائی شروع کی گئی تھی اسی وقت یہ بتادیا گیا تھا کہ ملبہ ہٹانے کےبعد زمین اکوائر کی جائے گی چنانچہ اس کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ماہم کی جانب سے لے کربہرام پاڑہ کی جانب سڑک تک لوہے کے موٹے کھمبے اور لوہے کی موٹی سلاخوں کے ذریعے زمین گھیری جارہی ہے،کسی حد تک یہ کام کیا بھی گیا ہے اورمزید کیا جارہا ہے۔‘‘انہوں نے متاثرین کی پریشانی اور ان کی بازآبادکاری کےسوال پرپھر وہی دہرایا کہ ’’ریلوے کی جانب سے عدالت کےحکم کی تعمیل کی گئی ہے،ریلوے کی جانب سے متاثرین پرکوئی زیادتی نہیںکی گئی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK