ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور گھریلو گیس سلنڈروں کے نرخوں میں اضافے کے خلاف شدید احتجاج ،فوری راحت کا مطالبہ۔
EPAPER
Updated: June 05, 2026, 12:58 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور گھریلو گیس سلنڈروں کے نرخوں میں اضافے کے خلاف شدید احتجاج ،فوری راحت کا مطالبہ۔
بھیونڈی(خالد عبدالقیوم انصاری): ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور روزمرہ ضروریاتِ زندگی کی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف کانگریس پارٹی کی جانب سے ریاست بھر میں جاری احتجاجی مہم کے تحت بھیونڈی میں ’’جن آکروش مارچ‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ مارچ میں کانگریس کے عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کرتے ہوئے مہنگائی، ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور گھریلو گیس سلنڈروں کے نرخوں میں اضافے کے خلاف شدید احتجاج درج کرایا۔
یہ احتجاجی مارچ تھانہ ضلع دیہی کانگریس کے جنرل سیکریٹری پنکج گائیکواڑ کی قیادت میں شیلار علاقے سے شروع ہوا اور پرانت دفتر پر اختتام پذیر ہوا۔ مارچ کے دوران شرکاء نے عوامی مسائل سے متعلق نعرے بلند کرتے ہوئے حکومت سے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ، ایندھن اور گھریلو استعمال کی بنیادی سہولتوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام خصوصاً متوسط اور کم آمدنی والے طبقات کے لیے شدید مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔احتجاج کے بعد کانگریس کے ایک وفد نے پرانت دفتر کے توسط سے صدرِ جمہوریہ ہند کے نام ایک یادداشت پیش کی۔ یادداشت میں گھریلو ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں فوری کمی، اشیائے خور و نوش کی بڑھتی قیمتوں کو قابو میں لانے، مختلف اشیاء پر عائد۳۵؍ فیصد ویٹ کو کم کرکے۵؍ فیصد کرنے اور گھریلو گیس پر نافذ۲۲؍ فیصد ویٹ میں نمایاں تخفیف کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی کے ہوٹل، ریسٹورینٹ، پب اور بار چلانے والوں پر فائر بریگیڈ کا شکنجہ
کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ مہنگائی کی موجودہ صورتحال نے عام شہریوں کے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ روزمرہ اخراجات میں اضافے کے باعث عوام کو معاشی دشواریوں کا سامنا ہے، جبکہ حکومت عوام کو راحت فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ عوامی مفاد کے پیش نظر قیمتوں کو مستحکم کرنے اور ضروری اشیاء کو عام آدمی کی دسترس میں رکھنے کے لیے فوری اور ٹھوس پالیسی اقدامات ناگزیر ہیں۔اس موقع پر بھیونڈی شہر کانگریس کے نو منتخب صدر عابد منصب خان سمیت پارٹی کے متعدد عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔ مقررین نے واضح کیا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور عوامی مسائل کے خلاف کانگریس کی جدوجہد جاری رہے گی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جمہوری طریقے سے آواز بلند کی جاتی رہے گی۔
کانگریس کے مطالبات
* گھریلو ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں فوری کمی
* مختلف اشیاء پر عائد۳۵؍ فیصد ویٹ کم کرکے۵؍ فیصد کیاجائے۔
* گھریلو گیس پر نافذ۲۲؍ فیصد ویٹ میں نمایاں تخفیف کی جائے۔