Updated: March 28, 2026, 10:16 PM IST
| Bengaluru
کلاس میں موجود طلبہ کے مطابق، پروفیسر نے عفان کیلئے ”دہشت گرد“ کی اصطلاح کم از کم ۱۳ مرتبہ استعمال کی اور طالب علم کو مشرق وسطیٰ میں جاری ایران جنگ سے جوڑنے والے تبصرے بھی کئے۔ ویڈیو میں پروفیسر کو طالب علم پر چلاتے ہوئے اور یہ کہتے ہوئے بھی سنا گیا کہ ”اس جیسے لوگ“ عالمی تنازعات کے ذمہ دار ہیں۔
پروفیسر مرلی دھر دیشپانڈے۔ تصویر: ایکس
بنگلور کی پی ای ایس یونیورسٹی (PES University) میں کلاس سیشن کے دوران ایک پروفیسر کے ذریعے مسلم طالب علم کو ”دہشت گرد“ کہہ کر پکارے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شدید غم و غصہ پھیل گیا ہے اور خاطی پروفیسر کے خلاف سخت کارروائی کے مطالبات کئے جارہے ہیں۔ ان الزامات کے بعد پروفیسر کو معطل کردیا گیا ہے۔
پی ای ایس یونیورسٹی کے الیکٹرانک سٹی کیمپس میں پیش آئے اس واقعہ کی ایک ویڈیو منگل کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد یہ معاملہ منظر عام پر آیا۔ فوٹیج میں یونیورسٹی کے پروفیسر مرلی دھر دیشپانڈے کو ’عفان‘ نامی طالب علم سے مخاطب ہوتے اور مبینہ طور پر تقریباً ۶۰ طلبہ کے سامنے اس کیلئے کم متعدد بار ”دہشت گرد“ کی اصطلاح استعمال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
کلاس میں موجود طلبہ کے مطابق، پروفیسر نے عفان کیلئے ”دہشت گرد“ کی اصطلاح کم از کم ۱۳ مرتبہ استعمال کی اور طالب علم کو مشرق وسطیٰ میں جاری ایران جنگ سے جوڑنے والے اضافی تبصرے بھی کئے۔ ویڈیو میں پروفیسر کو طالب علم پر چلاتے ہوئے اور یہ کہتے ہوئے بھی سنا گیا کہ ”اس جیسے لوگ“ عالمی تنازعات کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے مبینہ طور پر دھمکی دی کہ ڈونالڈ ٹرمپ ”آ کر اسے لے جائیں گے۔“ پروفیسر نے طالب علم سے یہ بھی کہا کہ وہ ”جہنم میں جائے گا۔“
یہ بھی پڑھئے: ہندوستانی بچے کی جانب سے ایرانی بچوں کیلئے دل کو چھو لینے والا تحفہ
یونیورسٹی نے پروفیسر کو معطل کیا
اس معاملے کی باضابطہ شکایت کے بعد، یونیورسٹی نے تحقیقات ہونے تک پروفیسر کی معطلی کا حکم جاری کیا۔ وائس چانسلر کے دستخط شدہ نوٹس میں ادارے نے کہا کہ تفصیلی تحقیقات کے دوران پروفیسر کو فوری طور پر معطل کیا جا رہا ہے۔
اس دوران سامنے آنے والی کچھ رپورٹس میں الزام لگایا گیا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حذف کر دی گئی تھی اور متاثرہ طالب علم کی حمایت کرنے والے کچھ طلبہ کو تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔ بتایا جا رہا ہے کہ پروفیسر نے یونیورسٹی انتظامیہ کے پاس تحریری معذرت نامہ جمع کرایا ہے، لیکن طالب علم سے براہِ راست کوئی معذرت نہیں کی گئی۔
پروفیسر کے خلاف از خود ایف آئی آر درج
پروفیسر مرلی دھر دیش پانڈے کے خلاف پولیس نے از خود ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے کیلئے عفان سے رابطہ کیا، لیکن وہ کالج سے معطلی کے ڈر سے شکایت درج کرانے سے ہچکچا رہا تھا جس کے بعد بنگلور ساؤتھ ڈویژن کی گری نگر پولیس نے پی ای ایس یونیورسٹی کے پروفیسر کے خلاف ان الزامات پر کلاس سیشن کے دوران ایک مسلم طالب علم کو "دہشت گرد" کہنے کے الزام پر از خود ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مسلمانوں میں عدم تحفظ بڑھ رہا ہے: محمود اسعد مدنی کا انتباہ، حکام سے سوال
ایف آئی آر کے مطابق، شکایت کنندہ، ہیڈ کانسٹیبل روی کمار ٹی این نے وائرل فوٹیج کا مشاہدہ کرنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے ممکنہ خطرے کی نشاندہی کرنے کے بعد از خود مقدمہ درج کیا۔ گری نگر پولیس نے ڈاکٹر دیش پانڈے کے خلاف بی این ایس کی دفعہ ۲۹۹ اور ۳۵۲ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔