گیس سلنڈر کی قلت اور کیروسین کی عدم دستیابی کی وجہ سے گھریلو بجٹ متاثر، ہوٹل والوں کو بھی مسلسل دشواریوں کا سامنا۔
EPAPER
Updated: April 05, 2026, 10:59 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
گیس سلنڈر کی قلت اور کیروسین کی عدم دستیابی کی وجہ سے گھریلو بجٹ متاثر، ہوٹل والوں کو بھی مسلسل دشواریوں کا سامنا۔
بھیونڈی :شہر میں ایندھن کے بڑھتے بحران نے گھریلو زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ کوئلہ اور لکڑی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور کیروسین کی عدم دستیابی کے باعث خواتین کو روزمرہ کھانا پکانے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گیس سلنڈروں کی قلت کے بعد متبادل ایندھن پر انحصار بڑھا، مگر ان کی بڑھتی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔مقامی بازاروں میں کوئلے اور جلانے کی لکڑی کی مانگ میں اچانک اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ان کی قیمتوں میں ۱۵؍ سے ۲۰؍فیصد تک اضافہ درج کیا گیا ہے۔ موجودہ صورتحال میں پتھر کا کوئلہ تقریباً ۲۵؍ روپے فی کلو، لکڑی کا کوئلہ ۴۰؍ روپے فی کلو اور جلانے کی لکڑی ۱۰؍روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے۔مہنگائی کے اس دباؤ نے متوسط اور غریب طبقے کے لئے مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ایس آئی آر پرشہر ومضافات کی مساجد میں ائمہ نےخطابِ جمعہ میں روشنی ڈالی
وہیںکوئلے اور لکڑی کی بھٹیوں پر کھانا پکانا باورچیوں کے لئے نہایت مشکل ہو گیا ہے اور ان بھٹیوں پر ہر قسم کے کھانے بہتر طریقے سے تیار نہیں کئےجا سکتے۔ اسی وجہ سے کئی ہوٹلوں نے محدود کھانے فراہم کرنا شروع کر دئیے ہیں جس سے گاہکوں میں بھی مایوسی پائی جا رہی ہے۔
اسپیشل چائے غائب
کورونا دور سے تھرماس میں چائے بنا کر رکھنے کا رواج شروع ہوا تھا، تاہم اس کی کوالٹی عموماً عام ہی رہتی ہے۔ چائے کے شوقین افراد کو کڑک یا کم شکر والی چائے اپنی پسند کے مطابق نہیں مل پا رہی ہے۔ گیس کی کمی کے باعث ہوٹل والے گاہکوں کی فرمائش کے مطابق چائے تیار نہیں کر پا رہے ہیں جس کے نتیجے میں ’اسپیشل چائے‘ تقریباً غائب ہو گئی ہے اور سب کو ایک جیسی چائے ہی دستیاب ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’آلودہ پانی کی شکایتوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے‘‘
کیروسین کی قلت
دوسری جانب کیروسین کی قلت نے خواتین کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے راشن کارڈ ہولڈرز کو محدود مقدار میں کیروسین فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم تھانے شہر کے ساتھ ہی بھیونڈی شہر اس سہولت سے محروم ہے، جس کے باعث خواتین میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔خواتین کا کہنا ہے کہ گیس سلنڈر نہ ملنے کی صورت میں کیروسین ہی واحد سہارا تھا مگر اس کی عدم دستیابی نے گھریلو نظام کو درہم برہم کر دیا ہے۔ شہری علاقوں میں لکڑی کے چولہے کا استعمال بھی ممکن نہیں، جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بھیونڈی کو بھی کیروسین کی فراہمی میں شامل کیا جائے اور ایندھن کے بحران پر قابو پانے کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عام لوگوں کو راحت مل سکے۔