Inquilab Logo Happiest Places to Work

باندرہ: غریب نگر کے بے گھر مکین ایس آئی آر میں نام کے اندراج کیلئے پریشان

Updated: July 31, 2026, 12:47 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Bandra

کہا: بی ایل او ’اوپر‘ سے ’آدیش‘ کا حوالہ دے کر نام درج کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔ ’اے پی سی آر‘ کے عہدیداران نے متاثرین سے ملاقات کی ۔اس اہم مسئلے پر چیف الیکٹورل آفیسر کوخط بھی روانہ کیا گیا۔

Homeless residents of Garib Nagar expressing concerns regarding their names being registered in the SIR. (Photo: An-Niqlab)
غریب نگر کے بے گھر مکین ایس آئی آر میں نام کے اندراج کے تعلق سے پریشانی بتاتے ہوئے۔ (تصویر: ا نقلاب)

یہاں کے غریب نگر کے بے گھر کئے گئے مکینوں کے لئے ’اسپیشل انٹنسیورویژن (ایس آئی آر )‘ میں نام کا اندراج بڑا چیلنج بن گیاہے۔متاثرین کے مطابق بی ایل او نام نہیںلکھ رہے ہیں، کہہ رہے ہیںکہ ان کو’اوپر‘ سے ’آدیش‘ دیا گیا ہے۔ انہوں نےآر او (ریٹرننگ آفیسر ) سے بھی ملاقات کی مگرکوئی فائدہ نہیںہوا۔ متاثرین کےان ہی مسائل پر اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) کی جانب سے وکلاء اور ذمہ داران نے ایسے مکینوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل معلوم کرنے کے ساتھ ان کوتسلی دی کہ ان کے نام درج کرانے کیلئے کوشش کی جائے گی۔ 

یاد رہے کہ ۱۹؍مئی سے ۲۳؍مئی کے درمیان  ۵۰۰؍ سے زائدجھوپڑوں اوردکانوں کو توڑ دیا گیا تھا۔

مکینوں کے ۵؍سوال 

(۱) برسوں سے ہم نے ووٹ دیا اور ہمارے گھروں کا غریب نگر کا پتہ تھا توایس آر اے میںہمارا نام کیوں نہیں لکھا جارہا ہے(۲) بی ایل او کو کس بنیاد پر اور کس نے اوپر سے آدیش دیا (۳) جھوپڑاتوڑنے کے وقت کچھ کاغذات اگرضائع ہوگئے اوربی ایل او گھر گھر جائیں گے جبکہ ہمارے جھوپڑے تو پہلے ہی توڑے جاچکے ہیں تو کیا ہمیں حق رائے دہی سے محروم کردیا جائے گا (۴) چونکہ ریلوے کی جانب سے انہدامی کارروائی کی گئی جبکہ ہمارے پاس تمام ثبوت تھے اس لئے پہلے کی طرح ووٹ دینے کے ہمارے بنیادی حق کی حفاظت کی جائے (۵) یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ غریب نگر کے ایک بھی متاثرہ شخص کو حق رائے دہی سے محروم نہ ہونے دے اور ان کی مشکلات سن کراس کا حل نکالے۔

یہ بھی پڑھئے: عدالت کا ایف ڈی اے کو حقیقت پسندانہ رویہ اپنانے کا حکم

متاثرین نے اے سی پی آر کے ذمہ داران سے کیا کہا

اے پی سی آر کے عہدیداران ایڈوکیٹ حمزہ اور محمد اشفاق خان نے متاثرین سے باندرہ میں لیول کراسنگ گیٹ نمبر۱۸؍کے پاس ملاقات کی۔ مکینوں نے اپنے مسائل بتائے اورکہاکہ وہ سخت پریشان ہیںکیونکہ وقت بہت کم بچا ہے اور اب تک ایس آئی آر میںان کے ناموں کا اندراج نہیں کیا گیا ہے۔ اس لئے ان کی مدد کی جائے تاکہ وہ ووٹ دے کرجمہوری نظام کاحصہ بن سکیں۔اس پر انہیں یہ مشورہ دیا گیا کہ وہ پریشان نہ ہوں، جو کاغذات ان کےپاس موجود ہیں ، وہ تیار رکھیں ۔کوشش کی جارہی ہے کہ کسی صورت ان کا یہ مسئلہ حل ہو اور ان کے ناموں کا اندراج ممکن ہوسکے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’طلبہ کیلئے مڈ ڈے میل کی فراہمی کا انتظام فوری طور پر کیا جائے‘‘

چیف الیکٹورل آفیسر کو مکتوب

چونکہ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے بھی غریب نگر کے مکینوں کوواضح جواب نہیں دیا گیا اورنہ ہی یہ یقین دہانی کروائی گئی کہ ان کے ناموں کے اندراج کی کیا صورت ہوگی تو اس تعلق سے اے پی سی آر کے جنرل سیکریٹری شاکر شیخ کی جانب سے چیف الیکٹورل آفیسر کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے ۔ اس مکتوب کے ذریعے ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس اہم مسئلے پر توجہ دیں اور بہتر ہوگا کہ وہ غریب نگرکے متاثرین سے ملاقات کا وقت دیں تاکہ وہ براہ راست اپنی مشکلات سے چیف الیکٹورل آفیسر کوآگاہ کراسکیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK