محکمہ طب و صحت عامہ کی جانب سے حکومت ہند اور حکومت مہاراشٹر کے تعاون سے ۲۸؍جون کو قومی پلس پولیو مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
EPAPER
Updated: June 27, 2026, 1:55 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
محکمہ طب و صحت عامہ کی جانب سے حکومت ہند اور حکومت مہاراشٹر کے تعاون سے ۲۸؍جون کو قومی پلس پولیو مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
محکمہ طب و صحت عامہ کی جانب سے حکومت ہند اور حکومت مہاراشٹر کے تعاون سے ۲۸؍جون کو قومی پلس پولیو مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس مہم کے تحت بھیونڈی شہر اور مضافاتی علاقوں میں صفر سے ۵؍ سال کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کیلئے پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، تاکہ ملک کو پولیو سے مکمل طور پر محفوظ رکھنے کے عزم کو برقرار رکھا جا سکے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اتوار ۲۸؍ جون کو شہر بھر میں قائم خصوصی پولیو بوتھوں پر بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی جبکہ ۲۹؍ جون سے ۳؍ جولائی تک طبی عملے کی خصوصی ٹیمیں گھر گھر جا کر ان بچوں کو پولیو ویکسین پلائیں گی جو کسی وجہ سے پولیو بوتھ تک نہیں پہنچ پائیں گے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کی اس اہم حفاظتی مہم سے محروم نہ رہ جائے۔انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مختلف نجی اسپتالوں، نجی کلینکوں، بس اسٹینڈ، ریلوے اسٹیشن ا ور دیگر عوامی مقامات پر پولیو بوتھ قائم کئےگئے ہیں، جہاں والدین اپنے بچوں کو لے جا کر مفت پولیو ویکسین پلا سکتے ہیں۔ محکمہ صحت نے اس مہم کی کامیابی کیلئے وسیع پیمانے پر انتظامات مکمل کر لئے ہیں اور طبی عملے کو خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: این سی پی نے ثنا ملک کے تین طلاق سے متعلق بیان سے لاتعلقی ظاہر کی
میونسپل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہندوستان کو پولیو سے پاک ملک قرار دیا جا چکا ہے، تاہم اس کامیابی کو برقرار رکھنے کیلئے ہر سال قومی پلس پولیو مہمات کا انعقاد انتہائی ضروری ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق۵؍ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانا اس مہلک بیماری کے خاتمے اور مستقبل میں اس کے دوبارہ پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ناگزیر ہے۔میئر نارائن چودھری ، ڈپٹی میئر طارق مومن ، میونسپل کمشنر انمول ساگر اور محکمہ طب و صحت عامہ کے حکام نے تمام والدین اور سرپرستوں سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو قریبی پولیو بوتھ پر لے جا کر پولیو ویکسین ضرور پلوائیں اور قومی پلس پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کریںتاکہ ’پولیو سے پاک ہندوستان‘کا خواب پورا ہوسکے۔