محکمہ تعلیم کی کارروائی،۱۷ ؍اسکولوں کی یو-ڈائس اور سرل پورٹل سے منسوخی کے لئے ضلع پریشد کو تجویز۔
EPAPER
Updated: July 25, 2026, 1:50 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
محکمہ تعلیم کی کارروائی،۱۷ ؍اسکولوں کی یو-ڈائس اور سرل پورٹل سے منسوخی کے لئے ضلع پریشد کو تجویز۔
میونسپلکارپوریشن نے شہر میں غیر منظور شدہ اسکولوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے ۵؍ اسکولوں اور ان کے ذمہ داران کے خلاف شانتی نگر پولیس اسٹیشن میں دفعہ ۲۲۳؍ کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے جبکہ مزید ۱۷؍ اسکولوں کے یو-ڈائس کوڈ اور سرل پورٹل سے اندراج منسوخ کرنے کیلئے ضلع پریشد، تھانے کو تجویز بھی بھیج دی گئی ہے۔
شانتی نگر پولیس اسٹیشن میںمحکمہ تعلیم کے انتظامی افسر سوداگر شیکھرے کی شکایت کے مطابق ۸؍مئی ۲۰۲۴ء سے ۳۰؍ اپریل ۲۰۲۶ء تک متعدد سرکاری نوٹس اور انتباہ جاری کئے گئے مگر اسکولوں نے ان پر عمل نہیں کیا، تدریسی سرگرمیاں جاری رکھیں اور بغیر منظوری داخلے بھی جاری رکھے۔ محکمۂ تعلیم نے اسے سرکاری احکامات کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی عمل میں لائی۔جن اسکولوں کے خلاف مقدمہ درج ہوا ہے ان میں جویریہ اردو پرائمری اسکول (غیبی نگر)، قیصر بیگم انگلش اسکول (ناءیگاؤں)، وکٹوریا انگلش پرائمری اسکول (سبھاش نگر)، اسلامیہ انگلش اسکول (فاطمہ نگر) اور محمد مرسلیم (ایم۔ایم) پبلک انگلش پرائمری اسکول (کلیان روڈ) شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں اسکولوں کے ہیڈ ماسٹر، متعلقہ ٹرسٹوں کے صدور، سیکریٹریوں اور دیگر ذمہ داران کو ملزم بنایا گیا ہے، تاہم بعض افراد کی مکمل شناخت تفتیش کے دوران کی جائے گی۔ خبر لکھے جانے تک کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی تھی۔ اس معاملے کی تفتیش شانتی نگر پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر آنند راٹھوڑ کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ممبرا کے نوجوانوں نے جنتر منتر پر پانی اور پنکھے تقسیم کئے
یو-ڈائس کوڈ منسوخ کرنے کی سفارش
میونسپل کارپوریشن کی محکمۂ تعلیم نے ضلع پریشد کو ارسال کردہ مکتوب میں ۱۷؍ غیر منظور شدہ اسکولوں کے یو-ڈائس کوڈ منسوخ کرنے کی سفارش کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اداروں کے سرکاری ریکارڈ سے اخراج کے بعد انہیں کسی بھی سرکاری تعلیمی سہولت یا نظام کا حصہ نہیں سمجھا جائے گا۔ محکمۂ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ شہر میں غیر قانونی طور پر چلنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف آئندہ بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔محکمہ تعلیم نے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کا داخلہ صرف سرکاری طور پر منظور شدہ اسکولوں میں کرائیں کیونکہ غیر منظور شدہ اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو مستقبل میں اسناد، اسکالرشپ اور دیگر تعلیمی حقوق کے حصول میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی میں نیٹ پیپر لیک کے خلاف زبردست ترنگا مارچ
یو۔ڈائس پورٹل کیا ہے؟
یو-ڈائس کا مطلب یونیفائیڈ ڈسٹرکٹ انفارمیشن سسٹم فار ایجوکیشن ہے۔ یہ ہندوستان کے اسکولوں کے لئے استعمال ہونے والا ایک ڈیٹا بیس، آن لائن پورٹل اور ایک مخصوص شناختی کوڈ کا نظام ہے۔ وزارتِ تعلیم کے تحت چلنے والا یہ نظام طلبہ کا اندراج، اساتذہ کی تفصیلات اور اسکول کی سہولیات جیسی معلومات کا ریکارڈ رکھتا ہے۔