Inquilab Logo Happiest Places to Work

سب سے زیادہ عرصہ تک وزیر اعلیٰ رہنے والوں میں فرنویس تیسرے نمبر پر

Updated: July 14, 2026, 12:45 PM IST | Mumbai

۲؍ ہزار ۴۳۰؍ دن وزیر اعلیٰ رہ چکے فرنویس نے شرد پوار کو پیچھے چھوڑ دیا، اقتدار میں ہونے کے سبب دوسرے نمبر پر بھی پہنچ سکتے ہیں۔

Chief Minister Devendra Fadnavis. Photo: INN
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر کی سیاست میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے نام ایک نیا ریکارڈ درج ہوا ہے۔ فرنویس اب ان لیڈروں میں تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں جنہوں نے مہاراشٹر کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کی میعاد کے معاملے میں شرد پوار کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ۱۲؍ جولائی ۲۰۲۶ء تک، دیویندر فرنویس کی بطور وزیر اعلیٰ کل مدت ۲؍ ہزار ۴۳۰؍ دن (تقریباً ۶؍ سال ۷؍ ماہ) ہوگئی، جبکہ شرد پوار نے ۲؍ ہزار ۴۱۲؍ دن تک وزیر اعلیٰ کی کرسی سنبھالی ہے۔فرنویس اب شرد پوار کو پیچھے چھوڑ کر مہاراشٹر کی تاریخ میں تیسرے سب سے طویل عرصے تک کام کرنے والے وزیر اعلیٰ بن گئے۔ چونکہ ان کا دور حکومت ابھی تک جاری ہے اسلئے اس ریکارڈ میں روز بروز اضافہ ہو گا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ شرد پوار چار بار وزیر اعلیٰ بنے، لیکن وہ ایک بار بھی ۵؍سال کی مدت پوری نہیں کر سکے۔ دوسری طرف دیویندر فرنویس ۳؍ بار وزیر اعلیٰ بن چکے ہیں۔ ان کی پہلی مدت مکمل ۵؍ سال تھی، دوسری صرف ۶؍ دن کی تھی، جبکہ تیسری مدت فی الحال جاری ہے اور ۱۲؍ جولائی ۲۰۲۶ء تک اس کی مدت ۵۸۵؍ دن ہو چکی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: میرا روڈ: بھیانک آتشزدگی میں جھلس جانے والی معمر خاتون کی موت

دیویندر ۲۲؍  جولائی ۱۹۷۰ء کو ناگپور میں گنگادھر اور سریتا فرنویس کے گھر میں پیدا ہوئے۔ ان کی چاچی شوبھا تائی فرنویس  ۵؍ بار رکن اسمبلی رہ چکی ہیں جبکہ ان کے والد بھی ایک بار رکن اسمبلی بن چکے ہیں۔ لہٰذا انہوں نے سیاست کے ابتدائی سبق گھر ہی میں سیکھے ۔ پھر سماجی کاموں میں شرکت کرکے ترقی کی منازل طےکیں۔ ساتھ ہی وہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے ہیدکوارٹر سے بھی وابستہ رہے۔انہوں نے کالج کے زمانے میں اے بی وی پی کارکن بن کر اپنا سیاسیسفر شروع کیا اور ناگپور یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کرتے ہوئے کالج کے انتخابات میں بھی سرگرمی سے حصہ لیا۔ ۱۹۹۲ء میں انہوں نے ناگپور یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی تعلیم مکمل کی، اسی دوران انہیں کارپوریٹر بننے کا موقع ملا۔ وہ ۱۹۹۲ء تا ۱۹۹۷ء اور ۱۹۹۷ء تا ۲۰۰۱ءوہ ناگپور میونسپل کارپوریشن میں کارپوریٹر رہے، اس دوران ناگپور کے میئر کی کرسی بھی ان کے حصے میں آئی۔ ۱۹۹۹ء میں وہ پہلی بار ناگپور سے انتخابات جیت کر اسمبلی پہنچے۔ اس کے بعد سے اب تک  لگاتار ۶؍ اسمبلی الیکشن جیت چکے ہیں۔ ۲۰۱۳ء تا ۲۰۱۵ء وہ مہاراشٹر بی جے پی کے صدر بنائے گئے۔ اسی دوران ۲۰۱۴ء میں بی جے پی کی مہاراشٹر میں حکومت بنی اور دیویندر فرنویس کو بی جے پی کا پہلا وزیر اعلیٰ بننے کا موقع ملا۔ 

یہ بھی پڑھئے: چمبور: خستہ حال اسکول کے ۷۰۰؍ طلبہ آن لائن پڑھائی پر مجبور

سب سے زیادہ عرصے تک مہاراشٹر کا وزیر اعلیٰ رہنے والے لیڈران 

 ۱۔ وسنت رائو نائیک۴؍ ہزار ۹۶؍ دن (۱۱؍ سال ۷۸؍ دن)
۲۔ ولاس راؤ دیشمکھ ۲؍ ہزار ۶۸۶؍دن (تقریباً ۷؍ سال ۱۲۹؍دن)
۳۔ ۳؍ دیویندرفرنویس: ۲؍ ہزار ۴۳۰؍ دن (تقریباً ۶؍ سال ۷؍ ماہ) 
۴۔ شرد پوار: ۲؍ ہزار ۴۱۲؍ دن ( ۶؍ سال ۲۲۱؍ دن)  
یاد رہے کہ دیویندر فرنویس وسنت رائو نائیک کے بعد دوسرے وزیر اعلیٰ ہیں جنہوں نے اپنی ۵؍ سالہ میعاد پوری کی ہے ورنہ ان دو لیڈران کے علاوہ کسی بھی وزیر اعلیٰ نے اپنی ۵؍ سالہ میعاد پوری نہیں کی۔ ساتھ ہی فرنویس شرد پوار کے بعد دوسرے سب سے کم عمر وزیر اعلیٰ ر ہ چکے ہیں

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK