Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: کھلے نالے میں گرنے سے ۴؍ سالہ بچی جاں بحق

Updated: June 12, 2026, 12:32 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

یہاں اعظمی نگر نالا پار علاقے میں پیش آئے ایک دلخراش حادثے میں۴؍ سالہ بچی کھلے نالے میں گر کر جاں بحق ہوگئی۔

File photo. Photo: X
فائل فوٹو۔ تصویر: ایکس

یہاں اعظمی نگر نالا پار علاقے میں پیش آئے ایک دلخراش حادثے میں۴؍ سالہ بچی کھلے نالے میں گر کر جاں بحق ہوگئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی جبکہ بھوئی واڑہ پولیس نے حادثاتی موت کا معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔اطلاعات کے مطابق بدھ کی سہ پہر مقامی بچوں نے نالے میں ایک کمسن بچی کی لاش دیکھی اور فوری طور پر مقامی افراد کو اطلاع دی۔ واقعے کی خبر ملتے ہی بھوئی واڑہ پولیس موقع پر پہنچی اور مقامی شہریوں کی مدد سے لاش کو نالے سے باہر نکالا۔ بعد ازاں قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے اندرا گاندھی میموریل اسپتال روانہ کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: ماٹونگا اسٹیشن پربارش میں پٹریوں پر جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کیلئے خاص تیاری

پولیس کی ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ حادثے کے وقت بچی کی والدہ کام پر گئی ہوئی تھیں جبکہ گھر میں اس کا ۷؍سالہ بھائی اور ۹؍ سالہ بہن موجود تھے۔ والد گھر میں سو رہے تھے۔ اسی دوران بچی کھیلتے کھیلتے گھر سے باہر نکل گئی۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ قریب واقع نالے کے کنارے پہنچ گئی اور اچانک نالے میں گر کر بہہ گئی۔ بعد ازاں اس کی لاش کچھ فاصلے پر نالے میں نظر آئی۔واقعے کی سنگینی کے پیش نظر بھیونڈی زون-۲؍ کے ڈی سی پی پون بنسوڈ، اسسٹنٹ پولیس کمشنر اور بھوئی واڑہ پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر اپنی ٹیم کے ساتھ آئی جی ایم اسپتال پہنچے اور معاملے کا جائزہ لیا۔ پولیس حکام نے اہل خانہ سے ملاقات کرکے واقعے کی تفصیلات حاصل کیں اور ضروری بیانات قلمبند کئے۔حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد موت کی وجوہات کی باضابطہ تصدیق کی جائے گی، تاہم ابتدائی شواہد کے مطابق معاملہ حادثاتی معلوم ہوتا ہے۔دریں اثناء اس افسوسناک  واقعے کے بعد شہر میں کھلے اور غیر محفوظ نالوں کے مسئلے پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد علاقوں میں نالوں کے اطراف حفاظتی دیواریں یا جالیاں موجود نہیں ہیں جس کے باعث بچوں اور بزرگوں کو مسلسل خطرات لاحق رہتے ہیں۔ شہریوں نے میونسپل انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نالوں کے اطراف فوری حفاظتی انتظامات کئے جائیں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے المناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK