کے ای ایم اسپتال میں دم توڑ دیا، شوہر کی حالت اب بھی تشویشناک، آئی سی یو میں علاج جاری۔ حادثے میں زخمی ۱۶؍ افراد کو ڈسچارج کر دیا گیا۔
EPAPER
Updated: July 14, 2026, 11:52 AM IST | Sajid Mehmood Shaikh | Mira Road
کے ای ایم اسپتال میں دم توڑ دیا، شوہر کی حالت اب بھی تشویشناک، آئی سی یو میں علاج جاری۔ حادثے میں زخمی ۱۶؍ افراد کو ڈسچارج کر دیا گیا۔
یہاں کے گووند نگر علاقے میں واقع ’ایکویریئس ٹاور‘ میں پیش آئے آتشزدگی کے اندوہناک واقعے میں بالآخر پہلی ہلاکت درج کی گئی ہے۔ حادثے میں شدید طور پر جھلس جانے اور دھوئیں سے دم گھٹنے سے متاثر ہونے والی ۶۹ ؍سالہ شکیلہ قریشی پیر کو ممبئی کے کے ای ایم اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گئیں۔ متوفیہ پہلے ہی ڈائیلاسس اور دیگر عوارض میں مبتلا تھیں جس کے باعث ان کی حالت نازک تھی۔
یہ بھی پڑھئے: کلیان:۳۲؍بی ایل اوز نے ۶؍ہزار فارم تقسیم کئے
ذرائع کے مطابق میرا روڈ کے پرانے پیٹرول پمپ کے پیچھے گووند نگر کی اس سات منزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر موجود میٹر باکس میں جمعہ کی آدھی رات کو اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے عمارت میں گہرا اور زہریلا دھواں پھیل گیا جس سے وہاں کہرام مچ گیا۔ فائر بریگیڈ اور مقامی لوگوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عمارت میں پھنسے ۱۰۴ ؍ مکینوں کو بحفاظت باہر نکالا۔ تاہم دھوئیں کی وجہ سے دم گھٹنے اور جھلس جانے کے باعث ۲۱ ؍ افراد شدید متاثر ہوئے تھے جنہیں فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا تھا۔بچاؤ مہم کے دوران شکیلہ قریشی تقریباً ۲۵ ؍ فیصد جھلس گئی تھیں ساتھ ہی ان کا ڈائیلاسس بھی چل رہا تھا۔ کے ای ایم ہسپتال کے ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ متوفیہ کے اہل خانہ نے نم آنکھوں سے بتایا کہ ان کے ۷۲ ؍سالہ شوہر مشتاق قریشی بھی شدید متاثر ہوئے ہیں اور وہ اس وقت انتہائی نگہداشت والے وارڈ ( آئی سی یو ) میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں جہاں ان کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ اس کے علاوہ ۶۷ ؍سالہ سلیم شیخ کا بھی آئی سی یو میں علاج کیا جا رہا ہےجبکہ دیگر مریضوں کو جنرل وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’جرم قبول کرانے کیلئے پولیس بے رحمی کا مظاہرہ نہیں کر سکتی‘‘
دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے ۲۱ ؍ افراد میں سے ۱۶ ؍ مریضوں کی حالت میں تسلی بخش سدھار آنے کے بعد انہیں ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ تاہم دو ماہ کا ایک بچہ اب بھی میرا روڈ کے ایک نجی اسپتال میں زیرعلاج ہے۔ مقامی پولیس اور فائر بریگیڈ حکام میٹر باکس میں آگ لگنے کی وجوہات کی مزید جانچ کر رہے ہیں۔