Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی:آڈیٹوریم کی مرمت میںتاخیر سے رکن پارلیمان برہم

Updated: June 30, 2026, 4:02 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

برسوں سے جاری کام پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ٹھیکہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔

MP And Other Officers Reviewing The Repair Work Of The Auditorium.Photo:INN
آڈیٹوریم کے مرمتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے رکنِ پارلیمان و دیگر افسران۔ تصویر:آئی این این
مینا تائی ٹھاکرے آڈیٹوریم کے مرمتی کاموں میں مسلسل تاخیر پر رکن پارلیمان سریش مہاترے نے شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل حکام کو ہدایت دی ہے کہ اگر متعلقہ ٹھیکیدار کے پاس کام مکمل کرنے کی اہلیت نہیں ہے تو اس کا ٹھیکہ منسوخ کرنے کی کارروائی کی جائے۔ پیر کے روز انہوں نے میئر نارائن چودھری ، میونسپل افسران اور ٹھیکیدار کی موجودگی میں آڈیٹوریم کا دورہ کرکے  مرمتی کاموں کا جائزہ لیا۔
 
 
معائنے کے دوران رکن پارلیمان نے مرمتی کاموں کی انتہائی سست رفتاری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے میونسپل انتظامیہ سے کہا کہ عوامی اہمیت کے اس منصوبے میں مزید تاخیر ناقابلِ قبول ہے اور اگر ٹھیکیدار مقررہ مدت میں کام مکمل کرنے سے قاصر ہے تو اس کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔واضح رہے کہ مینا تائی ٹھاکرے آڈیٹوریم سال ۲۰۱۷ءسے خستہ حالی کے باعث بند پڑا ہے۔ اس کی مرمت کیلئے سابق وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی جانب سے ۱۵؍کروڑ روپے کے فنڈ کی منظوری دی گئی تھی، تاہم فنڈز کی عدم دستیابی اور دیگر انتظامی وجوہات کے باعث یہ منصوبہ کئی برسوں تک تعطل کا شکار رہا۔
میونسپل ذرائع کے مطابق، مرمتی کام کا ٹھیکہ رام دیو انٹرپرائزز کو ۲۲؍فروری ۲۰۲۳ءکو دیا گیا تھا اور کام مکمل کرنے کی آخری تاریخ ۲۱؍اکتوبر ۲۰۲۳ء مقرر کی گئی تھی لیکن مقررہ مدت میں کام مکمل نہ ہونے کے باعث ٹھیکیدار کو متعدد مرتبہ توسیع دی گئی۔ اب تک منصوبے کے لیے منظور شدہ فنڈ کا نصف سے زائد حصہ میونسپل کارپوریشن کو موصول ہو چکا ہے جبکہ ٹھیکیدار کو تقریباً ۲۰؍فیصد ادائیگی بھی کی جا چکی ہے، اس کے باوجود کام کی رفتار انتہائی سست ہے۔
 
 
اس موقع پر میئر نارائن چودھری نے بھی مرمتی کاموں کی پیش رفت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً ۳؍ ماہ قبل انہوں نے بھی اس منصوبے کا جائزہ لیا تھا، مگر اس عرصے میں کام میں کوئی قابلِ ذکر پیش رفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے متعلقہ حکام اور ٹھیکیدار کو کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK