Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: دوسری منزل کی کھڑکی کی جالی ٹوٹنے سے ۲؍ بچے زخمی

Updated: July 14, 2026, 12:20 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

۲؍ بچے عبدالرحمن اور اسد کھڑکی کی لوہے کی جالی پر بیٹھے تھے کہ اچانک جالی اپنی جگہ سے اکھڑ گئی اور دونوں بچے دوسری منزل سے نیچے جاگرے۔

Two children sitting on a window ledge fell from the second floor. Photo: INN
کھڑکی کی جالی پر بیٹھے ۲؍بچے دوسری منزل سے نیچے گر گئے۔ تصویر: آئی این این

یہاں دیوان شاہ درگاہ روڈ علاقے میں گزشتہ شام ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا جہاں ۴؍ منزلہ عمارت کی دوسری منزل پر واقع ایک فلیٹ کی کھڑکی کی لوہے کی جالی اچانک ٹوٹ کر نیچے گر گئی۔ اس جالی پر بیٹھے ۲؍ بچے بھی جالی کے ساتھ نیچے آگرے، جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر تھانے کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق دیوان شاہ درگاہ روڈ پر واقع حسین آرکیڈ عمارت کی دوسری منزل پر رہائش پذیر ایک خاندان کے یہاں مہمان آئے ہوئے تھے۔ان کے ساتھ آئے ۲؍ بچے عبدالرحمن اور اسد کھڑکی کی لوہے کی جالی پر بیٹھے تھے کہ اچانک جالی اپنی جگہ سے اکھڑ گئی اور دونوں بچے دوسری منزل سے نیچے جاگرے۔ حادثے کے فوراً بعد علاقے میں افرا تفری مچ گئی اور مقامی افراد مدد کے لئے دوڑ پڑے۔

مقامی شہریوں نے دونوں زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی نجی اسپتال پہنچایا تاہم اتوار ہونے کے باعث وہاں مطلوبہ طبی سہولیات دستیاب نہ ہونے پر انہیں بہتر علاج کے لئے تھانے کے ایک اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

یہ بھی پڑھئے: میرا روڈ: بھیانک آتشزدگی میں جھلس جانے والی معمر خاتون کی موت

واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ محکمہ کے افسران موقع پر پہنچ گئے اور حادثے کا جائزہ لیا۔ پربھاگ سمیتی ۴؍کے افسر اروند گگرے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملے کی جانچ کی جارہی ہے اور ضابطے کے مطابق ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ادھر اس حادثے کے بعد شہر کی پرانی اور خستہ حال عمارتوں میں نصب لوہے کی جالیوں، بالکونی اور دیگر حفاظتی ڈھانچوں کی مضبوطی پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ مقامی شہریوں نے میونسپل انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ خطرناک اور بوسیدہ عمارتوں کا فوری سروے کرایا جائے اور حفاظتی معائنہ یقینی بنا کر مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK