• Fri, 02 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

برکشائر ہیتھوے: وارن بفیٹ کی ۶۰؍ سالہ قیادت کا اختتام، سبکدوش

Updated: January 02, 2026, 11:58 AM IST | California

وارن بفیٹ ۲۰۲۵ء کے اختتام پر برکشائر ہیتھوے کے سی ای او کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے جس کے ساتھ سرمایہ کاری کی دنیا کا ایک تاریخی باب بند ہوگیا۔ تاہم، بطور چیئرمین ان کی موجودگی اور گریگ ایبل کی قیادت میں کمپنی کے تسلسل کی امید کی جا رہی ہے۔

World-renowned investor Warren Buffett. Photo: INN
دنیا کے معروف سرمایہ کار وارن بفیٹ۔ تصویر: آئی این این

دنیا کے معروف سرمایہ کار وارن بفیٹ ۲۰۲۵ء کے اختتام پر، ۹۵؍ برس کی عمر میں برکشائر ہیتھوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔ اس طرح ان کا تقریباً ۶۰؍ سال پر محیط غیر معمولی دور اختتام کو پہنچا۔ اس دوران انہوں نے ایک جدوجہد کرتی ٹیکسٹائل کمپنی کو ایک ٹریلین ڈالر سے زائد مالیت کی عالمی سرمایہ کاری جماعت میں تبدیل کر دیا۔ ۱۰؍ نومبر کو شیئر ہولڈرز کے نام اپنے آخری تھینکس گیونگ خط میں بفیٹ نے لکھا تھا کہ ’’جیسا کہ انگریز کہیں گے، میں اب خاموش ہو رہا ہوں۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ وہ نہ صرف برکشائر کی سالانہ رپورٹس لکھنا بند کریں گے بلکہ شیئر ہولڈرز کی سالانہ میٹنگز میں اپنی طویل تقاریر بھی ختم کر دیں گے، جو کئی دہائیوں سے سرمایہ کاروں کیلئے رہنمائی اور حکمت کا ذریعہ رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ نے ۲۰۲۵ء کا اختتام نفرت انگیز پیغامات سے کیا، کہا حریف جہنم میں سڑیں گے

اپنی صحت کے بارے میں بات کرتے ہوئے بفیٹ نے کہا کہ اگرچہ وہ آہستہ چلتے ہیں اور پڑھنے میں پہلے سے زیادہ دقت محسوس کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود وہ ہفتے میں پانچ دن دفتر آتے ہیں اور بہترین لوگوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ آئندہ بھی شیئر ہولڈرز اور اپنے بچوں کو سالانہ تھینکس گیونگ پیغامات بھیجتے رہیں گے۔ اپنے طویل سفر پر نظر ڈالتے ہوئے بفیٹ نے اپنے دیرینہ ساتھی چارلی منگر کے ساتھ شراکت کو یاد کیا جو ۲۰۲۳ء میں انتقال کر گئے تھے۔ اپنے آخری خط میں انہوں نے لیڈروں کو نصیحت کی کہ ’’یہ طے کریں کہ لوگ آپ کی موت کے بعد آپ کو کس طرح یاد کریں، اور پھر اسی کے مطابق زندگی گزاریں۔‘‘
اگرچہ بفیٹ سی ای او کے عہدے سے الگ ہو رہے ہیں، تاہم وہ برکشائر کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ ان کے پاس برکشائر کے تقریباً ۱۴۹؍ بلین ڈالر مالیت کے شیئرز ہیں، جن کا بڑا حصہ وہ اپنی زندگی میں ہی عطیہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

نیا سی ای او کون ہوگا؟
برکشائر ہیتھوے کے نئے سی ای او کے طور پر گریگ ایبل جنوری ۲۰۲۶ء سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ بفیٹ کے مطابق، ’’گریگ ایبل نے ان تمام توقعات سے بڑھ کر کارکردگی دکھائی ہے جو میں نے کبھی ان سے وابستہ کی تھیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: نیدرلینڈز: نوعمر لڑکا سرجری کے بعد مادری زبان بھول گیا، انگریزی بولنے لگا

بفیٹ کی زندگی اور سرمایہ کاری کا سفر
۳۰؍ اگست ۱۹۳۰ء کو اوماہا، نبراسکا میں پیدا ہونے والے بفیٹ نے ۱۱؍ سال کی عمر میں پہلا اسٹاک خریدا اور ۱۳؍ سال کی عمر میں پہلا ٹیکس ریٹرن فائل کیا۔ تعلیم کے دوران ہی انہوں نے اخبارات کی ترسیل اور پن بال مشینوں کے ذریعے ہزاروں ڈالر کمائے۔ انہوں نے کولمبیا بزنس اسکول سے معاشیات میں ماسٹرز کیا، جہاں انہوں نے بینجمن گراہم سے قدر کی سرمایہ کاری کے اصول سیکھے۔ انہی اصولوں پر چلتے ہوئے بفیٹ نے ۱۹۶۵ء میں برکشائر ہیتھوے کا کنٹرول سنبھالا اور اسے انشورنس، ریل روڈ، توانائی اور کنزیومر بزنسز کی عالمی طاقت بنا دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK